Book Name:Mareez Ki Ayadat Kijiye

بیان سننے کی نیتیں

حدیثِ پاک میں ہے: اِنَّمَا الْاَعْمَالُ بِالنِّیَّات اَعْمَال کا دار ومدار نیتوں پر ہے۔([1])

پیارے اسلامی بھائیو! اچھی نیت بندے کو جنّت میں پہنچا دیتی ہے، بیان سننے سے پہلے کچھ اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے:  * رِضَائے اِلٰہی کے لئے بیان سُنوں گا * عِلْمِ دین سیکھوں گا * پُورا بیان سُنوں گا * ادب سے بیٹھوں گا * نصیحت حاصِل کروں گا  * اَحْمَدِ مجتبیٰ، مُحَمَّدِ مصطفےٰصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا نامِ پاک سُن کر درودِ پاک پڑھوں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

پیارے اسلامی بھائیو!الحمد للہ!ہم مسلمان ہیں،ایک مسلِم معاشرے کا حِصّہ ہیں، اپنے اس معاشرے  کے حُسْن،نکھار  وقار،سکون و اطمینان اور امن و امان کو برقرار رکھنا خُود ہماری ہی ذِمَّہ داری ہے،یہ بھی اسلام کا حُسْن ہے کہ اسلام نے ہر ایک کے علیحدہ علیحدہ حقوق مُقرر فرمائے ہیں،اگر ہم ان حقوق کو پُوری طرح ادا کرتے رہیں تو ہمارا مُعَاشرہ کبھی بھی بدامنی کا شِکار نہیں ہو گا۔ مگر بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم مسلمان ہیں مگر ہمارے مسلمان بھائیوں کے ہم پر کیا کیاحقوق ہیں؟ ہم میں سے بہت کم لوگوں کو اس کی معلومات ہیں۔ اللہ پاک ہمیں عِلْمِ دِین کی نعمت نصیب فرمائے۔ آج ہم اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! اپنے مسلمان بھائیوں کے حقوق میں سے ایک اَہَم حق کے مُتَعَلِّق اسلامی تعلیمات سیکھنے کی کوشش کریں گے،اللہ پاک ہمیں درست اسلامی تعلیمات سیکھنے، انہیں یاد رکھنے،انہیں دوسروں تک پہنچانے اور خُود ان پر عَمَل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن    صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  ۔


 

 



[1]...بخاری، کِتَاب بَدءُ الْوَحی،باب کیف کان بدء الوحی...الخ،صفحہ:65، حدیث:1۔