جادو اور اس کی اقسام(قسط 6)
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع: جادو اور اس کی اقسام(قسط 6)

موجودہ دور میں جادو مختلف چیزوں پر اور مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ان میں سے چند طریقے یہ بھی ہیں:

(1)مٹی کے ذریعے:

یہ جادو مٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔اس کی 2صورتیں ہیں:(1)سب سے پہلےجادوگر ایک پتلا بناتا ہے اور ایک تصویر کے اوپر جانور کے خون کے ساتھ ایک نقش بنا کر اسے پتلے کے اندر چھپا دیتا ہے اور اس پر عمل کرنا شروع کرتا ہے، پھر وہ مریض کے کچھ ناخن اور بال لے کر خون کے اندر رنگ کر ان کے اوپر عمل کر کے انہیں پتلے کے اندر ڈال دیتا ہے، پھر مریض کی ایک اور تصویر لیتا ہے اور اس کے اوپر بھی خون کے ساتھ نقش بناتا ہے، پھر اس تصویر کو پتلے کے سینے کے اوپر رکھ کر کالی ڈوری کی مدد سے باندھ دیتا ہے اور اس پر عمل کرنا شروع کر دیتا ہے۔اس کے بعد پانچ مختلف اقسام کی خوشبوئیں  لیتا ہے اور ایک ایک خوشبو پتلے کے اوپر لگا کر پڑھتا جاتا ہے، یہ عمل کرنے کے بعد اسٹیل کی کچھ کیلیں لیتا ہے اور ہر کیل کے اوپر پڑھائی کرتا ہے، پھر ان کیلوں کو پتلے کے ساتھ ہی باندھ کر عمل کرنا شروع کر دیتا ہے، اس کے بعد وہ ساری خوشبوئیں  جو پتلے کے اوپر لگائی ہوتی ہے ایک کالے کپڑے کر اوپر چھڑکتا ہے اور اس پتلے کو کپڑے کے اندر لپیٹ کے بند کر دیتا ہے۔پھر ایک تصویر کے اوپر نقش بنا کر ایک دل کے اندر ڈال کر اسے سی دیتا ہے اور پڑھائی شروع کر دیتا ہے۔اس کے بعد چند سویاں لے کر ان کے اوپر پڑھائی کر کے دل کی اندر چبھا لیتا ہے،پھر ایک اور کالا کپڑا لے کر اس میں جانور کا خون لگا دیتا ہے اور اس میں اس دل کو لپیٹ دیتا ہے، پھر اس پر عمل کرنے کے بعد سب کچھ قبرستان میں لے جاتا ہے۔وہاں دو گھڑے کھودتا ہے، ایک میں  وہی پانچ خوشبوئیں لگاتا اور پتلا رکھ کر دفن کر دیتا ہے،اسی طرح دوسرے کے اندر خون اور دل ڈال کر دفن کر دیتا ہے۔اب ایک چھوٹا سا عمل پڑھ کر ایک نقش بنا کر اسے قبر کے پاس والے درخت کے اوپر لٹکا دیتا ہے اور اس درخت کی جڑوں میں تھوڑا سا گڑھا کھودتا ہے،پھر اس کے اندر تھوڑا سا گوشت اور خون کے قطرے ڈال دیتا ہے اور دفن کر دیتا ہے۔جب یہ عمل پورا ہو جاتا ہے تو جنات اس عمل کی حفاظت کرنا شروع کر دیتے ہیں اور اپنے کام پر لگ جاتے ہیں یعنی اس بندے کے پاس چلے جاتے ہیں اور اس کو تھوڑا تھوڑا بیمار کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔ جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے وہ اپنا عمل تیز کرنے لگ جاتے ہیں اور ایک دم مریض کے اوپر اثر ہو جاتا ہے۔ اچانک اسے سمجھ نہیں آتی کہ اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے!جنات اس کے جسم میں داخل ہو کر اس کے خون کے اندر مل جاتے ہیں اور اسے کئی طرح کی بیماریاں لگا دیتے ہیں کہ ڈاکٹروں کو بھی سمجھ نہیں آتی۔اسی طرح وہ مریض بہت لا چار ہو کر اور تڑپ تڑپ کر یا تو مر جاتا ہے یا بستر سے اٹھ نہیں پاتا۔

