موضوع:کفایت شعاری
کفایت کا مطلب ہے کافی ہونا اور شعار کا معنی ہے طریقہ، یعنی ایسا طریقہ و انداز اختیار کرنا جو ضرورتوں کو کافی ہو یا پھر غیر ضروری اخراجات سے پرہیز کرنا کفایت شعاری ہے۔ کیونکہ ضرورت سے زیادہ خرچ اسراف اور کم خرچ بخل کہلاتا ہے،جبکہ ان دونوں حالتوں کے درمیان رہتے ہوئے جب جہاں اور جتنا خرچ کرنا ضروری ہو اتنا خرچ کرنا کفایت شعاری کہلاتا ہے۔قرآنِ پاک میں اللہ کریم نے اپنے نیک بندوں کی ایک صفت یہ بھی بیان فرمائی ہے:
وَ الَّذِیْنَ اِذَاۤ اَنْفَقُوْا لَمْ یُسْرِفُوْا وَ لَمْ یَقْتُرُوْا وَ كَانَ بَیْنَ ذٰلِكَ قَوَامًا(۶۷) (پ19،الفرقان:67)
ترجمہ: اور وہ لوگ کہ جب خرچ کرتے ہیں تو نہ حد سے بڑھتے ہیں اور نہ تنگی کرتے ہیں اور ان دونوں کے درمیان اعتدال سے رہتے ہیں۔
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
پُرسکون اور مطمئن زندگی گزارنے کے لیے کفایت شعاری بہت ضروری ہے،گھر ہو،تنظیم یا ادارہ ہو یا پھر کوئی ملک اگر اس کی معیشت میں کفایت شعاری نہ ہو تو بےسکونی اور بربادی اس کا مقدر ہوتی ہے۔دورِ حاضر میں کفایت شعاری بہت کم رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ہر ایک پریشان ہے اور گویا یہ کہتا نظر آرہا ہے کہ گزارا نہیں ہوتا، حالانکہ اگر دیکھا جائے تو بنیادی ضروریات سب کی پوری ہو رہی ہیں، ہاں خواہشات کی دنیا بہت وسیع ہے۔دنیا میں کسی بھی انسان کی ہر خواہش پوری نہیں ہوتی۔مشہور کہاوت ہے کہ ضرورت تو فقیر کی بھی پوری ہوجاتی ہے لیکن خواہش بادشاہ کی بھی پوری نہیں ہوتی۔ بلکہ بزرگوں کا کہنا ہے کہ تین لوگوں کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوتیں:(1)بچہ(2)عورت اور(3)بادشاہ۔
ہم بادشاہ تو نہیں لیکن ہمارے بچے ہیں اور ہم خود بھی عورتیں ہیں۔گھر کا نظام سنبھالنا،بچے پالنا اور ان کی ضروریات پوری کرنا اکثر عورتوں کے ذمہ ہوتا ہے،اپنی لامحدود خواہشات کا اندازہ ہم خود کر سکتی ہیں۔سمجھ دار ہے وہ عورت جو اپنے مرد کی کمائی کے حساب سے اپنے گھر کی ضروریات اچھے طریقے سے پوری کرنے میں کامیاب ہو جائے اور ضرورت پڑنے پر معاشی طور پر بھی کچھ نہ کچھ اس کی مدد گار بنے۔اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلّم کا ارشاد ہے:خرچ میں میانہ روی آدھی زندگی ہے۔([1]) کیونکہ خوش حالی کا دار و مدار دو چیزوں پر ہے:کمانا،خرچ کرنا مگر ان دونوں میں خرچ کرنا بہت ہی کمال ہے،کمانا سب جانتے ہیں خرچ کرنا کوئی کوئی جانتا ہے،جسے خرچ کرنے کا سلیقہ آگیا وہ ان شاء اللہ ہمیشہ خوش رہے گا۔([2])
یہ جاننا ایک خوبی ہے کہ آمدنی کو کب کیسے اور کہاں خرچ کرنا ہے؟اس خوبی کی مالک خواتین اکثر خوشحال ہوتی ہیں جو دوسروں پر کبھی بوجھ نہیں بنتیں،بلکہ کم آمدنی میں بھی اچھے طریقے سے گزارا کر لیتی ہیں اور کسی سے قرض بھی نہیں لیتیں،جبکہ اس کے برعکس شاہ خرچ اور بغیر سوچے سمجھے خرچ کرنے والیاں کثیر آمدنی کے باوجود بھی اکثر پریشان رہتیں اور گھر چلانے کے لیے قرض کا سہارا لیتی نظر آتی ہیں۔حالانکہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلّم کا ارشاد پاک ہے:جس نے میانہ روی اختیار کی کبھی محتاج نہیں ہوگا۔ ([3])ایک اور روایت کے مطابق اللہ پاک اس کو غنی کر دے گا۔([4]) چنانچہ کفایت شعاری کی اسی اہمیت کی وجہ سے امامِ اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: اپنے پاس موجود مال میں حُسنِ تدبیر(یعنی کفایت شعاری ) سے کام لینا اور لوگوں سے بےنیاز ہو جانا۔ ([5])
