موضوع:حضور کی اپنی ازواج سے محبت
(نئی رائٹرز کی حوصلہ افزائی کے لئے یہ مضمون 26ویں تحریری مقابلے سے منتخب کر کے ضروری ترمیم و اضافے کے بعد پیش کیا جا رہا ہے)
کعبے کی زیارت کرنے سے حقدار جنت کے بنتے ہیں
بھلا ان کو ہم پھر کیا سمجھیں جو یار گھر میں رہتے ہیں
ایمانِ کامل مسلمان کی زندگی کا سب سے انمول اور قیمتی سرمایہ ہے،جبکہ مومنِ کامل اپنے گھر والوں اور تمام چیزوں سے بڑھ کر نبیِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے محبت کرتا ہے،مگر سعادت کی معراج ان ہستیوں کی ہے جن کو محبوبِ خدا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اپنی صحبت وقربت کے ساتھ ساتھ محبت سے بھی نوازا۔جب عام سی مٹی کسی پھول کی صحبت میں رہتی ہے تو مہکنے لگتی ہے تو جو ہستیاں حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی صحبت سے فیض یاب ہوں وہ کیونکر آپ کے فیضانِ کرم سے محروم ہو سکتی ہیں اور نبیِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا تو اپنی پاک بیبیوں سے ایک خاص تعلق تھا جس کا اظہار حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے کئی بار مختلف مواقع پر بھی فرمایا ہے۔چنانچہ،
حصولِ علمِ دین اور برکت کے لئے اللہ پاک کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اپنی مقدس بیبیوں کے ساتھ محبت بھرے سلوک پر مشتمل چند جھلکیاں ملاحظہ ہوں:
ام المومنین سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے محبتِ رسول
سیدہ خدیجہ رضی اللہ ُعنہا حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بہت ہی پیاری بیوی ہیں۔آپ کی مبارک زندگی میں حضور نے کسی دوسری خاتون سے نکاح نہ فرمایا۔آپ ہی وہ مقدس ہستی ہیں کہ جن کے دنیا سے تشریف لے جانے کے بعد بھی حضور کثرت سے ان کا ذکر فرماتے تھے یہاں تک کہ اُمُّ المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا:رسولِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بیبیوں میں سے کسی پر مجھے اتنا رشک نہ آیا جتنا سیدہ خدیجہ پر آیا، حالانکہ میں نے انہیں دیکھا نہ تھا،لیکن حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ان کا بہت ذکر کرتے تھے۔آپ کئی بار بکری ذبح کرتے تو اس کا کچھ گوشت حضرت خدیجہ رضی اللہ ُعنہا کی سہیلیوں میں بھیج دیتے۔میں کبھی حضور سے کہہ دیتی کہ گویا حضرت خدیجہ رضی اللہ ُعنہا کے سوا دنیا میں کوئی عورت ہی نہ تھی!تو آپ فرماتے:وہ ایسی تھیں،وہ ایسی تھیں اور ان سے میری اولاد ہوئی۔([1]) جبکہ مسلم شریف کی حدیث میں یہ الفاظ موجود ہیں کہ مجھے ان کی محبت عطا کی گئی ہے۔([2])
سَیِّما پہلی ماں کہفِ امن و اماں
حق گزارِ رفاقت پہ لاکھوں سلام
ام المومنین سیدہ زینب بنتِ جحش رضی اللہ عنہاسے محبتِ رسول
حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے دریائے رحمت سے حصہ پانے والی خواتین میں سے ایک سیدہ زینب بنتِ جحش رضی اللہ ُعنہا بھی ہیں۔آپ حضور کی پھوپھی زاد بہن اور پاکیزہ بیوی ہیں۔حضور آپ سے بے حد محبت کا اظہار فرماتے تھے۔ جیسا کہ اُمُّ المومنین حضرت اُمِّ سلمہ رضی اللہ ُعنہا فرماتی ہیں: حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اُمُّ المومنین حضرت زینب بنتِ جحش رضی اللہ ُعنہا کو بہت پسند فرماتے اور کثرت سے آپ کا ذکر فرمایا کرتے تھے۔([3]) نیز سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ ُعنہا ان کے بارے میں فرماتی ہیں:حضور کی بارگاہ میں مقام و مرتبے کے اعتبار سے یہ میرے برابر تھیں۔([4])
اہلِ اسلام کی مادرانِ شفیق
بانُوانِ طہارت پہ لاکھوں سلام
ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاسے محبتِ رسول
حبیبۂ حبیبِ خدا سیدہ عائشہ رضی اللہ ُعنہا کے فضائل و مناقب بارش کے قطروں کی طرح بے شمار ہیں۔آپ اللہ پاک کے آخری و پیارے نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی محبوب ترین بیوی صاحبہ ہیں۔ایک موقع پر حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ ُعنہا سے فرمایا:اے میری بیٹی!کیا تم اس سے محبت نہیں کرو گی جس سے میں محبت کرتا ہوں؟سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ ُعنہا نے عرض کی:جی ہاں۔فرمایا:پھر تم عائشہ سے محبت کرو۔ ([5])
سبحان اللہ!محبت کی انتہا تو دیکھیے کہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم خود تو سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ ُعنہا سے محبت فرماتے ہی ہیں ساتھ ساتھ اپنی لاڈلی شہزادی بی بی فاطمہ رضی اللہ ُعنہا کو بھی ان سے محبت کرنے کا حکم فرما رہے ہیں۔
ہم کو امی عائشہ سے پیار ہے
ان شاء اللہ اپنا بیڑا پار ہے
حضرت ربیعہ بن عثمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک رات حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم رات بھر چلتے رہے،پھر اُمُّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ ُعنہا سے ارشاد فرمایا: تم مجھے مکھن ملی کھجور سے بھی زیادہ محبوب ہو۔([6])ایک اور موقع پر حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے آپ سے اپنی محبت و الفت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:اے عائشہ!تم مجھ سے اتنا خوش نہیں ہوئی جتنا میں تم سے خوش ہوا۔([7])
حضرت عَمْرْو بن عاص رضی اللہ عنہ نے اللہ پاک کے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے عرض کی:لوگوں میں آپ کو زیادہ پیارا کون ہے؟ ارشاد فرمایا:عائشہ۔([8])
بنتِ صدِّیق آرامِ جانِ نبی
اس حریمِ بَراءَ ت پہ لاکھوں سلام
ام المومنین سیدہ اُمِّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے محبتِ رسول
اللہ کے پیارے و آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی مقدس بیبیوں میں سیدہ اُمِّ سلمہ رضی اللہ ُعنہا بہت ہی بلند ہمت اور کمال فراست والی خاتون تھیں۔ چنانچہ ایک بار حضرت عُروہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے سیدہ عائشہ رضی اللہ ُعنہا سے عرض کی:خالہ جان! حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو کون سی پاک بی بی زیادہ پسند تھیں؟ فرمایا: میں اس بارے میں کچھ زیادہ نہیں جانتی،البتہ اُمُّ المومنین حضرت زینب بنتِ جحش اور حضرت اُمِّ سلمہ رضی اللہ ُعنہما کو حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگاہ میں خاص مقام حاصل تھا اور میرا خیال ہے کہ میرے بعد یہ دونوں حضور کو سب سے زیادہ پسند تھیں۔ ([9])
جِلَوگِیَّانِ بَیْتُ الشَّرف پر دُرود
پَردگیّانِ عِفَّت پہ لاکھوں سلام
حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اپنی مقدس بیبیوں کے ساتھ محبت اور بے تکلفی کے واقعات میں اُمّت کے لیے پیار و محبت سے رہنے کا درس موجود ہے۔اللہ کریم تمام مقدس بیبیوں پر رحمتوں کی برسات فرمائے اور ان کے پاکیزہ کردار کے مطابق ہمیں اپنی زندگی کو ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم
[1] بخاری، 2/565، حدیث:3818
[2]مسلم، ص1016، حدیث:6278
[3] طبقات ابنِ سعد، 8/81، 82
[4]مسلم، ص1017، حدیث:6290
[5] مسلم، ص1017، حدیث:6290
[6] طبقات ابنِ سعد، 8/ 63
[7] سننِ کبریٰ للبیہقی، 7/694، حدیث:15427
[8] بخاری، 2 /519، حدیث 3662
[9] طبقات ابنِ سعد، 8/91

Comments