(2)جس کو نقصان پہنچانا مقصود ہو اس کے گھر یا کمرے کی مٹی یا پاؤں سے مس ہونے والی مٹی یا اس کے بالوں یا استعمال شدہ کپڑوں پر جادوئی منتر وغیرہ پڑھ کر اسے زمین میں دفن کر دیا جاتا  ہے۔

(2)کیلوں کے ذریعے جادو:

جادوگر کِیلوں پر پڑھائی کر کے انہیں زمین میں ٹھوک دیتے ہیں جس سے انسان  مسلسل تکلیف میں مبتلا رہتا ہے۔یاد رہے!کیلیں جادو کا توڑ کرنے کے لئے بھی استعمال ہوتی ہیں اور ان پر کلامِ الٰہی پڑھ کر جادو سے حفاظت یا جنات کی آمد و رفت روکنے کے لئے گھر کے چاروں کونوں میں لگایا جاتا ہے۔

(3)جنات کے ذریعے جادو:

اس کی4 صورتیں ہیں:(1)ہوا میں جنات چھوڑ کر جادو کروایا جاتا ہے۔(2)جنات کے ذریعے مطلوبہ انسان کے گھر میں موجود کسی چیز مثلاً لباس،پردے، چادر، تکیے،گدے وغیرہ میں سوئیاں لگوائی جاتی ہیں۔(3) کفریہ و شرکیہ کلمات والے یا پھر اُلّو یا ہدہد کے خونی تعویذات بنا کر جس کو نقصان پہنچانا مقصود ہو اس کا نام وغیرہ لکھ کر بذریعہ جنات اس کے گھر یا کسی پُرانی قبر میں دبوائے جاتے ہیں یا درخت وغیرہ پر لٹکا دئیے جاتے ہیں۔(4)بسا اوقات کالا بکرا، کالا مرغ،اُلُّو یا ہُدہُد ذبح کر کے اس کے خون پر پڑھائی کی جاتی ہے،پھر جسے نقصان پہنچانا ہوتا ہے جنات کے ذریعے اس خون کے چھینٹے اس کے گھر کی دیواروں یا اس کے لباس وغیرہ پر مارے جاتے ہیں،جس کے بعد اس کی بربادی کے دن شروع ہو جاتے ہیں۔

(4)ہڈی کے ذریعے جادو:

گائے،بھینس،اونٹ،بکرے، بکری، کتے اور سؤر کے شانے کی ثابت ہڈی کالے جادو اور سفلی عمل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے،یہی وجہ ہے کہ قصاب ہمیشہ اس پتلی اور چپٹی ہڈی کو گوشت سے الگ کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں۔بعض بد بخت جادوگر تو مردوں کی ہڈی لینے کے لئے قبریں تک کھود ڈالتے ہیں،بلکہ مردہ پیدا ہونے والے بچے  کے دفن ہونے کے ایک ماہ  بعد قبر سے نکال کر اس کے کولہے کی ہڈی پر بھی جادو  کرتے ہیں۔پھر جادو زدہ ہڈی  کو مطلوبہ شخص کے گھر یا قبرستان میں  رکھوایا جاتا ہے۔

(5)ہانڈی کے ذریعے جادو:

بنگال کا ایک جادو’’ڈھائیا‘‘ہے، یہ جادو انتہائی تیز اثر والا اور خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔اسے ڈھائیا اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ ڈھائی پل یا سیکنڈ، ڈھائی منٹ، ڈھائی گھنٹے اور زیادہ سے زیادہ ڈھائی دن میں اپنا اثر دکھاتا ہے، اس عمل کا سب سے کار آمد ہتھیار ’’ہانڈی‘‘ ہے جو کسی کی جان لینے کے لئے چڑھائی جاتی ہے۔ہانڈی کے اندر عموماً چاقو، چھری،قینچی،اُسترا،سوئیاں اور ایک دیا رکھا جاتا ہے۔اس بارے میں مشہور ہے کہ کالے علم کے زور پر جلایا گیا یہ دیا  اس قدر طاقتور ہوتا ہے کہ اگر کوئی طوفان بھی ہو تو یہ جلتا رہے گا اور اپنی منزل تک پہنچے گا۔

(5)ہوا کے ذریعے جادو:

دیا جلا کر یا ہرمل کی دھونی کی مدد سے ہوا کے ذریعے بھی مخالف  پر جادو کروایا جاتا ہے۔

(6)پانی کے ذریعےجادو:

اس جادو کی بھی 4 صورتیں ہیں: (1) جادوگر مچھلی کے پیٹ کو صاف کر کے اس میں جادوئی چیزیں بھر کر دریا،نہر یا سمندر وغیرہ میں ڈال دیتے ہیں۔ (2)حیض کے خون سے آلودہ کپڑے یا ہڈی وغیرہ پر جادو کر کے اسے دریا نہر وغیرہ میں ڈال دیا جاتا ہے۔(3)کسی کے کاروبار اور رشتوں وغیرہ میں بندش کے لیے تالے پر لاک لگا کر جادوئی پڑھائی کی جاتی ہے،پھر اسے کنویں یا دریا وغیرہ میں ڈال دیا جاتا ہے،جب تک وہ تالا کھلتا نہیں تب تک بندش کا اثر باقی رہتا ہے۔(4)دریا وغیرہ کے کنارے دیا جلا کر یا دریا کے اندر اتر کر بھی پڑھائی کر کے جادو کیا جاتا ہے۔

(7)خوراک  کے ذریعے جادو:

مٹھائی،چینی،گوشت،سبزی وغیرہ پر جادو کر کے مطلوبہ شخص کو کھلایا جاتا ہے۔آج کل کے دور میں فاسٹ فوڈز مثلاً برگر،شوارمے اور پیزا وغیرہ پر بھی جادو کر دیا جاتا ہے۔

(8)جدید آلات کے ذریعےجادو:

آج کل جدید آلات اور جدید  طریقوں کے ذریعے بھی جادو کیا جاتا ہے۔اس کی 3 صورتیں یہ ہیں:(1)موبائل سم پر جادو کر دیا جاتا ہے اور جہاں سگنلز ہوں گے وہاں جادو کا اثر بھی ہوگا یا جادو والا میسج جب تک موبائل میں رہے گا تب تک جادو کا اثر رہے گا۔ (2)سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی جانے والی تصویروں پر بھی جادو کیا جاتا ہے۔جب تک وہ تصاویر مٹائی نہ جائیں تب تک جادو کا اثر رہتا ہے۔ عورتوں کے لیے ویسے بھی یہ جائز نہیں کہ وہ اپنی تصاویر یا جسم کا کوئی بھی حصہ مثلاً ہاتھ پاؤں وغیرہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالیں جسے کوئی نا محرم دیکھے۔

لیکن آج کل عورتوں میں بھی تصاویر بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر ڈالنے کا رجحان عام ہو چکا ہے۔موبائل میں تصویر بنانا اگرچہ جائز ہے لیکن عورتوں کے لیے احتیاط اسی میں ہے کہ وہ اپنے موبائل میں بھی اپنی تصاویر نہ رکھیں اور مَردوں کو بھی چاہیے کہ وہ گھر کی خواتین کی تصویریں موبائل میں نہ رکھیں۔ اگر ہم  اس حکم شرعی پر عمل کریں گی تو ان شاءاللہ جادو سے بھی حفاظت ہوگی۔(3)جدید مشینری مثلاً A.C،گاڑی، U.P.S وغیرہ کا جنات کے ذریعے کنکشن کاٹ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ آئے روز خراب ہوتی رہتی ہیں۔

(9)پڑھائی کی بندش کے لئے جادو:

بچوں کی پڑھائی پر بندش کے لیے کتابوں پر جادو کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بچے کا پڑھنے میں دل نہیں لگتا۔بالفرض ہمت کر کے پڑھنا شروع کر دیں تو کبھی گھبراہٹ و بے چینی ہونے لگتی ہے تو کبھی سر میں درد ہونے لگتا ہے۔

(10)آئینے  کے ذریعے جادو:

آئینے پر جنات مسلط کر دیئے جاتے ہیں یا جادو زدہ پانی کے چھینٹے مارے جاتے ہیں جس کی وجہ سے مطلوبہ شخص جب آئینہ دیکھتا ہے تو بیمار پڑ جاتا ہے۔

(11)جانوروں کے ذریعے:

کبھی کبھی کتے،سانپ یا بلی وغیرہ کی شکل میں بھی جنات کو گھروں میں مسلط کر دیا جاتا ہے۔

(12)ڈرانے کے ذریعے جادو:

جادوگر جادو کے زور پر ڈرا کر بھی لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں،5 مثالیں ملاحظہ کیجئے:(1) گھر میں سائے نظر آتے ہیں۔(2)مختلف آوازیں لگا کر مریض کا نام پکار کر اسے پریشان کیا جاتا ہے۔(3)دروازہ کھٹکھٹا کر یا قدموں کی آہٹ وغیرہ کے ذریعے خوفزدہ کیا جاتا ہے۔ (4)سونے کی حالت میں سینے یا جسم پر بہت وزن محسوس ہوتا ہے۔انسان کسی کو بلانے کی کوشش کرتا ہے مگر بلا نہیں پاتا۔(5)ڈراؤنے خواب آنے لگتے ہیں۔

(13)شادی میں بندش کا جادو:

لڑکی یا لڑکے کی اصل صورت دکھائی نہیں جاتی یا صورت بہت بُری کر کے دکھائی جاتی ہے یا لڑکی کے چہرے پر وقتی طور پر داغ دھبے یا کالے حلقے وغیرہ بنا دیئے جاتے ہیں۔یا ان کے گھر میں عجیب و غریب بدبو پیدا کر دی جاتی ہے جسے صرف آنے والے ہی محسوس کر سکتے ہیں۔

(14)آگ  کے ذریعے جادو:

(1) کالی مرچ یا لونگ وغیرہ پر کچھ پڑھ کر آگ میں جلایا جاتا ہے۔(2)مطلوبہ شخص کے بدن کے جس حصےکو تکلیف پہنچانی ہو تو کسی جانور کے اسی حصے کو لے کر اسے آگ میں ڈال کر چھری سے کانٹا جاتا ہے۔

(15)پڑھائی کے ذریعے جادو:

مطلوبہ شخص کے نام، اس کی اور اس کی والدہ کی تصویر وغیرہ پر پڑھائی کر کے اسے نقصان پہنچایا جاتا ہے۔

جادو ہونے کے حوالے سے عورتوں کی بے احتیاطیاں:

ابھی ہم پڑھ چکی ہے کہ جادو مختلف طریقوں سے اور مختلف چیزوں پر کیا جاتا ہے۔جادو کرنے والا بلا شبہ بہت بُرے کام میں ملوث ہوتا اور اس کے لیے وہ کئی ناجائز ذرائع اپناتا ہے۔ان میں بہت سے ذرائع ایسے ہیں جن سے بچنا انسان کے بس میں نہیں، لیکن کچھ چیزیں ایسی بھی ہیں جن سے بچنا ممکن ہے، لیکن اس حوالے سے احتیاط نہیں کی جاتی بالخصوص عورتیں ایسی بہت سی بے احتیاطیاں کر جاتی ہیں جن کی وجہ سے جادو وغیرہ کے معاملات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔چند بے احتیاطیوں کے متعلق پڑھتی ہیں:

(1)سر کے بالوں کو بے پروائی سے پھینک دینا:

عورتیں اپنے سر کے بال لا پروائی کے ساتھ ڈسٹ بن یا نالیوں وغیرہ میں پھینک دیتی ہیں، حالانکہ شریعت کا حکم ہے کہ عورتیں اپنے سر کے بال ایسی جگہ چھپائیں جہاں کسی نا محرم کی نظر نہ پڑے یا دفن کر دیں۔چنانچہ

 حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: عورتوں کو بھی لازم ہے کہ کنگھا کرنے میں یا سر دھونے میں جو بال نکلیں انھیں کہیں چھپا دیں کہ ان پر اجنبی کی نظر نہ پڑے۔([1])

یونہی آج کل بعض عورتیں اپنے سر کے بال فروخت بھی کرتی ہیں اور گلی محلوں میں عورتوں کے بال خریدنے والے بھی آوازیں لگاتے سنائی دیتے ہیں۔یہ بھی شرعا جائز نہیں۔چنانچہ

دارُ الاِفتا اَہلِ سنت کی ویب سائٹ پر یہ مسئلہ موجود ہے کہ انسانی بالوں(خواہ مرد کے ہوں یا عورت کے،بہر صورت ان )کی خریدو فروخت کرنا، ناجائز و حرام اور گناہ ہے اور ان سے کسی قسم کا فائدہ اٹھانا جیسے کئی لوگ ان سے وِگیں تیار کرتے ہیں وغیرہ، تو یہ بھی حرام اور گناہ ہے۔پھر عورت کے بال تو سَتْر میں بھی داخل ہیں،جدا ہونے کے بعد بھی انہیں غیر مَحْرم کو دکھانا اور غیر محرم کا انہیں دیکھنا، جائز نہیں،لہٰذا اس وجہ سے بالخصوص عورت کے بال بیچنے کی حُرمت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ ([2])

