بد گمانی مت کرو!
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع: بد گمانی مت کرو!

قرآنِ پاک میں ہے:

وَ لَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَكَ بِهٖ عِلْمٌؕ- (پ 15، بنی اسرائیل:36)

ترجمہ:اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں۔

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

علامہ راغب اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:قفا کا معنی سر کا پچھلا حصہ یعنی گُدی ہے اور اس کا معنی کسی کے پیچھے چلنا اور اس کی پیروی کرنا ہے۔([1])

تفسیر:

تفسیرِ نسفی میں ہے:جس چیز کو دیکھا نہیں اس کے بارے میں یہ نہ کہو کہ میں نے دیکھا ہے اور جس کے بارے میں سنا نہیں اس کے بارے میں یہ نہ کہو کہ میں نےسنا ہے۔ایک معنیٰ یہ ہے کہ  جھوٹی گواہی نہ دو۔حضرت عبدُ اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا:اس سے مراد یہ ہے کہ کسی پر وہ الزام نہ لگاؤ جو تم نہ جانتے ہو۔([2]) تفسیر ابنِ کثیر میں ہے:جس بات کا علم نہ ہو اس کے متعلق یہ نہ کہو کہ میں جانتا ہوں۔ کیونکہ اللہ پاک ان تمام چیزوں کے بارے میں تم سے پوچھ گچھ فرمائے گا۔خلاصہ یہ ہے کہ اللہ پاک نے بغیر یقینی علم بلکہ صرف  گمان،وہم اور خیال  کی بنیاد پر کچھ کہنے سے منع فرما دیا ہے جیسا کہ فرمانِ الٰہی ہے:

اِجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ (پ26،الحجرات:12)

ترجمہ:بہت زیادہ گمان کرنے سے بچو بیشک کوئی گمان گناہ ہوجاتا ہے۔ ([3])

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

کسی کے متعلق غلط انداز میں سوچنا یا اس کے متعلق بغیر کسی شرعی ثبوت کے دل میں بدگمانی پال  لینا اور پھر اسی پر بس نہ کرنا بلکہ اپنی بدگمانی کے مطابق اس پر کوئی سخت الزام لگا دینا شریعت میں سخت مذموم ہے اور کئی روایات میں بھی اس کی مذمت بیان کی گئی ہے۔مثلاً ایک روایت میں ہے کہ جو کسی مسلمان پر ایسی چیز کا الزام لگائے جس کے بارے میں وہ خود بھی نہ جانتا ہو تو اللہ پاک اسے(جہنمیوں کے خون اور پیپ جمع ہونے کے مقام) رَدْغَۃُ الْخَبَالْ میں اس وقت تک رکھے گا جب تک وہ  اپنے الزام کے مطابق عذاب نہ پا لے۔([4]) اسی طرح ایک روایت میں ہے:جس نے کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام لگایا تو اللہ پاک جہنم کے پل پر اُسے روک لے گا،یہاں تک کہ اپنے کہنے کے مطابق عذاب پا لے۔([5])

فی زمانہ لوگوں کی حالت ِزار:

