معذرت نامہ/حفظ قراٰن پر مبارک باد

مُرید کوندامت بھرامُعافی نامہ!

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضویعُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میرے میٹھے میٹھے مَدَنی بیٹے۔۔۔ کی خدمت میں

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہ وَ بَرَکَاتُہ !

(اپنے غریب خانے )بیتُ الْفَنا پر آج رات ہونے والی بیرونِ ملک کے اِسلامی بھائیوں کی دعوت کے موقع پر آپ نے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ  عَزَّوَجَلَّ خوب تعاون فرمایا۔ اپنے مُحسِن کا اِحسان مند ہونے کے بجائے افسوس! میں نے کھانا پکوانے کے تعلق سے ہونے والی گفتگو کے دوران نا خوشگوار لہجے میں کچھ اس طرح کے الفاظ کہہ دیئے:’’آپ نے کس سے پوچھ کر یہ کیا؟‘‘ پھر مہمان مریض کے لئے دَہی کی فراہمی میں تاخیر پر بھی میں نے ناراضی کے الفاظ کہہ دیئے! بعد میں بہت افسوس کی کیفیت پیدا ہوئی، لہٰذا تَوبہ کی اور اب بطورِ مُجرِم بذریعہ تحریر آپ کی خدمت میں طلبِ معافی کے لئے حاضر ہوں۔ براہِ کرم! مجھے معافی کی خیرات سے نواز دیجئے یا بدلہ لے لیجئے۔ اللّٰہ تَعَالٰیآپ کی خدماتِ دعوتِ اسلامی کو قبول فرمائے اور آپ کو بے حساب بخشے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ

مَدَنی اِلتِجا: ممکن ہو تو جن کے سامنے میں نے یہ(ڈانٹ ڈپٹ والے) جملے کہے اُن کو یہ’’معافی نامہ‘‘ پڑھا دیجئے۔

محمد الیاس قادری

۴ شوال المکرم۱۴۳۴ھ

اس پیغام کا جواب

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! جس اسلامی بھائی کے نام یہ پیغام لکھا گیا تھا ، ان کا کہنا ہے کہ دعوت کے اگلے دن جب مجھے امیرِاہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کی(معافی نامہ والی) پرچی ملی اور میں نے کھول کر پڑھی تو ایک دم میری کیفیت ہی تبدیل ہوگئی اور آنسونکلنا شروع ہوگئے ،میں تو جاکر ایک طرف بیٹھ گیا ، تھوڑی دیر کے بعد ہمّت جمع کرکے اس کا جواب کچھ یوں لکھا تھا:

میں آپ سے ناراض ہونے کایا جس طرح پرچی میں لکھا ہے کہ ’’یابدلہ لے لیجئے‘‘سوچ بھی نہیں سکتا ،آپ کی بارگاہ میں عرض ہے کہ آپ سدا راضی رہئے گا ، شفقت وکرم فرماتے رہئے ،میں آپ سے راضی ہوں ۔کل والے معاملے پر مجھے تو گمان بھی نہیں گزرا کہ آپ نے کہیں سختی فرمائی ہے یا ڈانٹا ہے یا کوئی ناگوار بات کہی ہے ،مجھے تو یہ محسوس بھی نہیں ہوا ، آ پ نے خود ہی محسوس فرمایا کہ یہ والی بات سخت ہے، مجھے تو علم بھی نہیں کہ یہ بات سخت تھی یا کوئی بات سخت تھی۔

 حفظِ قراٰنِ کریم پر مبارک باد

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضویعُفِیَ عَنْہُکی جانب سے میرے میٹھے میٹھے مَدَنی بیٹے۔۔۔ کی خدمت میں مَعَ السَّلام  حِفظِ قراٰنِ کریم کی تکمیل پر ڈھیروں مبارکباد۔

روزانہ کم از کم ایک پارہ پڑھتے رہئے تاکہ  حِفظ باقی رہے اور درسِ نظامی وغیرہ دل لگا کر کر لیجئے۔ والدین، چھوٹے بھائیوں اور سبھی کے ساتھ نرمی نرمی اور نرمی کی ترکیب رکھئے، جو نرمی سے کام لیتا ہے مسلمانوں کی دل آزاری سے بچا رہتا ہے مگر جہاں شریعت نے شدّت کا حکم فرمایا وہاں شدّت کرنی ہوگی۔

 آپ کے حِفظِ قراٰن کی خوشی میں تحائف حاضر کئے ہیں قبول کیجئے۔

محمد الیاس قادری

۲۸ شعبان المعظم۱۴۳۳ ھ


Share

Articles

Comments


Security Code