Book Name:Khatm e Daur e Risalat Pe Lakhon Salam
سب انبیا کے ہو تمہیں سردار لاَجَرم تم سا نہیں ہے دوسرا، اے آخری نبی
دے دے شفاعت کی مجھے خیرات خیر سے روزِ قیامت بخشوا، اے آخری نبی
*-*-*
محمد مصطفےٰ سب سے آخری نبی! احمد مجتبیٰ سب سے آخری نبی!
آمنہ کا لاڈلہ سب سے آخری نبی! شاہِ ہر دوسرا سب سے آخری نبی!
تاجدارِ انبیا سب سے آخری نبی! ہیں حبیب کبریا سب سے آخری نبی!
ہیں شفیع الورا سب سے آخری نبی! عاصیوں کا آسرا سب سے آخری نبی!
اعتقادِ فاطمہ سب سے آخری نبی! ہے یقین عائشہ سب سے آخری نبی!
عقیدہ سب صحابہ کا ! سب سے آخری نبی! عقیدہ اَہْلِ بیت کا ! سب سے آخری نبی!
عقیدہ غوث پاک کا! سب سے آخری نبی! اَوْلیا نے بھی کہا! سب سے آخری نبی!
شیخ و شاب نے کہا سب سے آخری نبی! بچہ بچہ بول اُٹھا سب سے آخری نبی!
ہے عقیدۂ رضا سب سے آخری نبی! نعرہ ہے عطّؔار کا سب سے آخری نبی! ([1])
لوحِ مَحْفُوْظ اور عقیدۂ ختمِ نبوت
حدیثِ پاک کی مشہور کتاب مُسلم شریف میں ہے: اللہ پاک کے آخری نبی، مُحَمَّدِ عربی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: اللہ پاک نے زمین و آسمان کی پیدائش سے 50 ہزار سال پہلے مخلوق کی تقدیر لکھی۔([2]) روایات میں ہے: اُس وقت لوحِ مَحْفُوْظ پر جو کچھ لکھا گیا، اس میں یہ بھی تھا: اَنَّ مُحَمَّدًا خَاتَمُ النَّبِیٖن بے شک مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سب سے آخری نبی ہیں۔ ([3])
[1] ...وسائلِ فردوس، صفحہ:51-52۔
[2] ...مسلم،کتاب القدر،باب حِجاج آدم و موسیٰ علیہما السَّلام،صفحہ:1023،حدیث:2653۔
[3] ... المواہب اللدنیہ، المقصد الاول...الخ، جلد:1، صفحہ:28۔