حق مہر
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع:حق مہر

مرد جو مال عورت کو نکاح کے عوض ادا کرتا ہے، اسے مہر کہتے ہیں۔مہر کا ایسا مال ہونا ضروری ہے جس کی کوئی قیمت ہو اور جو چیز مال نہ ہو وہ مہر نہیں بن سکتی،جیسے تعلیمِ قرآن،نماز اور درودِ پاک وغیرہ۔([1])مہر شرعاً بیوی کا حق ہے جو مرد کے ذمے لازم ہے،چنانچہ دیگر حقوقِ واجبہ کی طرح مہر کو بھی خوش دلی سے ادا کرنا لازم ہے۔ اگر کسی نے نکاح کیا مگر اس کی مہر ادا کرنے کی نیت نہ ہو تو حدیثِ پاک میں ہے کہ ایسا شخص قیامت کے دن بارگاہِ الٰہی میں بدکار شمار ہوگا۔([2]) مہر کا مقصد عورت کا مرد کو اپنے نفس پر قادر بنانا ہوتا ہے نہ یہ کہ مہر کی رقم طلاق سے بچانے کے لیے  ہوتی ہے جیسا کہ آج کل لوگوں کا ذہن بنتا جا رہا  ہے یعنی  عورت کا حق مہر زیادہ رکھا جاتا ہے تاکہ مرد یہ سوچ کر طلاق دینے سے باز رہے کہ اس نے اتنا مال عورت کو دینا ہوگا۔ نیز بعض جاہل مہر زیادہ ہونے میں سمجھتے ہیں کہ یہ سببِ عزت ہے،حالانکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:عورتوں کے مہر میں زیادتی نہ کیا کرو،کیونکہ اگر یہ دنیا میں عزت اور اﷲ کے نزدیک پرہیزگاری ہوتا تو اس کے زیادہ حق دار حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلّم ہوتے۔([3]) مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: اس میں روئے سخن ان لوگوں سے ہے جو زیادتی مہر کو اپنے لیے فخر سمجھتے تھے جیسے آج بھی یوپی،سی پی میں عمومًا مسلمان زیادتیِ مہر پر فخر کرتے ہیں،لاکھ سوا لاکھ کا مہر ہوتا ہے حالانکہ دولہا کی حیثیت دو ہزار کی بھی نہیں ہوتی سوچتے ہیں کہ مہر فقط ایک رسم ہے دیتا کون ہے! ([4])

ادائیگی کے اعتبار سے مہر کی اقسام:

اس کی تین صورتیں ہیں: (1)وہ مہر جس کی ادائیگی فوراً یعنی خلوت سے پہلے مقرر کی گئی ہو،مہرِ مُعَجَّل کہلاتا ہے،اس کی وصولی کے لیے عورت اپنے آپ کو شوہر سے روک سکتی ہے یعنی مطالبہ کر سکتی ہے کہ شوہر خلوت سے پہلے حق مہر ادا کرے اور ایسی صورت میں شوہر کے لیے عورت کو حقِ زوجیت پر مجبور کرنا جائز نہیں۔(2) وہ مہر جس کی کوئی میعاد مقرر کی گئی ہو، اسے مہر ِمُؤَجَّل کہتے ہیں، طےشدہ مدت سے پہلے عورت اس مہر کا مطالبہ نہیں کرسکتی، خواہ میعاد طلاق یا وفات ہی کیوں نہ ہو۔(3)وہ مہر جسے فوراً ادا کیا گیا ہو نہ اس کی ادائیگی کی کوئی مدت مقرر کی گئی ہو اسے مہرِ غیرِ مُؤَجَّل کہتے ہیں،اس میں عُرف کا اعتبار ہوگا،اگر عُرف میں فوری ادا کرنا ہوتا ہو تو فوراً ادا کرنا ہو گا ورنہ بعد میں جب چاہے اور اگر مدت طے نہ ہو تو طلاق یا میاں بیوی میں سے کسی ایک کی وفات کے بعد مہر شوہر کے ذمہ لازم ہو گا۔([5])

