موضوع: فضول خرچی
(نئی رائٹرز کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ دو مضمون 26ویں تحریری مقابلے سے منتخب کر کے ضروری ترمیم و اضافے کے بعد پیش کئے جا رہے ہیں۔)
فضول خرچی یا اسراف سے مراد ہے کہ جس جگہ شرعاً، عادۃً یا مروۃً خرچ کرنا منع ہو وہاں خرچ کرنا مثلاً فسق و فجور و گناہ والی جگہوں پر خرچ کرنا،اجنبی لوگوں پر اس طرح خرچ کرنا کہ اپنے اہل وعیال کو بےیار و مددگار چھوڑ دینا۔([1])فضول خرچی کی مذمت سے متعلق اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
وَ لَا تُسْرِفُوْا ۚ-اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَ۠(۳۱) (پ 8، الاعراف:31)
ترجمہ:اور حد سے نہ بڑھو بیشک وہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
فضول خرچی کا حکم:
اِسراف و فضول خرچی خلافِ شرع ہو تو حرام اور خلافِ مروت ہو تو مکروہِ تنزیہی ہے۔([2])
آج کل فضول خرچی عام ہے۔انسان کو اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے چاہئیں۔لیکن بعض خواتین بہت زیادہ فضول خرچی کرتی ہیں اور پھر اس بات کا رونا روتی ہیں کہ ہمارے اخراجات پورے نہیں ہوتے،شوہر کی سیلری کم پڑ جاتی ہے، مہینے کے آخر میں تو ہمارا گزارا کرنا مشکل ہو جاتا ہے، حالانکہ جب ان سے پوچھا جائے کہ آپ نے ماہانہ آمدن کو کہاں خرچ کیا؟تو بہت ساری چیزیں ایسی سامنے آتی ہیں جن پر خرچ کرنے کی حاجت نہ ہونے کے باوجود بھاری رقم خرچ کی گئی ہوتی ہے، مثلاً بلاوجہ روم کی ڈیکوریشن اور فرنیچر وغیرہ تبدیل کرنا،ایک چیز بالکل صحیح سلامت ہونے کے باوجود نیا لینا،پیسے نہ ہونے کے باوجود دکھاوے کے لیے شادی کے موقع پر بے جا رقم خرچ کرنا وغیرہ۔اسی طرح بعض خواتین ہر سال صرف شوق کے لیے کثیر رقم خرچ کر کے اپنے گھر کی چیزیں تبدیل کرتی ہیں، حالانکہ نہ اس کی کوئی ضرورت ہوتی ہے اور نہ وہ چیز خراب ہوئی ہوتی ہے۔یونہی جب بات آئے خریداری کی تو ایک سوٹ 2000 میں مل سکتا ہے لیکن برانڈڈ لینے کے چکر میں وہی سوٹ 10 ہزار میں بھی لے لیتی ہیں۔
بعض بدمذہب اور بےدین لوگ بھلائی کے کاموں میں خرچ کرنے کو بھی فضول خرچی قرار دیتے ہیں،مثلاً جشنِ میلاد النبی کے موقع پر چراغاں ہو یا قربانی کے لیے مہنگا جانور خریدنا اور دلیل یہ دیتے ہیں کہ یہ سب فضول خرچی ہے،اتنا پیسہ کسی غریب کو دے دو،کسی بیوہ کی مدد کردو یا کسی غریب بچی کی شادی کر دو،حالانکہ یہی لوگ جب اپنے گھروں میں ہونے والی شادیوں کے موقع پر لاکھوں کی لائٹنگ کرتے ہیں،بےجا نا جائز رسومات پر بھاری رقم خرچ کرتے ہیں لیکن ان کے نزدیک وہ فضول خرچی نہیں کہلاتی،اس وقت کوئی غریب و یتیم بچیوں کی شادی یاد نہیں آتی۔یہ کیسا انصاف ہے!اور یہ کیسی زبردستی کی ہمدردی!
