موضوع:جادو سے حفاظت کے نسخے(قسط 7(
بے شک جادو کا وجود ہے اور جادو کیا اور کروایا بھی جاتا ہے، لیکن یہ ضروری نہیں کہ کوئی بیماری یا پریشانی آ جائے تو یہی سمجھا جائے کہ کسی نے جادو کروا دیا ہے۔ البتہ!اگر واقعی ایسا ہو کہ کسی پر جادو کروایا گیا ہو تو اس کا توڑ بھی موجود ہے اور جادو سے حفاظت کے طریقے بھی موجود ہیں۔
جادو سے حفاظت کے اہم ذرائع:
جادو سے حفاظت کے سب سے بڑے اور اہم ذرائع میں سے نیکیاں کرنا، گناہوں سے بچنا، اللہ پاک اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی فرمانبرداری کرنا اور اس کی نافرمانی سے بچنا بھی ہے۔جیسا کہ حضرت ابو حفص حداد رحمۃ اللہ علیہ کے متعلق منقول ہے کہ آپ شروع میں ایک لونڈی پر عاشق ہو کر اپنا صبر و قرار کھو بیٹھے۔کسی نے آپ کو بتایا کہ فلاں علاقے میں ایک یہودی رہتا ہے، وہ بہترین جادو جانتا ہے، وہ یقیناً تم کو تمہاری محبوبہ سے ملا دے گا۔آپ فوراً اس یہودی کے پاس پہنچے اور اس سے اپنا تمام حال بیان کیا، اس یہودی نے کہا:تمہارا کام ہو جائے گا لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ تم چالیس دن تک کسی بھی قسم کا نیک عمل نہیں کرو گے، پہلے اس پر عمل کرو پھر میرے پاس آنا۔آپ نے اس شرط کو قبول کرلیا اور چالیس دن شرط کے مطابق گزارنے کے بعد آپ اس کے پاس پہنچ گئے۔اس نے جادو کرنا شروع کیا،لیکن اس کا کوئی اثر نہ ہوا۔کئی مرتبہ کوشش کرنے کے بعد اس نے کہا:ہو نہ ہو،تم نے ان چالیس دنوں میں کوئی نہ کوئی نیکی ضرور کی ہے، ورنہ میرا جادو کبھی ناکام نہ جاتا۔آپ نے فرمایا:ویسے تو مجھے کوئی قابلِ ذکر چیز یاد نہیں،ہاں!ایک دن راستے میں پڑے ہوئے پتھر کو اس خیال سے ایک طرف کر دیا تھاکہ کوئی مسلمان اس سے ٹکرا کر زخمی نہ ہو جائے۔یہ سن کر اس جادو گر نے کہا:کس قدر افسوس کی بات ہے کہ آپ اس رب کی عبادت کو چھوڑ بیٹھے ہیں کہ جس نے آپ کے ایک معمولی سے عمل کو وہ شرفِ قبولیت بخشا کہ میرا جادو مکمل طور پر ناکام ہو گیا!اس بات سے آپ کے دل میں ایک آگ سی لگ گئی، فوراً توبہ کی اور اللہ پاک کی عبادت میں مشغول ہو کر کچھ ہی عرصے میں درجۂ ولایت پر فائز ہو گئے۔([1])
ذرا سوچئے!جب ایک نیکی جادو کا اثر ختم کر سکتی ہے تو جو مسلمان پانچ وقت کی نماز پابندی سے ادا کرے،قرآنِ پاک کی تلاوت کرے،ذِکْرُ اللہ کی کثرت کرے،سنتوں پر عمل کرے اور گناہوں سے دور رہے تو اس پر جادو بھلا کیسے اثر کرے گا!کیونکہ جادو کی تاثیر تو رب کی طرف سے ہے، وہ نہ چاہے تو جادو اثر نہیں کر سکتا۔لہٰذا یاد رکھئے کہ جو کچھ بھی نفع و نقصان ہوتا ہے وہ حقیقت میں اللہ پاک کی طرف سے ہی ہوتا ہے لیکن اسباب کا ىہ نظام بنا ہوا ہے۔ ان اسباب میں سے جادو بھی ایک سبب ہے، جس کے ذریعے سے بیمار کرنے کے علاوہ اور بھی بہت سارے کام لیے جاتے ہیں۔