مقدار کے اعتبار سے مہر کی اقسام:

اس اعتبار سے مہر کی چار اقسام ہیں: اقل مہر:مہر کی کم از کم مقدار دس درہم یعنی دو تولہ ساڑھے سات ماشے چاندی ہے،اس سے کم مہر شرعاً درست نہیں۔([6]) نیز نکاح کے وقت مہر میں مقررہ رقم یا سامان کا دس درہم کی قیمت کے برابر ہونا ضروری ہے، اگر بعد میں قیمت بڑھ گئی تو اس کا اعتبار نہیں ہوگا اور مہر وقتِ نکاح جو طے ہوا تھا وہی دیا جائے گا،([7]) مثلاً 10درہم یا دو تولہ ساڑھے سات ماشے چاندی کی قیمت 25 جولائی 2024 کے مطابق تقریباً 6311 روپے بنتی ہے مگر ادائیگی کے وقت قیمت زیادہ ہو گئی تو بھی 6311 ہی دیئے جائیں گے بعد میں ہونے والے اضافے کا اعتبار نہ ہوگا۔

مہر مثل:

لڑکی کے خاندان کی وہ لڑکیاں جو مال،جمال،عمر، دین،عقل،زمانہ،شہر،کنواری اور بیوہ یا مُطَلَّقَہ وغیرہ ہونے نہ ہونے میں اس کے برابر ہوں ان کا مہر اس کے لئے مہر مثل کہلاتا ہے،لڑکی کی ماں کا مہر اس کے لئے مہر ِمثل نہیں جبکہ وہ دوسرے گھرانے کی ہو۔([8])  اگر نکاح میں مہر کا ذکر ہی نہ ہوا یا بلا مہر نکاح کیا یا پھر مہر میں ايسی چیز رکھی گئی جو مالِ مُتَقَوِّم نہیں مثلاً تعلیمِ قرآن یا علمِ دین سکھانے کو مہر بنایا گیا تو ان تمام صورتوں میں نکاح ہوجائے گا مگر مہرِ مثل واجب ہوگا۔([9]) کیونکہ عورت کا اصل حق مہرِ مثل ہے،([10]) تاہم فریقین کو باہمی رضا مندی سے کمی یا زیادتی کا بھی اختیار ہوتا ہے۔

مہر ِمسمی:

فریقین باہمی رضامندی سے جو بھی مہر طے کریں اسے مہر ِمسمی کہتے ہیں،بشرطیکہ وہ دس درہم سے کم نہ ہو اور زیادہ کی کوئی حد نہیں۔البتہ!اس معاملے میں لڑکے کی حیثیت کو مدِّ نظر  رکھنا چاہئے یعنی مرد کی حیثیت کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے اتنا مہر مقرر کیا جائے کہ وہ آسانی سے ادا کر سکے۔اتنا بھاری اور زیادہ مہر مقرر نہ کیا جائے کہ پہنچ سے باہر ہو کہ  نبیِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلّم نے ارشاد فرمایا: بڑی برکت والی وہ عورتیں ہیں کہ جن کے مہر آسان ہوں۔([11])البتہ!بہت زیادہ مہر مقرر کرنے کے سبب لڑکی والوں پر کوئی گناہ بھی نہیں۔جیسا کہ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں:حیثیت سے زائد مہر نامناسب ہے، کوئی گناہ نہیں جس پر مواخذہ(پکڑ) ہو۔ ([12])

مہر ِ فاطمی:

مہر کی وہ مقدار جو حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہاکے لیے مقرر فرمائی مہر ِ فاطمی کہلاتی ہے۔یہ مہر 400 مثقال چاندی تھا یعنی 150 تولہ چاندی اور گرام کے حساب سے اس کا وزن تقریباً پونے دو کلو بنتا ہے۔([13]) جبکہ حضور  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے خود جس قدر نکاح فرمائے تو ان میں سے اکثر بیبیوں کا حق مہر 500 درہم تھا۔