انسان کا ہر عضو قابلِ احترام ہے، ان میں سے کسی عضو کی خرید و فروخت جائز نہیں۔دنیا کے معمولی مال کے بدلے آخرت کا وبال سر پہ اٹھایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی امکان ہے کہ ان بالوں پر جادو وغیرہ کیا جائے۔اگر عورتیں اس حوالے سے حکمِ شرعی پر عمل کریں تو انہیں اخروی ثواب کے ساتھ ساتھ دنیاوی فوائد بھی حاصل ہوں گے جن میں سے ایک جادو سے حفاظت بھی ہے، کیونکہ جادو بالوں پر بھی کیا جاتا ہے۔ پیارے آقا صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم کے موئے مبارک پر جادو کیا گیا تھا جس کا ذکر ماہنامہ خواتین اپریل 2024 کے صفحہ نمبر10 پر ہو چکا ہے۔

(2)حیض کے استعمال شدہ کپڑے کو دفن نہ کرنا:

اسی طرح بعض عورتیں حیض کے خون والا کپڑا ضائع کرنے کا مناسب انتظام نہیں کرتیں، حالانکہ اس کو بھی شرعاً دفن کرنے کا حکم ہے یا کچھ ایسا انتظام کیا جائے کہ کسی نامحرم کی نظر نہ پڑے۔ چنانچہ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:4 چیزوں کے متعلق حکم یہ ہے کہ دفن کردی جائیں:ناخن، بال، حیض کا کپڑا اور خون۔ ([3])

اس کے علاوہ بھی عورتوں میں ایسی بہت سی بےاحتیاطیاں پائی جاتی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جادو ہونے کے زیادہ مسائل بھی عورتوں میں ہی پائے جاتے ہیں۔

جادو کی علامات:

جس پر جادو کیا گیا ہوتاہے اس میں یہ14 علامات پائی جا سکتی ہیں:(1)پورے بدن میں ہر وقت شدید درد رہنا۔(2)سر میں ہر وقت شدید درد رہنا۔(3)پاؤں کے تلووں میں کھجلاہٹ ہونا۔(4)جسم میں سوئیاں سی چبھنا۔ (5)بیماری کے باوجود رپورٹس کلیئر آنا۔(6)خواب میں ڈرنا یا عجیب و غریب ڈراؤنے خواب دیکھنا۔(7)بلاوجہ تھکاوٹ، کاہلی اور سستی پیدا ہونا۔(8)اپنے آس پاس کسی کی موجودگی کا احساس ہونا۔حالانکہ کوئی بھی موجود نہ ہو۔ (9)طبیعت میں چڑچڑا پن پیدا ہونا۔(10)حاملہ عورتوں کا مسلسل تیسرے اور پانچویں مہینے کا حمل گرنا۔(11)الماری میں پڑے کپڑوں پر خون کے چھینٹے پڑنا یا کپڑوں پر کٹ لگنا۔ (12)گھر کے کسی حصے سے تعویذ یا سوئیوں والا پتلا وغیرہ برآمد ہونا۔(13)رشتےداروں اور سہیلیوں کے ساتھ جھگڑے۔(14)نا معلوم خوف محسوس کرنا کہ گھر سے نکلا تو کوئی مار دے گا وغیرہ۔اس کے علاوہ بھی جادو کی علامات ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے!یہ ضروری نہیں کہ ان میں سے کوئی علامت پائی جائے تو سو فیصد یقین کر لیا جائے کہ کسی نے جادو کروا دیا ہے۔بلکہ کسی اور وجہ سے بھی یہ علامات ہو سکتی ہیں۔مثلاً سر میں درد،جسم میں درد یا گھبراہٹ وغیرہ کی وجہ بیماری بھی ہو سکتی ہے۔یونہی خون کے چھینٹے پڑنا،تعویذ، پتلا وغیرہ برآمد ہونا جنات کی شرارت بھی ہو سکتا ہے۔



[1]بہار شریعت، 5/449، حصہ:16

[2] عورت کے سر کے بال بیچنا کیسا؟ فتوی نمبرWAT-370

[3] فتاویٰ ہندیہ، 5/ 358


Share