مناجات و نعت
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن


نعت

محمد مصطفےٰ نورِ خدا نامِ خدا تم ہو

محمد مصطفےٰ نورِ خدا نامِ خدا تم ہو

شَہِ خیرُ الوریٰ شانِ خدا صَلِّ عَلیٰ تم ہو

غریبوں درد مندوں کی دوا تم ہو دُعا تم ہو

فقیروں بینَواؤں کی صَدا تم ہو نِدا تم ہو

حبیبِ کبریا تم ہو اِمامُ الْانبیِآء تم ہو

محمد مُصْطَفٰے تم  ہو  محمد  مجتبیٰ  تم  ہو

ہمارے مَلْجا و ماوا ہمارا آسرا تم ہو

ٹھکانہ بے ٹھکانوں کا شَہِ ہر دوسَرا تم ہو

غریبوں کی مدد بے بس کا بس رُوحی فِدا تم ہو

سہارا بے سہاروں کا ہمارا آسرا تم ہو

حسینوں میں تمہیں تم ہو نَبِیّوں میں تمہیں تم ہو

کہ محبوبِ خدا تم ہو نَبِیُّ الْاَنْبِیاء تم ہو

وہ لاثانی ہو تم آقا نہیں ثانی کوئی جس کا

اگر ہے دُوسرا کوئی تو اپنا دُوسرا تم ہو

از: حجۃ الاسلام مولانا حامد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ

بیاضِ پاک،ص 13

منقبت

طلب کا مُنھ تو کس قابل ہے یاغوث

طلب کا مُنھ تو کس قابل ہے یاغوث

مگر تیرا کرم کامل ہے یاغوث

دُوہائی یا مُحِیُّ الدِّین دُوہائی

بَلا اسلام پر نازل ہے یاغوث

خُدارا ناخدا! آ دے سہارا

ہَوا بگڑی بَھنور حائِل ہے یاغوث

غَیُورا! اپنی غیرت کا تَصَدُّق

وُہی کر جو تِرے قابل ہے یاغوث

خدارا مرہمِ خاکِ قدم دے

جگر زخمی ہے دل گھائِل ہے یاغوث

تو قُوَّت دے میں تنہا کام بِسیار

بدن کمزور دل کاہل ہے یاغوث

رضاؔ کا خاتِمہ بِالْخَیر ہوگا

تِری رحمت اگر شامل ہے یاغوث

از: امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا رحمۃ اللہ علیہ

حدائقِ بخشش،ص 261


Share