مہر کے علاوہ دیگر مطالبات:

اگر کوئی نکاح کے وقت مزید کچھ ایسی شرائط و مطالبات کرے جو نکاح کے بدلے میں ہوں تو یہ جائز نہیں۔اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں:یہ روپے جو(نکاح میں دینے کے بدلے) باندھے گئے ہیں محض رشوت و حرام ہیں،نہ ان کا کھانا جائز،نہ بانٹ لیناجائز،نہ مسجد میں لگانا جائز،بلکہ لازم ہے کہ جس شخص سے لئے ہیں اسے واپس دیں۔ ([14])

مہر معاف کروانا:

دورِ حاضر میں یہ بات عام ہوتی جا رہی ہے کہ پہلی رات ہی مرد حضرات اپنا مہر عورت سےمعاف کروا لیتے ہیں،اگر عورت معاف کر دے تو اسے گھر بسانے والی خیال کرتے ہیں اور اگر نہ کرے تو اس کو گھر نہ بسانے سے تعبیر کرتے ہیں۔یہ درست نہیں،  کیونکہ عورتوں کو اگرچہ یہ اختیار ہے کہ وہ اپنے شوہروں کو مہر کا کوئی جزو ہبہ کریں یا کل مہر مگر مہر بخشوانے کے لیے انہیں مجبور کرنا، ان کے ساتھ بدخلقی کرنا نہ چاہئے، کیونکہ اللہ پاک نے طِبْنَ لَکُمْ فرمایا جس کے معنیٰ ہیں:دل کی خوشی سے معاف کرنا۔([15])یعنی مہر معاف ہونے کے لیے عورت کی رضامندی ضروری ہے،جیسا کہ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:عورت نے اپنا حق مہر معاف کردیا تو یہ ٹھیک ہے،بشرطیکہ اس کی مکمل رضامندی ہو،یہاں تک کہ اگر مجبور ہوکر معاف کیا تو معاف نہ ہوگا۔([16]) نیز جس عورت نے اپنی خوشی سے حق مہر معاف کر دیا تو اب وہ شوہر سے دوبارہ حق مہر کا مطالبہ نہیں کرسکتی۔البتہ!یہ مسئلہ ضرور ذہن نشین رہے کہ اگر حق مہر میں کوئی معین چیز مثلاً زمین یا کوئی اور سامان طے کیا،تو اب مہر معاف کرنے سے معاف نہیں ہوگا کہ عین چیز میں معافی درست نہیں،لہٰذا اس صورت میں عورت کو مطالبہ کا حق باقی رہے گا۔([17])



[1] بہار شریعت،2/65،حصہ:7ماخوذاً

[2] مصنف ابن ابی شیبہ،9/405،حدیث: 17699

[3] ترمذی،2/361،حدیث:1117

[4] مراۃ المناجیح،5/68

[5] فتاویٰ اہلسنت غیر مطبوع، فتوی نمبر WAT-830

[6] بہار شریعت،2/64،حصہ:7ملخصاً

[7] بہار شریعت،2/64،حصہ:7مفہوماً

[8] بہار شریعت،2/71،حصہ:7ملخصاً

[9] بہار شریعت،2/66،65،حصہ:7ملخصاً

[10] بدائع الصنائع،2/605مفہوماً

[11] مستدرک،2 /532،حديث:2786

[12] فتاویٰ رضویہ،12/177

[13] فتاویٰ رضویہ،12/135، 136

[14] فتاویٰ رضویہ،23/538

[15] تفسیر خزائن العرفان،ص153

[16] فتاویٰ ہندیہ،  1/313

[17] فتاویٰ اہلسنت غیر مطبوعہ، فتویٰ نمبر 2311


Share