نئے لکھاری

رمضان المبارک کی5 منفرد خصوصیات

* سیف اللہ

ماہنامہ اپریل 2022

ہر گھڑی رحمت بھری ہے ہر طرف ہیں برکتیں

ماہِ رَمضاں رحمتوں اور برکتوں کی کان ہے

ہماری خوش قسمتی کہ اللہ پاک نے اپنے آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے ہم کو اپنی رحمتوں ، برکتوں اور نعمتوں سے مالا مال جھومتا ، مسکراتا اپنا پیارا پیارا اور مقدّس مہینا رمضان عطا فرمایا۔ ماہِ رمضان کی تو کیا ہی شان ہے ، اس مقدس مہینے کے ہر ہر لمحے میں اللہ پاک کی رحمتوں کی خوب برسات ہوتی ہے۔

 یوں تو سارے مہینے ہی مقدس اور خوب برکتوں والے ہیں مگر جو خوبیاں اور خصوصیات رمضان کے ساتھ خاص ہیں وہ کسی اور مہینے کے ساتھ نہیں۔ خاص سے مراد وہ بات یا کام ہے جو صرف ایک ہی شے یا چیز میں پایا جائے۔ معزز قارئین آئیے ہم بھی ماہِ رمضان کی چند منفرد خصوصیات ملاحظہ کرتے ہیں :

(1)رمضان میں قراٰن پاک کا نازل ہونا : اللہ پاک نے ماہِ رمضان میں قراٰنِ پاک کے نزول کی ابتدا فرما کر اس کی عظمتوں اور برکتوں کو مزید چار چاند لگا د یئے۔ چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے : ترجَمۂ کنزُالایمان : رمضان کامہینہ ، جس میں قراٰن اتارا۔ (پ 2 ، البقرہ : 185)

(2)لیلۃُ القدر کا رمضان میں ہونا : رمضانُ المبارک میں شبِ قدر بھی اپنی بھرپور برکتوں کے جلوے لٹا رہی ہے۔ چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے : ترجَمۂ کنزُالایمان : بے شک ہم نے اسے شب قدر میں اتارا اور تم نے کیا جانا کیا شب قدر ، شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر۔ (پ30 ، القدر : 1تا 3)

 سُبْحٰنَ اللہ ! اللہ پاک نے شب ِقدر کو اس مہینے میں رکھ کر دوسرے مہینوں کے مقابلے میں اس مہینے کی شان میں مزید اضافہ فرما دیا ۔ جمہور علمائے کرام و مفسّرینِ عظام کے نزدیک شبِ قدر جیسی بابرکت رات ماہِ رمضان کی ستائیسویں شب ہے۔

(3)کاش سارا سال رمضان ہی ہوتا : اس طرح رمضان ایسا مبارک مہینا ہے جس کی تشریف آوری پر مسلمانوں کے چہرے خوشی سے کِھل اٹھتے ہیں اور جب یہ مہینا رخصت ہوتا ہے تو عشّاق اس کی جدائی کے غم میں خوب اشک بہاتے ہیں۔ اسی لئے تو نبیِّ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : اگر بندوں کو معلوم ہوتا کہ رمضان کیا ہے تو میری اُمّت تمنا کرتی کہ کاش! پورا سال رَمضان ہی ہو۔ (صحیح ابنِ خُزیمہ ، 3 / 190 ، حدیث : 1886)

(4)خصوصی عبادات : ماہِ رمضان کی ایک اور منفرد خصوصیت جو کسی اور مہینے میں نہیں وہ یہ کہ اس مہینے میں کوئی اور فرض روزے نہیں رکھ سکتے سوائے رمضان کے فرض روزوں کے۔ اس کے علاوہ تین ایسی عبادات ہیں جن کی سعادت صرف رمضانُ المبارک میں ہی ملتی ہے وہ یہ ہیں : (۱)تراویح (۲)سنّتِ اعتکاف (۳)شبِ قدر میں عبادات۔

(5)شیطان کا قید ہونا : ماہِ رمضان کی ایک خصوصیت جو اسے دوسرے مہینوں سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ رمضان کے مبارک مہینے میں شیطان مردود کو قید کر دیا جاتا ہے ، جبکہ رمضان کا مبارک مہینا رخصت ہوتے ہی دوبارہ آزاد کر دیا جاتا ہے۔

اللہ پاک ہمیں صحیح معنوں میں رمضانُ المبارک کی قدر کرنے اور اس میں خوب خوب عبادات کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔                                اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النّبیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  درجہ ثانیہ جامعۃ المدینہ فیضان اہل بیت ، دینہ ، جہلم


Share

Articles

Comments


Security Code