خواتین اگر کفایت شعار بن جائیں تو گھروں سے بےسکونی ختم ہوجائے اور ہر گھر امن و خوشحالی کا گہوارہ بن جائے۔مگر افسوس!آج کے دور میں نمود و نمائش بےجا فیشن کے نام پر اخراجات بڑھ ہو گئے ہیں،کیونکہ بعض خواتین کہتی ہیں کہ جو جوڑا فلاں تقریب میں پہنا تھا وہ دوبارہ نہیں پہننا،لوگ کیا کہیں گے!یعنی ہر تقریب میں نیا جوڑا،سینڈل اور جیولری پھر اس پر بیوٹی پارلر میں سجنا بہت ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔ حالانکہ پہلے زمانے میں تو دلہنیں بھی گھر پر ہی تیار ہوتی تھیں جبکہ آج عام خواتین جو دلہن ہوتی ہیں نہ دلہن کی بہنیں،وہ بھی پارلر سے تیار ہونا ضروری سمجھتی ہیں اور بعد میں شکایات کرتی دکھائی دیتی ہیں کہ ہاتھ بہت تنگ ہے۔
خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی فضول خرچی اور دکھاوے کو چھوڑ دیں،کھانا اتنا ہی پکائیں جتنی حاجت ہو، سادگی اپنائیں اور خواہ مخواہ گھر کی سجاوٹ پر توجہ دیں نہ ہر سال سجاوٹ کی تبدیلی پر زور دیں، بلکہ اپنا یہ ذہن بنا لیں کہ لوگ ہمیں کچھ دے سکتے ہیں نہ ہم سے کسی حال میں خوش ہوسکتے ہیں،اس لیے ان کی پروا چھوڑ دیں اور کفایت شعاری اپنائیں کہ اس میں سکون بھی ہے اور وقت و پیسوں کی بچت بھی۔مشہور مقولہ ہے:عورت کی کفایت شعاری مرد کو بادشاہ بنا دیتی ہے۔
کفایت شعاری کے فوائد:
کفارت شعاری میں برکت اور دلی سکون ہے،یہ شرمندگی،مال حرام کمانے اور بے جا خواہشات سے بچاتی،قرض کی لعنت سے محفوظ رکھتی،زندگی میں توازن برقرار رکھتی اورخرچ کا سلیقہ سکھاتی ہے۔اسی طرح یہ عادت ریاکاری و دکھاوے سے بچاتی، خود پسندی سے نجات دلاتی اور راہِ اعتدال بھی دکھاتی ہے۔
کفایت شعاری کیسے اپنائیں؟
*کفایت شعاری کا ذہن بنانے کے لیے احادیث میں مذكور اس کے فضائل و فوائد پر غور کیجئے،نیز صحابیات طیبات بالخصوص امہات المومنین رضی اللہ عنہن اور خاتونِ جنت رضی اللہ ُعنہا کی سیرت کا مطالعہ کیجئے۔ *گھر کا بجٹ سوچ سمجھ کر بنائیے۔*بازاری کھانے مہنگے اور صحت کے لیے نقصان دہ بھی ہوتے ہیں،لہٰذا گھر میں ہی کھانا پکانے کی عادت ڈالئے۔*سردی گرمی کے کپڑوں کا خیال رکھتے ہوئے ان کو اگلے موسم کے لیے احتیاط سے رکھ دیجئے۔ *بجلی کے استعمال میں بہت زیادہ احتیاط فرمائیے۔*کپڑوں کی سلائی گھر میں خود کرنے کی عادت ڈالیے۔*بچوں کو بھی خرچ میں احتیاط کا ذہن دیجئے،ان کو بھی گھر ہی میں کھانے بنا کر دیجئے،کولڈ ڈرنک،آئس کریم وغیرہ کا استعمال ہے تو بند یا بالکل کم کر دیجئے۔*تھوڑی ہی دور جانا ہو تو پیدل چل کر جائیے کہ صحت بھی اچھی رہے گی اور خرچ بھی بچے گا۔*کچھ نہ کچھ رقم بچانے کی عادت اپنائیے تاکہ کبھی ایمرجنسی یا اچانک مہمانوں کی آمد کی صورت میں خرچ کی جا سکے۔*بہت مہنگے اور برانڈڈ آئٹمز کی جگہ ملکی پراڈکٹس استعمال کیجئے۔
پھل،دیسی گھی،زیتون کا تیل استعمال کریں تاکہ صحت مند رہیں۔بعض لوگ گھر کی سجاوٹ اور اوڑھنے پہننے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور کھانے پینے میں کنجوسی کرتے ہیں۔اگر آپ کفایت شعاری سے چلیں گی تو اچھی غذا کھا سکیں گی اور رب کی عبادت و دینی کاموں کے لیے قوت ملے گی۔نیز حقوق العباد کی ادائیگی اچھی طرح ہو سکے گی۔
یہ موضوع کافی وسیع ہے۔اگر ہر عورت اس پر سوچ بچار کر کے بجٹ کے حساب سے خرچ کا شیڈول بنا کر اس پر عمل کرے گی تو ان شاء اللہ کافی سہولت والی زندگی گزارے گی۔ اللہ پاک ہمیں کنجوسی سے بچائے،بے جا خرچ سے محفوظ رکھے اور اپنی رضا کے کام کرنے کی سعادت نصیب کرے۔
اٰمین بجاہِ خاتمِ النبیین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم
Comments