ربیع الاول کی عبادات
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

موضوع: ربیع الاول  کی عبادات

حضرت امام زکریا بن محمد بن محمود قزوینی  رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:یہ وہ مبارک مہینا ہے جس میں اللہ پاک نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے وجودِ مسعود کے صدقے دنیا والوں پر بھلائیوں اور سعادتوں کے دروازے کھول دئیے ہیں۔اسی مہینے کی 12 تاریخ کو حضور کی ولادت ہوئی۔([1])

ربیع الاول اسلامی سال کا تیسرا مہینا ہے۔اس ماہ کو ربیع الاول اس لئے کہتے ہیں کہ موسمِ بہار یعنی سردی اور گرمی کے درمیان کے موسم کو ربیع کہتے ہیں۔عرب والے موسمِ بہار کے ابتدائی زمانے کو ربیع الاول کہتے تھے،اس میں کھمبی (Mashroom) اور پھول پیدا ہوتے ہیں۔جو سعادت ربیع الاول کے حصے میں آئی وہ کسی اور مہینے کو نصیب نہ ہوئی۔ اسے کائنات کی سب سے زیادہ عظمت و شان والی ہستی،ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے نسبت ہے،اس ماہ کی 12 تاریخ کو پیر کے دن حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ولادت ہوئی۔یقیناً حضور دنیا میں تشریف نہ لاتے تو کوئی عید،عید ہوتی نہ کوئی شب شبِ برات، بلکہ کون و مکاں کی تمام تر رونق اور شان حضور کے قدموں کی دھول کا صدقہ ہے۔حضور ہر پیر شریف کو روزہ رکھ کر اپنا یومِ ولادت منایا کرتے تھے۔جیسا کہ منقول ہے کہ حضور سے پیر کے روزے کے متعلق پوچھا گیا تو ارشاد فرمایا:اسی دن میری ولادت ہوئی اور اسی دن مجھ پر وحی نازل ہوئی۔([2])12 تاریخ عظمت و شان والی اس لئے ہے کہ اس تاریخ کو کفر و شرک کی ساری اندھیریاں ختم ہو گئیں، ہر طرف روشنی ہی روشنی ہو گئی اور ہر طرف خوشی کا سماں چھا گیا۔یہی وہ  12 تاریخ ہے جو عاشقانِ رسول کے لئے عیدوں کی بھی عید اور  شبِ قدر سے بھی افضل ہے۔جیسا کہ حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی  رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:بے شک حضور کی ولادت کی رات شبِ قدر سے بھی افضل ہے۔([3])

ربیع الاول کیسے گزاریں؟شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے خصوصی اہتمام کے ساتھ ربیع الاول کے پورے مہینے کو ہی نیک اعمال میں گزاریئے،اس ماہِ مقدس میں فرض کے ساتھ ساتھ نفل نمازوں کا بھی اہتمام کیجئے۔کثرت سے تلاوتِ قرآنِ کیجئے،خوب خوب صدقہ و خیرات کیجئے، اس پورے مہینے بلکہ ہمیشہ ہی ہمیں حضور کا خوب ذکرِ خیر کرنا چاہیے کیونکہ مَنْ اَحَبَّ شَیْئًا اَکْثَرَ مِنْ ذِکْرِہٖ یعنی جو کسی سے محبت کرتا ہے اس کا کثرت سے ذکر کرتا ہے۔([4])

حضور کے ذکرِ خیر اور آپ سے محبت کے اظہار کا بہترین ذریعہ درودِ پاک پڑھنا ہے کہ اس کی برکت سے پیارےآقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی شفاعت نصیب ہو گی۔اس بابرکت مہینے کے ہر لمحے کو خوب خوب نیکیاں کرتے ہوئے گزارئیے تاکہ ہم پر بھی خوب رحمتوں کا نزول ہو۔ربیع الاول میں محفلِ میلاد منانا اور ذکر و درود کی محفلیں سجانا ہمارے معمولات میں شامل ہونا چاہئیں۔

ربیع الاول کے نوافل

1- جب ربیع الاول کا چاند نظر آئے تو اس رات دو دو رکعت کر کے سولہ رکعت نفل پڑھئے۔ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد سورۂ اخلاص تین تین بار پڑھئے۔جب سولہ رکعت پڑھ لیں تو یہ درود شریف ایک ہزار مرتبہ پڑھئے: اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ رَحْمَۃُ اللہ وَ بَرَکَاتُہُ ۔بارہ دن تک یہ عمل کر لیں تو حضور کی خواب میں زیارت ہوگی، مگر عشا کی نماز کے بعد اس کوپڑھنا ہے اور با وضو سونا ہے۔([5])

2-ربیع الاول کی پہلی رات نمازِ مغرب کے بعد دو رکعت نفل اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد  3 بار سورۂ اخلاص کی تلاوت کیجئے اور سلام کے بعد  100مرتبہ یہ درودِ پاک پڑھئے: اللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ وَّبَارِكْ وسلم بِرَحْمَتِكَ یَا أَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ۔([6])

