شرح سلامِ رضا
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


موضوع:شرح سلامِ رضا

133

خاص اس سابقِ سَیرِ قُربِ خدا

اَوْحَدِ کامِلِیَّت پہ لاکھوں سلام

مشکل الفاظ کے معانی: سابق: آگے بڑھنے والا۔ سیر: چلنا (سفر ہجرت)۔ اوحد: یگانہ۔ کاملیت: مکمل ہونا۔

مفہومِ شعر: خاص طور پر حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ ہجرت کر کے قربِ خداوندی حاصل کرنے میں تمام صحابہ کرام پر سبقت لے جانے والے،ایمان وعشق اور اپنی خوبیوں کے مکمل ہونے میں با کمال ہستی یعنی حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ پر لاکھوں سلام۔

شرح:عشرۂ مبشرہ اور بَدْر و اُحد اور بیعتِ رضوان میں شریک صحابہ کرام کے ذکر کے بعد اب خلفائے راشدین کی خدمت میں سلام عرض کیا جا رہا ہے،جس کا آغاز افضل الخلق بعد الرسل جناب صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ سے ہو رہا ہے،ان اشعار میں اعلیٰ حضرت نے صدیقِ اکبر کے ان امتیازات کو بیان فرمایا ہے جن پر کتاب و سنت گواہ ہیں۔ چنانچہ اس شعر میں آپ کی یہ خصوصیت ذکر کی گئی ہے کہ آپ قربِ الٰہی کے حصول کی خاطر حضور کے ساتھ سفر ہجرت کرنے میں سب صحابہ پر سبقت لے جانے والے ہیں کہ حضور نے تمام صحابہ میں سے اپنی رفاقت کے لیے آپ ہی کا انتخاب فرمایا جو آپ کے مخلص،باوفا،خیرخواہ،کاملُ الایمان،قابلِ  اعتماد اور سچے محبّ و مددگار ہونے کی دلیل ہے کیونکہ خطرناک حالات میں انسان اسی کو اپنے ساتھ رکھنا پسند کرتا ہے جس کے اخلاص،وفا، ہمت و حوصلے اور جاں نثاری پر بھرپور اعتماد ہو۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی مبارک سیرت کو پڑھنے  سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ دیگر کئی خوبیوں میں بھی سب صحابہ سے سبقت لے جانے والے تھے، مثلاً اسلام قبول کرنے کو ہی لے لیا جائے تو اس معاملے میں بھی آپ نے سب سے پہلے اسلام قبول کر نے کا اعزاز حاصل کیا۔چنانچہ امام جلال الدین سیوطی آپ کے قبولِ اسلام کا تذکرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ تجارت  کیلئے شام گئے، وہاں آپ نے ایک خواب دیکھا تو اس کا ذکر بَحیرا راہب سے کیا۔چنانچہ اس نے آپ کے احوال معلوم کرنے کے بعد کہا: آپ کی قوم سے ایک نبی آئے گا، آپ ان کی زندگی میں ان کے وزیر اور وصال کے بعد ان کے سب سے پہلے خلیفہ بنیں گے۔صدیقِ اکبر نے اس بات کو چھپائے رکھا،جب حضور نے اعلانِ نبوت فرمایا تو صدیقِ اکبر نے آپ کی نبوت پر دلیل طلب کی،حضور نے فرمایا:وہ خواب جو تو نے شام میں دیکھا تھا۔ یہ سننا تھا کہ صدیقِ اکبر حضور کے گلے لگ گئے اور آپ کی آنکھوں کے درمیان بوسہ لیا اور آپ کی رسالت کی گواہی دی۔ ([1])

حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ اپنے مقام و مرتبہ اور عظمت و شان کے لحاظ سے بھی سب سے ممتاز ہیں،انبیا و رسل کے بعد عظمت و شان میں آپ کا ہم پلہ کوئی نہیں،یہی وجہ ہے کہ ایک بار جب حضرت عمر اور ابو بکر کے درمیان کچھ ناراضی ہوگئی، حضرت ابوبکر نے معذرت چاہی مگر حضرت عمر نہ مانے، بعد میں ان کو شرمندگی ہوئی،حضور کو جب اس معاملے کی خبر ملی اور وہ دونوں دربار میں حاضر ہوئے تو حضرت عمر کو دیکھتے ہی حضور کے چہرے پر ناراضی کے آثار ظاہر ہونے لگے۔ حضرت صدیقِ اکبر نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر عرض کی:یا رسول اللہ! قصور وار میں ہوں یہ نہیں،حضور نے حضرت عمر سے فرمایا: جب اللہ نے مجھے تم لوگوں کی طرف رسول بنا کر بھیجا تو تم سب نے مجھے جھٹلایا اس وقت ابوبکر ہی تھے جنہوں نے میری تصدیق کی  تو کیا تم میرے ایسے دوست کو چھوڑ دوگے؟([2])

