موضوع: حشر کے دن سایۂ عرش پانے والے (قسط27)
گزشتہ سے پیوستہ:
گزشتہ تین قسطوں میں 59 ایسے افراد کا ذکر ہو چکا ہے جنہیں قیامت کے دن اللہ پاک کے عرش کا سایہ نصیب ہو گا اور وہ افراد یہ ہیں:(1)عادل حكمران(2) جوانی عبادت میں گزارنے(3) مسجدوں سے دل لگانے(4) رضائے الٰہی کے لئے باہم محبت کرنے (5) دعوتِ گناہ سے باز رہنے (6)چھپ کر صدقہ کرنے(7) تنہائی میں رب کو یاد کر کے رونے(8) اپنی قوم کی حفاظت کرنے(9) قرض معاف کرنے (10) قرض دار کو مہلت دینے(11) کسی ناسمجھ کے ساتھ تعاون کرنے(12) مجاہدین کی مدد کرنے(13) مکاتب غلام کی آزادی میں اس کی مدد کرنے(14) مسلمانوں پر نرمی کرنے والے (15) غازی کے سر پر سایہ کرنے والے
(16) بھوکے کو کھانا کھلانے(17) سچا تاجر(18، 19) یتیم یا بیوہ کی کفالت کرنے (20) اچھے اخلاق سے پیش آنے(21) غم کھانے والے(22) بچے کی موت پر صبر کرنے والیاں(23) اپنے یتیم بچوں کی خاطر آگے شادی نہ کرنے والیاں(24) بچے کی موت پر تعزیت و غم خواری کرنے(25) اچھی مہمان نوازی کرنے (26) عادل بادشاہ کو نصیحت کرنے(27) صلہ رحمی کرنے اور (28) یقین رکھنے(29) دشواری میں وضو کرنے(30) اندھیرے میں مسجد کی طرف جانے(31، 32) حق کو قبول کرنے اور سوال پورا کرنے(33) بھوکا رہنے(34) زاہد یعنی دنیا سے منہ موڑنے والے لوگ(35) تلاوت قرآن کرنے(36) راہِ خدا میں کسی کی ملامت سے نہ ڈرنے والے
(37) اپنا ہاتھ حرام کی طرف نہ بڑھانے(38، 39) سود اور رشوت سے بچنے(40) حرام چیزوں کو نہ دیکھنے(41) بدکاری سے بچنے(42) عیادت کرنے(43) وقت پر نماز پڑھنے(44) روزہ رکھنے والے
(45) حضرت مولیٰ علی رضی اللہ عنہ سے محبت رکھنے والے اور (46) سورۃ الانعام کی پہلی تین آیات صبح کی نماز میں تلاوت کرنے والے(47)پریشان حال کی پریشانی دور کرنے(48) سنت کو زندہ کرنے(49) درودِ پاک پڑھنے(50)ذِکْرُ اللہ کرنے(51) نیکی کی دعوت دینے والے(52، 53)پاکیزہ دل اور جرموں سے ہاتھوں کو بچانے والے(54)اللہ پاک کی حُرمتوں کو پامال ہوتا دیکھ کر غضبناک ہو جانے والے(55)اللہ پاک کی محبت کے ساتھ مانوس ہو جانے والے(56) صبح کے وقت استغفار کرنے والے
(57، 58) حسد اور چغلی سے بچنے والے(59)والدین کی اطاعت کرنے والے۔
اس قسط میں بھی مزید ان افراد کا ذکرِخیر ہو گا جو قیامت کے دن سایۂ عرش میں ہوں گے:
شہید:
شہدائے کرام اللہ پاک کے قُرب میں یاقوت کے منبروں پرعرش کے سائے میں ہوں گے کہ جس دن اس کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا۔([1])ایک روایت میں ہے کہ وہ سایۂ عرش کے نیچے گنبدوں اور باغات میں ہوں گے۔([2])
شہیدوں میں بھی جو شہید سب سے افضل ہو گا، اس کے متعلق ایک روایت میں ہے کہ شہید تین طرح کے ہیں:(ان میں سے ایک)وہ مومن مرد ہے جس نے اپنے جان و مال کے ساتھ راہِ خدا میں جہاد کیا یہاں تک کہ جب دشمنوں سے سامنا ہوا تو لڑتے لڑتے شہید ہو گیا۔یہ ایسا قابلِ فخر شہید ہے جو ربِّ کریم کےعرش کے نیچے خیمے میں ہوگا،انبیائے کرام درجۂ نبوت کے سبب ہی اس سے افضل ہوں گے۔ ([3])
بعض روایات میں ہے کہ شہدائے کرام بروزِ قيامت عرش کے گرد اپنی گردنوں میں تلواریں لٹکائے ربِّ کریم کی تعريف بیان کر رہے ہوں گے۔([4])
مسلمانوں کے بچے:
بروزِ قیامت مسلمانوں کے بچوں کو لایا جائے گا تو ان کے سینے اُبھرے ہوئے ہوں گے، جب میدانِ محشر میں ان کا کھڑا رہنا دشوار ہوجائےگا تو وہ چیخنے چلانے لگیں گے،اللہ پاک ارشاد فرمائے گا:اے جبریل!انہیں میرے عرش کے سائے کے نیچے کردو۔توحضرت جبریل انہیں عرش کے سائے میں کردیں گے۔([5])
حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک انصاری صحابی کا بیٹا اکثر ان کے ساتھ ہی رہتا تھا،ایک دن حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنے ان صحابی سے پوچھا:کیا تم اس سے محبت کرتے ہو؟عرض کی:یا نبی اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم!جی ہاں اور اللہ پاک آپ سے ایسی ہی محبت فرمائے جیسی میں اس سے محبت کرتا ہوں۔تو پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:تمہاری اپنے بیٹے سے جومحبت ہے اللہ پاک اس سے بڑھ کرمجھ سے محبت فرماتا ہے۔پھر چند دن ہی گزرے تھے کہ ان کے بیٹے کا انتقال ہو گیا تو حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنے ان صحابی پر کرم فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا: کیا تم اس بات سے راضی نہیں کہ تمہارا بیٹا میرے بیٹے ابراہیم کے ساتھ عرش کے سائے میں کھیلتا ہو؟تو اس نے عرض کی:یا رسولَ اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم! کیوں نہیں!([6])
شراب چھوڑنے والے:
جس نے اللہ پاک کی رضاکی خاطر شراب چھوڑدی،اللہ پاک اس کو قیامت کے دن اپنے عرش کے نیچے جنت کی شراب سے سیراب فرمائے گا۔([7])
اپریل سے لے کر ستمبر کے موجودہ شمارے تک 6 قسطوں میں ان خوش نصیبوں کا تذکرہ ہوا جن کے متعلق مختلف روایات میں وضاحت سے مروی ہے کہ وہ قیامت کے دن سایۂ عرش میں ہوں گے،اس اعتبار سے ان افراد کی کل تعداد اگرچہ 62 بنتی ہے،مگر یہ یقینی نہیں،کیونکہ مارچ کے شمارے میں بھی کئی ایسے خوش نصیبوں کا تذکرہ ہو چکا ہے جن کے متعلق مروی ہے کہ وہ اس دن نور کے منبروں پر یا سونے کے منبروں پر یا سونے کی کرسیوں پر ہوں گے یا مشک کے ٹیلوں پر بیٹھے ہوں گے یا بارگاہِ الٰہی میں حاضر ہوں گے یا اس کا سب سے زیادہ قرب پانے والے اور اس کی حفظ و امان میں رہنے والے ہوں گے۔ تو ان سب سے بھی مراد یہی ہے کہ یہ سب لوگ عرش کے سائے میں ہی ہوں گے۔اس کے علاوہ اللہ پاک کے تمام پیارے بندے بھی سایۂ عرش میںہی ہوں گے، جیسا کہ اللہ پاک کا فرمان ہے:
اِنْطَلِقُوْۤا اِلٰى ظِلٍّ ذِیْ ثَلٰثِ شُعَبٍۙ(۳۰) (پ29، المرسلت: 30)
ترجمہ:اس دھوئیں کے سائے کی طرف چلوجس کی تین شاخیں ہیں۔
اس آیت میں جس دھوئیں کا ذکر ہے اس سے جہنم کا دھواں مراد ہے،یہ دھواں اونچا ہو کر تین شاخوں میں تقسیم ہو جائے گا اور اس کی ایک شاخ کفّار کے سروں پر،ایک ان کی سیدھی طرف اور ایک ان کی الٹی طرف ہو گی،نیز حساب سے فارغ ہونے تک انہیں اسی دھوئیں میں رہنے کا حکم ہوگا جب کہ اللہ پاک کے پیارے بندے اس کے عرش کے سائے میں ہوں گے۔([8])
(الحمد للہ یہ سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا، ان شاء اللہ اگلی قسط میں قیامت کے دن حساب کتاب کا ذکر ہوگا۔)
[1]جامع صغیر ،ص 305، حدیث: 4957
[2]الفوائد الشہیر بالغیلانیات، 1/ 675، حدیث: 920
[3]ابن حبان، 7/ 85، حدیث: 4644
[4] کتاب الجہاد لابن مبارک، ص 83، حدیث: 45
[5] مسند الفردوس، 5/ 461، حدیث: 8759 ملخصاً
[6] مجمع الزوائد ،3/ 94، حدیث: 3996
[7] الروض الفائق،ص386
[8] تفسیر خازن، 4/ 344 ملتقطاً
Comments