3-ربیع الاول کی پہلی رات اور پہلے دن 4 رکعت نماز اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص 7 بار پڑھئے۔اس نماز کا فائدہ بہت ہے۔([7])

4 ـ ربیع الاول کی تیسری تاریخ کو 4 رکعت نماز نفل اس طرح پڑھئے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ آیۃ الکرسی، سورۂ طٰہٰ اور سورۂ یٰسٓ کی تلاوت کیجئے اور اس کا ثواب نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں پیش کیجئے۔ ([8])

12-5تاریخ کو حضور کی روحِ پاک کو ہدیہ پہنچانے کی نیت سے  20رکعت نفل پڑھئے اور ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 21 مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھئے ان شاء اللہ الکریم اس نماز کے پڑھنے والے کو حضور کی زیارت نصیب ہوگی۔ایک شخص یہ نماز پڑھتا تھا،اسے خواب میں حضور کی زیارت نصیب ہوئی۔ حضور فرما رہے تھے کہ ہم تمہیں اپنے ساتھ جنت میں لے کر جائیں گے۔([9])

6-اس مہینے میں صحابہ کرام نے 20 رکعت نماز حضور کے ایصالِ ثواب کے لئے پڑھی ہے جس کی ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد 21 بار سورۂ اخلاص پڑھئے،اس کے بعد 100 مرتبہ درود شریف پڑھئے،اس کا ثواب بہت زیادہ ہے۔([10])

7- اس ماہ کی 21 تاریخ کو دو رکعت پڑھئے،ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ مزمل ایک ایک بار پڑھئے،پھر سلام پھیرتے ہی سجدہ کیجئے جو کچھ اللہ پاک سے مانگیں ملے گا اور یہ دعا حضوریِ دل سے پڑھئے: یَا غَفُوْرُ اِغْفِرْ وَ الْغُفْرُ فِی غُفْرِ غُفْرِکَ یَا غَفُوْرُ۔([11])

وظائف

1- ربیع الاول کی 12، 13 اور 14 رات کو بعد نمازِ عشا یَا بَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعُ  772بارپڑھے،برکتِ رزق کے لئے یہ دعا مجرب ہے۔حُسنِ اتفاق سے 12 ربیع الاول کی شب پیر،یا جمعرات یا جمعہ ہو تو اور افضل ہے۔([12])

2- جو کوئی بارہ ربیع الاول کو یہ کلمات پڑھے پورا سال خوش رہے گا اور یہ بھی منقول ہے کہ وہ بے حساب جنت میں جائے گا۔وہ کلمات یہ ہیں:بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْمِ(7بار)یَا اللہ (7بار) یَا رَحْمٰنُ(7بار)یَا غَفُوْرُ (7بار)یَا رَحِیْمُ(7بار)یَا حَنَّانُ (7بار) یَا مَنَّانُ(7بار)یَا دَ یَّانُ (7 بار) یَا سُبْحَانُ(7بار)۔ ([13])

3- ربیع الاول کی پہلی تاریخ سے 12 تاریخ تک روزانہ بعد نمازِ عشا 1000مرتبہ یہ درود شریف پڑھنا افضل ہے:اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدِ نِ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَ عَلٰی اٰلِہٖ وَ بَارِكْ وَ سَلِّمْیہ درودِ پاک پڑھ کر با وضو سوئے ان شاء اللہ الکریم زیارتِ رسول سے مشرف ہو گا۔([14])

ربیع الاول کے روزے

اس ماہ میں فرض و نفل نمازوں کے ساتھ ساتھ  نفل روزوں کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔کیونکہ جو کوئی 5، 16 اور 26 ربیع الاول کا روزہ رکھے اس کا بہت زیادہ ثواب ہے۔([15]) اور جو کوئی اس مہینے کی 12 تاریخ کو روزہ رکھے تو اسے  1000برس کی عبادت کا ثواب ملے گا ۔ ([16]) اللہ پاک ہمیں بھی اس مہینے کی برکتیں لوٹنے کی سعادت نصیب فرمائے اور اس ماہ کو خوب خوب عبادتوں میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* شعبہ ذمہ دار ماہنامہ خواتین



[1] عجائب المخلوقات،ص68ملتقطاً

[2]  مسلم ، ص455،حدیث:2750

[3] ما ثبت من السنۃ، ص100

[4] جامع صغیر، ص 507، حدیث :8312

[5] رکن دین،1/164

[6] لطائف اشرفی،2/231

[7] مرقع کلیمی،ص198

[8] جواہر خمسہ،ص21

[9] جواہر خمسہ،ص21

[10] مرقع کلیمی، ص 198

[11] جواہر خمسہ،ص21

[12] بارہ مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 37

[13] جواہر خمسہ مترجم،ص100

[14] بارہ مہینوں کے فضائل و مسائل، ص 37

[15] مرقع کلیمی،ص 198

[16] اسلامی مہینوں کے فضائل،ص68


Share