افسوس!فی زمانہ جھوٹی گواہی دینا ایک معمولی کام سمجھا جاتا ہے اور الزام لگانا تو اس قدر عام ہے کہ کوئی حد ہی نہیں، جس کا جو دل کرتا ہے وہ دوسروں پر الزام لگا دیتی  اور جگہ جگہ ذلیل کرتی ہے اور ثبوت مانگیں تو یہ دلیل دیتی  ہےکہ میں نے کہیں سُنا تھا یا مجھے کسی نے بتایا تھا یا آپ کی بات کا مطلب ہی یہی تھا۔اب کس نے بتایا؟بتانے والی کتنی معتبر تھی؟ اُس کو کہاں سے پتا چلا؟اُس کے پاس کیا قابلِ قبول ثبوت ہیں؟اُس نے بات کرنے والی کے دل کا حال کیسے جان لیا؟کوئی معلوم نہیں۔بلاشبہ اپنے گمان کے مطابق بعض اوقات کسی کے متعلق کچھ کہہ دینا گویا یوں ہے کہ آپ نے اس کی عزت کی دھجیاں بکھیر دیں،اگر بعد میں معذرت کر بھی لی تو وہ فضول ہوگی،لہٰذا جب تک اپنے گمان کی تصدیق نہ ہو اسے زبان پر نہیں لانا چاہئے۔اس بات کو اس مثال سے سمجھئے کہ ایک گاؤں میں پنچایت لگی ہوئی تھی،معاملہ بھینس چوری کا تھا،گاؤں کے اسکول کے ماسٹر صاحب بھی موجود تھے، اچانک ایک دیہاتی ہانپتا ہوا وہاں آیا اور بلند آواز سے کہنے لگا:ماسٹر جی!وہ بھینس آپ کے باڑے سے مل گئی ہے۔یہ سن کر ماسٹر صاحب نے اپنا سر پکڑ لیا، پنچائیت کے لوگ بھی حیرت زدہ رہ گئے،لیکن ماسٹر صاحب کے سامنے کچھ بولنے کی ہمت نہیں ہوئی، لہٰذا ایک ایک کرکے کِھسَک لئے۔ وہ دیہاتی بھی چلا گیا۔ماسٹر صاحب شرمندگی اور افسوس کے مارے وہیں سکتے کے عالَم میں بیٹھے رہے۔کچھ ہی دیر گزری تھی کہ وہ دیہاتی دوبارہ بھاگتا ہوا آیا اور ماسٹر صاحب کے پاؤں پکڑ کر کہنے لگا:مجھےمعاف کردیں!وہ بھینس آپ کے باڑے سے نہیں بلکہ ساتھ والے باڑے سے ملی ہے۔ماسٹر جی صدمے کی حالت میں اتنا ہی کہہ سکے:اب تم سارے گاؤں میں اعلان بھی کروا دو تو کوئی فائدہ نہیں کیونکہ لوگ اب مجھے چور کے نام سے یاد کیا کریں گے۔

معلوم ہوا!کسی کی غلط انفارمیشن کی بنا پر بغیر تحقیق کے کسی کے متعلق دل میں کوئی بدگمانی پال لینا اور پھر اس کا آگے اظہار کرنا کسی صورت جائز نہیں،کیونکہ امام محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جو بلاتحقیق شُبہ  والی چیزوں میں اظہارِ رائے  کرتا ہے وہ اللہ پاک کے اس ارشادِ پاک کی مخالفت کرنے والا ہے:

وَ لَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَكَ بِهٖ عِلْمٌؕ- (پ 15، بنی اسرائیل:36)

ترجمہ:اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں۔

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

 نیز اس نے رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلمکے اس فر مان”بد گمانی سے بچو کہ بد گمانی بد ترین جھوٹ ہے“([6])  کی بھی مخالفت کی ہے۔امام محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ مزید فرماتے ہیں:اس سے مراد بغیر  دلیل  والے گمان  ہیں جیسے عوام مُشْتَبہ اُمور میں اپنے  دل سے فتویٰ لے کر اپنے گمان  کے مطابق عمل کر لیتے ہیں۔اس معاملے کی نزاکت و عظمت کے پیشِ نظر امیرُ المومنین حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ یوں دعا فرمایا کرتے:اے اللہ پاک! مجھ پر حق کو واضح فرماکر اس کی پیروی کی توفیق عطا فرما اور باطل کو میرے سامنے واضح کرکے اس سے بچنے کی توفیق عطا فرما  اور مجھ پر کسی مُعاملے کو مشتبہ نہ  فر ماکہ میں نفسانی  خواہشات  کی پیروی  میں  لگ جاؤں۔([7])