اللہ پاک چاہے گا تو ہی جادو اثر کرے گا اور اگر اللہ پاک نہ چاہے تو دنیا بھر کے جادوگر مل کر بھی کسی کا بال بیکا نہیں کر سکتے مثلاً اگر وہ جادو کے ذریعے پہاڑ کسی پر اُلٹا دیں تو وہ پہاڑ روئی کا کام کرے گا اور کچھ بھی نقصان نہیں کر سکتا۔ یوں ہی اگر کسی کو پتھر لگے تو چوٹ لگتی ہے،زخم بن جاتا ہے لیکن اللہ پاک نہ چاہے تو پتھر سے چوٹ نہیں لگے گی۔یہ ہمارا ایمان ہے کہ جو رب چاہے گا وہی ہو گا۔اصل کارساز اللہ پاک ہی ہے۔ وہی اَسباب کو پىدا کرنے والا ہے۔
مُدَّعِى لاکھ بُرا چاہے تو کىا ہوتا ہے وہى ہوتا ہے جو منظورِ خُدا ہوتا ہے([2])
جادو سے حفاظت کے نسخے:
قرآنِ پاک کی تلاوت کرنا:
جادو سے حفاظت کا ایک بہترین ذریعہ تلاوتِ قرآنِ پاک بھی ہے۔ قرآنِ پاک کی مختلف سورتوں میں بھی جادو سے حفاظت کی تاثیر ہے اور کیوں نہ ہو کہ یہ ہمارے پاک رب کا پاک کلام ہے جس کا مقابلہ جنات اور جادوگر ہرگز نہیں کر سکتے۔ جیسا کہ سورۂ بقرہ وہ عظیم سورت ہے جو جادو سے حفاظت کا بہترین ذریعہ ہے۔ چنانچہ حضرت ابو اُمامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:قرآنِ پاک کی تلاوت کیا کرو، کیونکہ وہ قیامت کے دن اپنی تلاوت کرنے والوں کی شفاعت کرے گا اور دو روشن سورتیں(یعنی)سورہ ٔبقرہ اور سورۂ اٰلِ عمران پڑھا کرو کیونکہ یہ دونوں قیامت کے دن اس طرح آئیں گی جس طرح دو بادل ہوں یا دو سائبان ہوں یا دو اڑتے ہوئے پرندوں کی قطاریں ہوں۔ یہ دونوں سورتیں اپنے پڑھنے والوں کی شفاعت کریں گی۔ سورۂ بقرہ پڑھا کرو، کیونکہ اس کے پڑھنے میں برکت اور نہ پڑھنے میں(ثواب سے محروم رہ جانے پر) حسرت ہے اور جادوگر اس کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔([3])
سورۂ فاتحہ کے ذریعے جادو سے حفاظت:
اسی طرح سورۂ فاتحہ بھی جادو سمیت ہر بیماری سے شفا کا ذریعہ ہے،بلکہ حدیث شریف میں تو اس سورت کو ہر مرض سے شفا قرار دیا گیا ہے۔ جیسا کہ حضرت عبد الملک بن عُمَیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:سورۂ فاتحہ ہر مرض کے لیے شفا ہے۔([4])
آیۃ الکرسی کے ذریعے جادو سے حفاظت:
آیۃ الکرسی بھی جادو اور دیگر بلاؤں سے حفاظت کا ذریعہ ہے۔ جیسا کہ امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں نے حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو منبر پر فرماتے سنا:جو ہر نماز کے بعد آیۃ الکرسی پڑھے، اسے جنت میں داخل ہونے سے موت کے سوا کوئی چیز نہیں روکتی۔ جو کوئی رات کو سوتے وقت اسے پڑھے تو اللہ پاک اس کے گھر،اس کے پڑوسی کے گھر اور اس کے آس پاس کے گھروں کو محفوظ فرما دے گا۔([5])
سورۂ فلق اور سورۂ ناس سے جادو کا علاج:
سورۂ فلق اور سورۂ ناس میں جادو سمیت کئی آفتوں سے حفاظت اور اس کا توڑ موجود ہے۔نیز جس پر جادو کیا گیا ہو اس کو دور کرنے کے لیے بھی مؤثر ہیں۔ کیونکہ پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر بھی جب جادو کیا گیا تو اس جادو کے توڑ کے لیے یہی دونوں سورتیں نازل ہوئیں۔نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر جس دھاگے کے ذریعے جادو کیا گیا تھا اس پر 11 گرہیں لگائی گئی تھیں اور ان دونوں سورتوں کی آیات بھی(ملا کر) گیارہ ہیں۔ہر ایک آیت پڑھنے سے ایک گرہ کھلتی جاتی،یہاں تک کہ تمام گرہیں کھل گئیں اور آپ مکمل شفایاب ہو گئے۔([6]) نیز حضرت عبدُ اللہ بن حبیب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ان سے فرمایا:قُلْ ہُوَ اللہ اَحَد اور مُعَوَّذَتَیْن (سورۂ فلق اور سورۂ ناس)روزانہ تین تین مرتبہ صبح و شام پڑھ لیا کرو،یہ تمہارے لیے ہر چیز سے کفایت کریں گی۔([7]) اسی طرح حضرت عقبہ ابنِ عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں رسولِ پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ جُحْفَۃ اور اَبْواء کے درمیان سفر کر رہا تھا کہ اچانک ہمیں آندھی اور سخت اندھیرے نے گھیر لیا تو حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے سورۂ فلق اور سورۂ ناس کے ذریعے پناہ مانگی اور فرمانے لگے:اے عقبہ!ان دونوں سورتوں کے ساتھ پناہ مانگا کرو کہ کسی نے ان دونوں کے ساتھ پناہ مانگنے والے کی طرح پناہ نہیں مانگی۔([8]) مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیث ِ پاک کے تحت فرماتے ہیں:یہ دونوں سورتیں صرف جادو کے لئے ہی نہیں بلکہ دوسری آفتوں میں بھی کام آتی ہیں۔ اگر ان کا تعویذ لکھ کر ساتھ رکھا جائے تو بھی اَمان ملتی ہے۔ قرآنی آیات سے تعویذ جائز ہے۔([9])
عجوہ کھجور سے جادو کی حفاظت:
حدیثِ مبارک میں ہے:جو کوئی صبح سویرے سات عجوہ کھجوریں کھا لے تو اسے اس دن زہر اور جادو سے نقصان نہیں پہنچے گا۔([10])
بیری کے پتوں سے جادو کا علاج:
حضرت وہب بن مُنبِّہ رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب میں ہے:جس پر کسی نے جادو کروایا ہو وہ بیری یعنی بیر کے درخت کے 7 سبز پتے لے کر انہیں دو پتھروں کے درمیان مثلاً پتّھر کی سِل پر رکھ کر دوسرے پتھر سے کُوٹ لے،پھر انہیں پانی میں ملا کر آیۃُ الکرسی اور چار قُل پڑھ کر دم کرے، پھراس پانی سے 3 گھونٹ پی کربقیہ سے غسل کر ے تو ان شاء اللہ اس سے بیماری دور ہو جائے گی۔یہ عمل اُس شخص کے لئے بھی انتہائی مفید ہے جسے جادو کے ذریعے بیوی سے روک دیا گیا ہو۔([11]) (یہ پانی نالی میں بہانے کے بجائے کسی جگہ جمع کرلیا جائے۔)
سال بھر جادو سے حفاظت:
حکیمُ الْاُمَّت حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اگر اس رات(شبِ براء َت) کو سات پتے بیری کے پانی میں جوش د ے کر (جب پانی نہانے کے قابل ہو جا ئے تو)غسل کرے تو ان شاء اللہ العزیز تمام سال جادو کے اثر سے محفوظ رہے گا۔([12])
جادو سے حفاظت کے روحانی علاج:
جادو سے نجات کے لئے دو روحانی علاج پیشِ خدمت ہیں:
(1)لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ 101 بار پڑھ کر جس پر جادو کیا گیا ہو اس پر دم کر دیا جائے یا یہی لکھ کر دھو کر پلا دیا جائے تو ان شاء اللہ جادو کا اثر ختم ہو جائے گا۔
(2)مریض کے سر سے لے کر پاؤں کے انگوٹھے تک آسمانی رنگ کے گیارہ سوتی دھاگے ناپ لیجئے، ان گیارہ دھاگوں کو دو مرتبہ تہ کر لیجئے، اب دھاگے کے سِرے پر ایک ڈھیلی گرہ لگائیے، پھر ایک بار سورۃُ الفلق پڑھ کر اس گرہ میں پھونک ماریئے اور فوراً کَس دیجئے، اسی طریقے پر گیارہ گرہیں لگانے کے بعد دھاگے کو دہکتے کوئلوں میں ڈال دیجئے۔(گیس کے چولہے پر تَوا وغیرہ رکھ کر اُس پر بھی جلا سکتے ہیں ) اگر جادو ہوا تو بدبو آئے گی، جب تک بدبو آتی رہے روزانہ ایک بار یہ عمل کیجئے، ان شاء اللہ جادو کا اثر ختم ہوجائے گا۔([13])
(3)سوتے وقت دونوں ہتھیلیاں پھیلا کر سورۃ الاخلاص، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھ کر ہتھیلیوں پر دم کر کے سر سے لے کر جہاں تک ہاتھ پہنچے پھیر لیجیے، پھر سیدھے اُلٹے ہاتھ پر اور پیٹھ پر جہاں تک ہاتھ پہنچ جائے، پھیر لیجیے۔ پھر دوسری اور تیسری بار بھی پڑھ کر اسی طرح کیجیے۔یاد رکھیے!شروع میں تَعَوُّذ و تسمیہ (اَعُوْذُ بِاللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم اوربِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم) دونوں پڑھنی ہیں اور ہر سورت کے بعد(اگلی سورت سے پہلے) صرف تسمیہ(بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم)،ان شاء اللہ اس کی برکت سے جادو کے اثرات، جنات کی شرارت، دشمن کے حملوں، حادثات اور دیگر آفتوں، بلاؤں سے حفاظت ہو گی۔ نیز کسی کو نیند نہ آئے یا رات کوڈر کر جاگ جاتا ہو، ایسا لگتا ہو کہ کوئی گلہ دبا رہا ہے یا بدن پہ کوئی بوجھ پڑ گیا ہے، ان کے لیے بھی یہ عمل مفید ثابت ہو گا۔([14])
(4)جادو سے حفاظت کا ایک روحانی علاج یہ بھی ہے کہ یَا مُحْیِی،یَا مُمِیْتُ سات بار روزانہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کیجیے ان شاء اللہ جادو اثر نہیں کرے گا۔([15])
(5)جو رات کو ہمیشہ شش قفل پڑھتا رہے یا لکھ کر اپنے پاس رکھے وہ ہر خوف و خطر،جادو اور ہر قسم کی بلاؤں سے محفوظ رہے گا۔اگر شش قفل کو آسیب زدہ یا سحر و جادو کے مریض کے کان میں پڑھ کر پھونک مار دی جائے تو آسیب بھاگ جائے گا اور جادو اتر جائے گا۔([16])
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* معلمہ جامعۃ المدینہ گرلز خوشبوئے عطارواہ کینٹ


Comments