134

سایۂ مصطفےٰ مایۂ اِصطَفےٰ

عِزّ و نازِ خِلافت پہ لاکھوں     سلام

مشکل الفاظ کے معانی: سایۂ مصطفےٰ: حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم  کا سایہ۔ مایۂ  اصطفےٰ: یعنی تقویٰ وپرہیز گاری کا فخر۔عز و نازِ خلافت: خلافت کا ناز یعنی فخرو عزت۔

مفہومِ شعر:وہ صدیقِ اکبر جو پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ زندگی بھر سایہ بن کر رہے اور بعدِ وفات اب بھی آپ کے سائے میں آرام فرما ہیں۔آپ تقویٰ وپرہیزگاری کا فخر ،خلافت وحکومت کا ناز اور اس کی عزت کا سبب ہیں،ایسی باکمال خوبیوں سے آراستہ ہستی پر لاکھوں سلام۔

شرح:جس طرح انسان کا سایہ ہر وقت اس کے ساتھ رہتا ہے اسی طرح صدیقِ اکبر بھی سفر ہو یا حضر، جنگ و امن ہمیشہ ہر حالت میں حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ رہے اور یہ آپ کی عمدہ خوبی ہے کہ آپ صرف حضور کی ظاہری زندگیِ مبارکہ میں ہی نہیں بلکہ قبر وحشر میں بھی حضور کے ساتھی ہیں،جیسا کہ ایک روایت میں حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے خود ارشاد فرمایا:اے ابوبکر!تو میرا غار اور حوضِ کوثر کا ساتھی ہے۔ ([3])کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:

ہجرت کی رات ہی نہ فقط ہمسفر رہے

صدیق ہم رکابِ نبی عمر بھر رہے

ایسا نہیں کہ صرف رہے زندگی میں ساتھ

اب بھی وہ ان کے ساتھ ہیں مدِّنظر رہے

الغرض جس طرح حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی ذاتِ مبارکہ مخلوقِ خدا پر اللہ پاک کی رحمت کا سایہ ہے اسی طرح حضرت ابوبکر صدیق  رضی اللہ عنہ امت پر حضور کا سایہ ہیں۔

مایۂ اصطفٰے:

آپ رضی اللہ عنہ تقویٰ وپرہیزگاری کا فخر اور پرہیزگار  لوگوں کے امام ہیں،آپ کے سب سے بڑے پرہیزگار ہونے کی گواہی رب نے خود قرآنِ کریم میں یوں ارشاد فرمائی ہے:

 (پ 30، اللیل: 17)

ترجمہ:اورعنقریب سب سے بڑے  پرہیزگار کو اس آگ سے دور رکھا جائے گا۔

عز و نازِ خلافت:

حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے جبریلِ امین علیہ السلام سے پوچھا: میرے ساتھ ہجرت کون کرے گا؟ تو جبریلِ امین نے عرض کی:حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ آپ کے بعد آپ کی امّت کے معاملات سنبھالیں گے،وہ اُمّت میں سب سے افضل اور اُمّت پر سب سے زیادہ مہربان ہیں۔([4])

حضور کے بعد صدیقِ اکبر کی خلافت پر تمام صحابہ و امت کا اتفاق ہے۔یوں تو آپ کی خلافت پر کئی دلائل و اشارات روایات میں موجود ہیں،مگر ان میں وہ روایت نہایت اہم اور مضبوط ترین ہے جس میں حضور نے اپنی مبارک زندگی کے آخری دنوں میں آپ کو اپنی جگہ امامت کا حکم فرمایا۔پھر اس موقع پر حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یہ فرمان تمام شکوک و شبہات کو ریجیکٹ کرنے کےلیے کافی ہے کہ جس شخص کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ہمارے دین کے لیے پسند فرمایا  ہم نے اسے اپنی دنیا کے لیے پسند کر لیا۔([5])

چنانچہ نبیِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی وفات کے بعد امت کے مشکل وقت میں انہوں نے ہی بہتر طریقے سے سب کو سنبھالا اور اٹھنے والے تمام فتنوں کو ختم  کر کے ایسی شاندار حکومت کی کہ خلافت و حکومت آپ پر ناز کرنے لگی اور آپ اس کے لیے عزت و عظمت کا سبب بن گئے۔

135

یعنی   اُس   اَفْضَلُ   الْخَلْقْ     بَعْدَ    الرُّسُل

ثَانِیَ       اثْنَیْنِ       ہجرت    پہ    لاکھوں        سلام

مشکل الفاظ کے معانی:افضل الخلق بعد الرسل:رسولوں کے بعد مخلوق میں سب سے افضل۔ ثَانِیَ       اثْنَیْن: دو میں سے دوسرا۔

