63 نیک اعمال (نیک عمل نمبر 24)
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

(نیک عمل نمبر 24)

امراض جسمانی بھی ہوتے ہیں اور باطنی بھی، جسمانی امراض ظاہری صحت و تندرستی کے لئے نقصان دہ ہوتے ہیں تو باطنی امراض ایمان اور روحانی زندگی کے لئے زہرِ قاتل ہیں۔([1]) اللہ پاک نے ہمیں دونوں طرح کے گناہوں سے بچنے کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے:

وَ ذَرُوْا ظَاهِرَ الْاِثْمِ وَ بَاطِنَهٗؕ- (پ8، الانعام: 120)

ترجمہ:اور ظاہری اور  باطنی سب گناہ چھوڑ دو۔

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

ظاہری گناہ سے مراد وہ گناہ ہیں کہ جنہیں سب کے سامنے کیا جائے اور باطنی گناہ وہ جو چھپ کر کئے جائیں۔

یا پھر ظاہری گناہ وہ ہیں جو ظاہری اعضا سے کئے جائیں اور باطنی گناہ وہ ہیں جو دل سے کئے جائیں جیسے حسد،تکبر، ریاکاری ، بغض و کینہ،بدگمانی اور بُرے کاموں کو پسند کرنا وغیرہ۔([2]) بہرحال خلاصہ یہ ہے کہ اس آیتِ مبارکہ میں ہر طرح کے گناہوں سے باز رہنے کا حکم دیا گیا ہے چاہے گناہ کا تعلق جسم سے ہو یا دل سے یا نیت و ارادہ سے،علانیہ گناہ ہو یا چھپ کر۔([3])

اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فتاویٰ رضویہ جلد 23 صفحہ نمبر 624 پر ارشاد فرماتے ہیں:مُحَرَّمَاتِ بَاطِنِیَّہ(یعنی باطنی ممنوعات مثلاً) تکبر و ریا و عجب(یعنی غرور)وحسد وغیرہا اور ان کے معالجات (یعنی علاج) کہ ان کا علم بھی ہر مسلمان پر اہم فرائض سے ہے۔([4])

امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ وہ عظیم ولیِ کامل اور اللہ پاک کے وہ نیک بندے ہیں جو مختلف ذرائع سے مسلمانوں کو ظاہری و باطنی امراض سے آگاہی فراہم کرتے ہی رہتے ہیں اور اسی سلسلے کی ایک کڑی خواتین کی اصلاح کے لئے 63 نیک اعمال نامی رسالہ بھی ہے جو ظاہری و باطنی دونوں طرح کے گناہوں سے بچنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔چنانچہ اس رسالے میں شامل نیک عمل نمبر 24 ہے:کیا آج آپ باطنی گناہوں سے بچیں (مثلاً  حسد،تکبر،کینہ، ریاکاری  وغیرہ وغیرہ )

امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کے عطا کردہ اس نیک عمل میں ہماری دنیاوی و اخروی زندگی کی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے، کیونکہ باطنی گناہوں سے بچنا عموماً بہت مشکل ہوتا ہے،یہ ہماری روزمرہ زندگی میں اس طرح شامل ہیں کہ ہمیں ان کے گناہ ہونے کا احساس تک نہیں ہوتا۔لہٰذا تمام خواتین پر ظاہری گناہوں کے ساتھ ساتھ باطنی گناہوں کے علاج پر بھی بھرپور توجہ دینی لازم ہے تاکہ اپنی اخروی زندگی کو ان کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

اَمِیْرِ اَہْلِ سنّت دامت برکاتہم العالیہ نے اگرچہ مذکورہ نیک عمل میں مثال کے طور پر صرف چار باطنی گناہوں کا تذکرہ فرمایا ہے،مگر ایسا نہیں کہ یہ صرف چار ہی ہوں، بلکہ یہ بہت زیادہ ہیں،ان میں سے 47 باطنی امراض کے نام ملاحظہ فرمائیے:

1ریاکاری یعنی دکھاوا  2عجب  3 حسد 4 بغض و کینہ 5حُبِّ مدح 6 حُبِّ جاہ 7 محبتِ دنیا 8طلبِ شہرت 9 تعظیمِ اُمَراء 10تحقیرِ مساکین11اِتِّباعِ شہوات12مُدَاہَنَت13کفرانِ نِعم(یعنی نعمتوں کی ناشکری)14حرص15بخل16طولِ امل(یعنی لمبی لمبی امیدیں باندھنا) 17سوئے ظن یعنی بدگمانی 18عنادِ حق 19 اصرارِ باطل 20مکر و فریب 21  غدر 22 خیانت 23 غفلت 24 قسوت(یعنی دل کا سخت ہونا)25طمع 26 تملق(چاپلوسی) 27  اعتمادِ خلق 28رب  کو اور 29 موت کو بھول جانا  30جرُأت علی اللہ 31نفاق 32 اِتِّباعِ شیطان   33  بندگیِ نفس 34  رغبتِ بطالت 35 کراہتِ  عمل36قلتِ خشیت (یعنی خوفِ خدا کا کم ہونا)37 جزع(یعنی بے صبری کا مظاہرہ کرنا) 38 عدمِ خشوع(یعنی خشوع کا نہ ہونا)39غضب للنفس(یعنی نفس کے لئے غصہ کرنا)  40تساہُل فی اللہ 41تکبر42  بدشگونی43 شماتت 44 اسراف 45غمِ دنیا46 تَجَسُّس(عیب جوئی)47 (رحمتِ الٰہی سے) مایوسی۔([5])