ایسے لوگوں کو یہ قاعدہ یاد رکھنا چاہیے کہ لَا خَیْرَ فِی الْاِسْرَاف وَ لَا اِسْرَافَ فِی الْخَیْر یعنی اسراف میں کوئی بھلائی نہیں اور بھلائی کے کاموں میں کوئی اسراف نہیں۔([3]) بات یہی ہے کہ کڑوے لوگوں کو میٹھی باتیں سمجھ نہیں آتیں،جس کے دل و دماغ پر بد مذہبی کا وائرس ہو اس کو یہ پیاری باتیں سمجھ نہیں آتیں۔
اس کے برعکس جن کے دل محبتِ خدا و رسول سے سرشار ہوں اور جن کے سر احکاماتِ الٰہیہ کے آگے خم ہوں وہ ان کاموں میں خرچ کرنے کو اپنی سعادت جانتے ہیں۔ وہ لوگ نہ فضول خرچی کرتے ہیں اور نہ کنجوسی بلکہ خرچ کرنے کی جگہ خرچ کرتے ہیں اور ایسی جگہ جہاں خرچ کرنے کی ضرورت نہ ہو وہاں فضول خرچ کر کے اپنے مال کو برباد نہیں کرتے۔لہٰذا انسان کو چاہیے کہ وہ کفایت شعاری اپنائے کہ کفایت شعاری خوشحال زندگی گزارنے کا بہترین ذریعہ اور فضول خرچی بربادی کا پیش خیمہ ہے۔اللہ پاک تمام مسلمانوں کو فضول خرچی سے بچنے اور کفایت شعاری اپنانے کی سعادت نصیب فرمائے۔
اٰمین بجاہِ خاتمِ النبیین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم
قرآنِ کریم اور احادیثِ طیبہ میں فضول خرچی کی سخت ممانعت اور مذمت بیان کی گئی ہے۔نیز اس کے سبب معاشرے میں ظاہر ہونے والے بھیانک اثرات اور برے نتائج کو بھی بیان کیا گیا۔دینِ اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جو ہر شعبے میں سادگی ومیانہ روی کو پسند کرتا ہے اور فضول خرچی و عیش و عشرت سے منع کرتا ہے۔
قرآنِ پاک میں فضول خرچی کے لیے اسراف اور تبذیر کے الفاظ استعمال فرمائے گئے ہیں۔
اسراف اور تبذیر میں فرق:
ایک قول کے مطابق اسراف اور تبذیر دونوں ایک ہی معنی میں ہیں یعنی ناحق خرچ کرنا،جبکہ دوسرے قول کے مطابق تبذیر خاص گناہوں میں مال برباد کرنے کا نام ہے اور اسراف کے لغوی معنی ہیں:بےموقع و بےجا خرچ کرنا اور خرچ کرنے میں حد سے گزر جانا۔
فضول خرچی کا حکم:
اسراف اگر خلافِ شرع ہو تو حرام ہے اور اگر خلافِ مروت ہو تو مکروہِ تنزیہی۔([4])
اللہ پاک نے اسراف سے منع فرمایا ہے اور ایسوں سے اپنی ناراضی کا اظہار فرمایا ہے،چنانچہ ارشاد فرمایا:
وَ لَا تُسْرِفُوْاؕ-اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْرِفِیْنَۙ(۱۴۱) (پ 8، الانعام: 141)
ترجمہ:اور فضول خرچی نہ کرو بیشک وہ فضول خرچی کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔
(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم نے بھی اسراف و فضول خرچی کی سخت ممانعت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:ہر اس چیز کو کھا لینا جس کا دل کرے یہ اسراف ہے۔ ([5])
وضو جیسے ثواب کے کام میں بھی اسراف کرنے سے منع فرمایا،چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم حضرت سعد رضی اللہ عنہ کے پاس سے گزرے،وہ وضو کر رہے تھے تو ارشاد فرمایا:اے سعد! یہ اسراف کیسا؟عرض کی:کیا وضو میں بھی اسراف ہے؟ فرمایا: ہاں! اگرچہ تم بہتی نہر پر ہو۔([6])
اگر کوئی شخص اپنا سارا مال اس کے مصرف میں خرچ کر دے تو وہ فضول خرچی کرنے والا نہیں کہلائے گا لیکن اگر کوئی ایک درہم بھی ناجائز کام میں خرچ کرتا ہے تو وہ فضول خرچی کرنے والا ہی ہوگا۔
فضول خرچی کرنے والے کو شیطان کا بھائی کہا گیا ہے، کیونکہ وہ شیطان کے راستے پر چلتا ہے۔اللہ پاک نے اس کو مال دیا کہ وہ اس کی اطاعت والے کاموں میں خرچ کرے اور وہ اس کی بجائے رب کی نافرمانی والے کاموں میں خرچ کر کے اس کی ناشکری کرتا ہے۔
اسراف کے اسباب:
بسا اوقات انسان اپنی لاعلمی وجہالت کی وجہ سے اسراف جیسا حرام کام کر گزرتا ہے اور کبھی غرور و تکبر اور فخر کے باعث یہ کام کرتا ہے،ان اسباب پر غور کر کے ان کو دور کرنے کی کوشش کی جائے تو اسراف جیسے حرام کام سے بچا جا سکتا ہے۔اللہ پاک ہمیں فضول خرچی کی عادت سے بچائے اور دین و دنیا کے تمام معاملات میں میانہ روی اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

Comments