مفہومِ شعر:نبیوں اور رسولوں کے بعد مخلوق میں سب سے افضل اور سفرِ ہجرت میں قرآنِ کریم نے جس کو ثَانِیَ اثْنَیْنِ (یعنی دو میں سے دوسرے) کہا اس صدیقِ اکبر پہ لاکھوں سلام۔

شرح: انبیائے کرام علیہم السلام کے بعد تمام مخلوق میں سب سے افضل حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں اور اس پر بےشمار روایات شاہد ہیں،مثلاً حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ سے مروی ایک روایت میں ہےکہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے مجھے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے آگےچلتے ہوئے دیکھ کرارشاد فرمایا:کیا تم اس کے آگے چل رہے ہو جو تم سے بہتر ہے؟کیا تم نہیں جانتے کہ نبیوں اور رسولوں کے بعد ابوبکر سے افضل کسی شخص پر سورج طلوع ہوا نہ غروب ہوا۔([6])

ثَانِیَ اثْنَیْنِ ہجرت:

اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں سفرِ ہجرت کے بیان میں حضرت صدیقِ اکبر کو ثانی اثنین کے پیارے خطاب سے نوازا۔سفرِ ہجرت کی وجہ سے آپ کا لقب ثَانِیَ اثْنَیْنِ ہے یعنی دو میں سے دوسرے،پہلے رسولِ خدا اور دوسرے  صدیقِ باوفا۔ ہجرت کے علاوہ بھی حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے بعد آپ ہی ثانی ہیں،یہاں تک کہ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے پہلو میں دفن ہونے میں بھی آپ ہی ثانی ہیں۔

136

اَصْدَق   الصَّادِقِیں  سَیِّدُ   الْمُتَّقِیں

چشم و گوشِ وِزارت پہ لاکھوں سلام

مشکل الفاظ کے معانی: اَصْدَق الصَّادِقِیں:تمام سچوں میں سے سچا۔سید المتقین:پرہیزگاروں کا سردار۔چشم:آنکھ۔گوش: کان۔   وزارت: حکومت۔

مفہومِ شعر:تمام سچوں میں سب سے سچے،پرہیزگاروں کے سردار اور وزارت کے معاملات میں حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی آنکھ اور کان یعنی حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ پہ لاکھوں سلام۔

شرح: اَصْدَق الصَّادِقِیں:

ایک مرتبہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے کھانا تیار کیا اور صحابۂ کرام کو بلایا،سب کو ایک ایک لقمہ عطا کیا جبکہ حضرت ابو بکر صدیق کو تین لقمے عطا کئے۔ حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے اس کی وجہ پوچھی تو ارشاد فرمایا: جب پہلا لقمہ دیا تو جبرائیل نے کہا: اے عتیق! تجھے مبارک ہو، جب دوسرا لقمہ دیا تو میکائیل نے کہا:اے رفیق!تجھے مبارک ہو،تیسرا لقمہ دیا تو اللہ کریم نے فرمایا:اے صدیق!تجھے مبارک ہو۔([7])اس سے معلوم ہوا کہ آپ کو صدیق کا لقب اللہ پاک نے عطا فرمایا جبکہ ایک روایت کے مطابق واقعۂ معراج کی تصدیق کے سبب آپ کو صدیق کا لقب دیا گیا۔([8])

چشم و گوشِ وزارت:

غزوۂ بدْر ہو یا اُحد،معرکۂ حُنَیْن ہو یا فتحِ مکہ،غزوۂ تبوک ہو یا غزوۂ خندق،واقعۂ صُلحِ حدیبیہ اور بیعتِ رضوان کا ہو یا معراج کی تصدیق کا یا پھر ہجرتِ نبویہ کے ناقابلِ  فراموش حسین لمحات ہوں،صدیقِ اکبر حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ہمدرد اور وزیر و مُشیر بن کر ہر ہر موڑ پر جاں نثاری اور وفاداری کا ثبوت دیتے چلے گئے۔آپ کی دینی خدمات اور جاں نثاری کی وجہ سے حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے آپ کے متعلق ارشاد فرمایا:ابوبکر و عمر دونوں میری آنکھ اور کان کی طرح ہیں۔([9])اور ایک روایت میں ہے کہ  میرے آسمان پر دو وزیر جبرائیل و میکائیل اور زمین پر ابوبکر و عمر ہیں۔([10])  




[1] خصائصِ کبریٰ،1/50

[2]بخاری،2/519،حدیث:3661

[3] ترمذی،5/ 378،حدیث:3690

[4] جمع الجوامع،11/39،حدیث:160

[5] تاریخ الخلفاء، ص53

[6] فضائل الخلفاء لابی نعیم،ص38،حدیث:10

[7] الحاوی للفتاویٰ،2/51

[8] مستدرک،4/25،حدیث:4515

[9] صواعق محرقہ،ص78

[10]ترمذی،5/ 382، حدیث: 3700


Share