باطنی امراض میں سب سے بدتر اگرچہ عقیدے کی خرابی کا مرض ہے مگر تکبر،حسد،کینہ اور ریاکاری وغیرہ بھی انتہائی بُرے مرض ہیں۔ہر مسلمان کوچاہئے کہ باطنی امراض سے متعلق معلومات حاصل کر کے ان سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرے اور اس کے لئے بطور خاص امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور کتاب احیاء العلوم کی تیسری جلد کامطالعہ بہت مفید ہے، اسی طرح مکتبۃ المدینہ کی کتاب باطنی بیماریوں کی معلومات میں بھی اس حوالے سے سیر حاصل معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

باطنی امراض سے نجات کیسے ممکن ہے؟

حضرت شیخ عبد القادر بن عبدُ اللہ شاذلی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:یہ بات طے ہے کہ کوئی بھی انسان طِبْ کی کتابیں پڑھنے کے باوجود ازخوداپنا علاج نہیں کرسکتا۔بلکہ اسے کسی ایسے ماہر طبیب کی ضرورت ہے جو اس کے مرض کی تشخیص کرے۔اسی طرح امراضِ قلبیہ اور نفسانی بیماریوں کے  علاج کے لئے بھی انسان کو نفس کی اصلاح کرنے والے طبیب کی سخت حاجت ہوتی ہے۔([6])

 حضرت علامہ مولانا ابو یوسف شریف کوٹلوی رحمۃ اللہ علیہ بزرگانِ دین رحمۃ اللہ علیہم کے واقعات نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں: دوستو! بزرگانِ دین کی طرف خیال کرو وہ کس قدر خوفِ الٰہی رکھتے تھے۔اب تم اپنے حالات پر غور کرو کیا تمہیں کبھی آیاتِ عذاب سن کر رونا آیا ہے؟کبھی خوفِ الٰہی سے بے ہوشی طاری ہوئی؟کبھی کلامِ الٰہی سُن کر تمہارے بدن کے رونگٹے کھڑے ہوئے ہیں ؟اگر نہیں تو دل کی سختی کا علاج کرو اور اللہ پاک کے کسی مقبول بندے کی غلامی اختیار کرکے اس سے اپنے امراضِ باطنیہ کا علاج کراؤ۔اللہ پاک اپنے شفا خانۂ حقیقی سے تجھے شفا عنایت کرے گا اور ضرور کرے گا کہ اس کا وعدہ سچاہے۔([7])

لہٰذا سب سے پہلے تو کسی جامع شرائط پیرِ کامل کی بیعت کر لیجئے تا کہ وہ ان باطنی بیماریوں سے چھٹکارا پانے کے لئے آپ کی  روحانی تربیت فرمائیں۔ 

باطنی بیماریوں سے بچنا چونکہ اللہ پاک اور اس کے محبوبِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی رضا کا سبب، جنت کے داخلے میں مددگار اور روزِ قیامت سایہ عرش ملنے کا سبب بننے والے اعمال میں سے ایک ہے۔لہٰذا;تمام ظاہری و باطنی گناہوں سے توبہ کیجئے کہ اللہ پاک آپ کے تمام گناہ معاف فرما دے اور ;ہر دم اللہ پاک سے یہ دعا بھی مانگتی رہئے کہ وہ اپنی رضا کے لئے ان باطنی بیماریوں سے بچنے میں استقامت عطا فرما دے۔  ; نیز موت کو بھی ہر دم یاد رکھئے کہ عنقریب یہ زندگی چھوڑ کر اندھیری قبر میں اترنا ہے، اگر یہ سوچ آپ پر غالب آ گئی تو پھر یقیناً آپ اپنی آخرت کو سنوارنے والے کاموں میں لگ جائیں گی اور آخرت کی بربادی والے کاموں سے ہمیشہ دوری اختیار کئے رکھیں گی۔ جس کا آسان تر طریقہ یہ ہے کہ اپنی خامیوں کی اصلاح میں لگ جائیے کہ جب اپنی اِصلاح میں لگ جائیں گی تو یہ باطنی بیماریاں خود بخود دور ہونا شروع ہو جائیں گی۔

حسد،وعدہ خلافی،جھوٹ،چغلی،غیبت و تہمت

مجھے ان سب گناہوں سے ہو نفرت یا رسول اللہ




[1] تفسیر صراط الجنان، 1/74ملخصاً

[2] تفسیر صاوی، 2/623ملخصاً

[3] تفسیر صراط الجنان، 3/ 194

[4] فتاویٰ رضویہ، 23/624

[5] باطنی بیماریوں کی معلومات، ص24

[6] حقائق عن التصو ف، ص 46

[7] اخلاق الصالحین، ص68


Share