حضرت علامہ مفتی سید محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:مومنِ صالح کے ساتھ بُرا گمان ممنوع ہے،اسی طرح اس کا کوئی کلام سن کر فاسد معنیٰ مراد لینا باوجود یہ کہ اس کے دوسرے صحیح معنی موجود ہوں اور مسلمان کا حال ان کے موافق ہو،یہ بھی گمانِ بد میں داخل ہے۔سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:گمان دو طرح کا ہے،ایک وہ کہ دل میں آئے اور زبان سے بھی کہہ دیا جائے،یہ اگر مسلمان پر بدی کے ساتھ ہے گناہ ہے،دوسرا یہ کہ دل میں آئے اور زبان سے نہ کہا جائے،یہ اگرچہ گناہ نہیں مگر اس سے بھی دل خالی کرنا ضرور ہے۔مسئلہ:گمان کی کئی قسمیں ہیں،ایک واجب ہے وہ اللہ کے ساتھ اچھا گمان رکھنا،ایک مستحب وہ مومنِ صالح کے ساتھ نیک گمان ایک ممنوع حرام وہ اللہ (پاک)کے ساتھ بُرا گمان کرنا اور مومن کے ساتھ بُرا گمان کرنا ایک جائز وہ فاسقِ مُعْلِن کے ساتھ ایسا گمان کرنا جیسے افعال اس سے ظہور میں آتے ہوں۔([8])اُمُّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسولِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس نے اپنے بھائی کے متعلق بد گمانی کی بے شک اس نے اپنے رب سے بد گمانی کی،اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:

اِجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘- (پ26،الحجرات:12)

ترجمہ:بہت زیادہ گمان کرنے  سے بچو۔ ([9])

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

بدگمانی کا حکم:

امام محمدغزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:(مسلمان سے)بدگمانی بھی اسی طرح حرام ہے جس طرح زبان سے بُرائی کرنا حرام ہے۔لیکن بدگُمانی سے مُراد یہ ہے کہ دل میں کسی کے بارے میں بُرا یقین کرلیا جائے،رہے دل میں پیدا ہونے والے خدشات و وسوسے تو وہ معاف ہیں بلکہ شک بھی معاف ہے۔([10])علامہ عبد ُ الغنی نابلسی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:شک یا وہم کی بنا پر مومنین سے بدگُمانی اِس صورت میں حرام ہے جب اس کا اثر اعضا پر ظاہر ہو یعنی اس کے تقاضے پر عمل کر لیا جائے مثلاًاس بد گُمانی کو زبان سے بیان کر دیا  جائے۔([11])   کیونکہ کسی شحص کے متعلق دل میں بُرا گمان آتے ہی وہ گنہگار نہیں ہوتا،اس لیے کہ اگر اس کو اس صورت میں گنہگار قرار  دے دیا جائے تو یہ بندے پر اس کی طاقت سے بڑھ کر بوجھ ڈالنا ہے اور یہ بات شرعی تقاضے کے خلاف ہے۔([12])

بد گمانی حرام ہونے کی وجہ:

حضرت امام محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:بد گُمانی کے حرام ہونے کی وجہ یہ ہے کہ دل کے رازوں کو صرف اللہ پاک جانتا ہے،لہٰذا تمہارے لئے کسی کے بارے میں بُرا گُمان رکھنا اُس وقت تک جائز نہیں جب تک تم اُس کی بُرائی اس طرح ظاہر نہ دیکھو کہ اس میں تاویل(یعنی بچاؤ کی دلیل) کی گنجائش نہ رہے،پس اُس وقت تمہیں مجبوراً  اُسی چیز کا یقین رکھناپڑے گا جسے تم نے جانا اور دیکھا ہے۔اگر تم نے اُس کی بُرائی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا نہ کانوں سے سنا مگر پھر بھی تمہارے دل میں اس کے بارے میں بُرا گمان پیدا ہو تو یہ بات تمہارے دل میں شیطان نے ڈالی ہے،اس وقت تمہیں چاہئے کہ دل میں آنے والے اُس گُمان کو جھٹلا دو، کیونکہ یہ(بد گمانی) سب سے بڑا فسق ہے۔مزید لکھتے ہیں:یہاں تک کہ اگر کسی شخص کے منہ سے شراب کی بُو آرہی ہو تو اُس کوشرعی حد لگانا جائز نہیں،کیونکہ ہوسکتا ہے کہ اُس نے شراب کا گُھونٹ بھرتے ہی کُلّی کردی ہو یا کسی نے اُسے زبردستی پِلا دی ہو،جب یہ سب شبہات موجود ہیں تو(ثبوتِ شرعی کے بغیر) صرف دلی خیالات کی وجہ سے  اس کی تصدیق کردینا اور اس مسلمان کے متعلق (شرابی ہونے کی) بد گُمانی کرنا جائز نہیں ہے۔([13])

بد گمانی سے بچنے کے طریقے

بد گمانی سے بچنے کے سات طریقے ہیں:

(1)مسلمانوں کی خوبیوں پر نظر رکھئے،کیونکہ خامیوں پر نظر کرنے سے اکثر بد گمانی پیدا ہو سکتی ہے۔

(2)بد گمانی سے توجہ ہٹائیے کہ حضرت مکحول دِمشقی رحمۃ اللہ علیہ فرماتےتھے:جب تم کسی کو روتا دیکھو تو خود بھی روؤ اور اسےریاکار گمان نہ کرو،کیونکہ میں نے ایک بار کسی شخص پر اس  چیز کا گمان کیا تو ایک سال تک رونے سے محروم رہا۔([14])

یا خدا بد گمانی کی عادت تو مٹا دے

مجھے حُسنِ زن کی تو عادی بنا دے

(3)خود نیک بنیے تاکہ دوسرے بھی نیک نظر آئیں۔عربی کہاوت ہے:جب کسی بندے کے کام بُرے ہو جائیں تو گمان بھی بُرے ہو جاتے ہیں۔علامہ عبدُ الرءوف مُناوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:خبیث گمان خبیث دل ہی سے پیدا ہوتا ہے۔([15])

(4)بُری صحبت سے بچیے کہ بُری صحبت بُرا گمان پیدا کرتی ہے۔تفسیر روحُ المعانی میں ہے:بُروں کی صحبت اچھوں سے بد گمانی پیدا کرتی ہے۔([16])

(5)بد گمانی کا خیال آتے ہی خود کو عذابِ الٰہی سے ڈرائیے۔

(6)بد گمانی پیدا ہو تو اللہ پاک سے دعا و استغاثہ کیجیے۔

(7)جس کے لیے بد گمانی ہو تو اس کے لیے دعائے خیر کیجیے۔

مجھے غیبت و چغلی و بد گمانی   کی آفات سے تو بچا یا الٰہی

اللہ پاک ہمیں بد گمانی جیسی بُری صفت سے محفوظ فرمائے اور اچھا گمان قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم




[1] المفردات،ص410،409

[2] تفسیر نسفی،ص 623

[3] تفسیر ابنِ کثیر،5/69

[4] مصنف عبد الرزاق،10/353،حدیث:21069

[5] ابوداود،4/355،حدیث:4883

[6] بخاری،4/313،حدیث:6724

[7] احیاء العلوم،5/134

[8]تفسیر خزائن العرفان،ص950

[9] کنز العمال،الجزء الثالث،2/199،حدیث:7584

[10] احیاء العلوم،3/186ملتقطاً

[11] حدیقہ ندیہ،2/13ملخصاً

[12] بد گمانی،ص18ملخصاً

[13] احیاء العلوم،3/186

[14] تنبیہ المغترین،ص107

[15] فیض القدیر،3/157،تحت الحدیث:2901

[16] تفسیر روح المعانی،جزء:16/612


Share