موضوع: ایثار
اُمُّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ ُعنہا فرماتی ہیں: میرے پاس ایک مسکین عورت اپنی دو بیٹیوں کو اٹھائے ہوئے آئی۔میں نے اسے تین کھجوریں دیں،اس نے ہر ایک کو ایک ایک کھجور دی،پھر جس کھجور کو وہ خود کھانا چاہتی تھی،اس کے بھی دو ٹکڑے کئے اور وہ ان دونوں کو کھلا دی۔ مجھے بہت تعجب ہوا،لہٰذا میں نے نبیِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگاہ میں اس عورت کے ایثار کا بیان کیا تو آپ نے فرمایا:اللہ پاک نے اس (ایثار)کی وجہ سے اس عورت کے لئے جنت کو واجب کر دیا۔یا (یہ ارشاد فرمایا کہ)اللہ پاک نے اُسے اِس عمل کے سبب جہنم سے آزاد کر دیا۔([1])
دوسروں کی خواہش و حاجت کو اپنی خواہش و حاجت پر ترجیح دینا یعنی دوسروں کے مفاد کو اپنے مفاد پر ترجیح دینا ایثار کہلاتا ہے اور تفسیرِ قرطبی میں ہے: دینی ثواب کے حُصول میں رغبت کے باعث کسی اور کو دُنیاوی چیزوں میں اپنے اوپر ترجیح دینا اِیثار کہلاتا ہے۔([2])ایثار سخاوت کی اعلیٰ صورت ہے۔ سخاوت میں اپنی ضرورت کے علاوہ چیز کو خیرات کیا جاتا ہے جبکہ ایثار ضرورت کی چیز کو بھی خیرات کر دینے کا نام ہےجو کہ نفس پر بہت ہی مشکل ہوتا ہے کیونکہ دل تو یہ چاہتا ہے کہ جس چیز کی ضرورت نہ ہو، وہ بھی کسی کو نہ دی جائے، کہیں ایسا نہ ہو کہ مستقبل میں ضرورت پیش آ جائے،اگرچہ وہ چیز پڑے پڑے خراب ہی ہوجائے۔کسی ضرورت مند کو رقم دینے میں بھی یہی سوچ کر حیلے بہانوں سے کام لیا جاتا ہے کہ اگر بعد میں ضرورت پڑ گئی تو کیا ہو گا۔کچھ خواتین تو اس سے بھی چار ہاتھ آگے ہوتی ہیں کہ دوسروں کی مدد اور ان کے ساتھ خیرخواہی کرنا تو دور کی بات ہے، اپنے مفاد کے لئے دوسروں کے حقوق ضائع کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں جانتیں، حالانکہ یہ سب اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، کیونکہ اسلام تو سخاوت و ایثار کا درس دیتا ہے۔جیسا کہ اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمان ہے:جو کسی چیز کی خواہش رکھے، پھر اپنی خواہش کو روک کر اپنے اُوپر(کسی اور کو) ترجیح دے تو اللہ پاک اُسے بخش دیتا ہے۔([3]) اللہ پاک نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے فرمایا:اے موسیٰ!کوئی شخص ایسا نہیں کہ وہ عمر بھر میں چاہے ایک ہی مرتبہ ایثار کرے اور میں( بروزِ قیامت) اُس سے حساب طلب کرتے ہوئے حیا نہ فرماؤں! اُس کا مقام میری جنت ہے، وہ جہاں بھی چاہے رہے۔([4])چنانچہ،
ہمیں بھی ایثار کا مظاہرہ کرتے رہنا چاہئے، مثلاً *کھانا کھاتے ہوئے کھانے کا اچھا حصہ دوسروں کو دے دیا جائے۔ *بس وغیرہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے اپنی سیٹ کسی اور کو دے دی جائے۔*گرمیوں میں پنکھے اور سردیوں میں ہیٹر کے قریب کی جگہ دوسروں کے لئے چھوڑ دی جائے وغیرہ۔ بالفرض ہمیشہ ایثار کرنا اگر مشکل محسوس ہو تو جتنا ہو سکے تھوڑی سی تکلیف برداشت کر کے وقتی لذت کی قربانی دے کر کچھ نہ کچھ ایثار ضرور کرنا چاہیے۔
یاد رہے!ایثار صرف دنیاوی معاملات میں ہوتا ہے، عبادات میں نہیں، لہٰذا ثواب کمانے کے مواقع دوسروں پر ایثار نہ کیے جائیں اور ایثار صرف رضائے الٰہی کے لئے کیا جائے،جس پر ایثار کیا اس سے کسی بھی قسم کے بدلے کی توقع رکھی جائے نہ اس سے ناراض ہو کر ایثار جیسی نیکی کو چھوڑا جائے۔ اللہ پاک ہمیں اخلاص کے ساتھ ایثار کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم
[1]مسلم،ص1085،حدیث:6694ملتقطاً
[2] تفسیر قرطبی،جزء:18/21
[3] کنز العمال، 8/332، جزء:15، حدیث:43105
[4] احیاء العلوم،3/318

Comments