Book Name:Ronay Wali Ankhain Mango
حضرت فرقَد رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: میں نے کتابوں میں پڑھا ہے: خوفِ خُدا کے سبب رونے والوں کو خوشخبری سُناؤ، بیشک جب رحمت اُترتی ہے تو رونے والوں پر پہلے اترتی ہے۔ ([1])
حضرت ہارُون بِن رِئَاب رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ (خوفِ خُدا کے سبب) رونے کا وَزَن کئی مِثْقَال (گراموں )کے برابر ہے۔ ان میں سے ایک مثقال (چند گرام)کو اگر دُنیا بھر کے پہاڑوں کے ساتھ تولا جائے تو خوفِ خُدا کے سبب نکلنے والے آنسؤں کے ایک مثقال کا وزن تمام پہاڑوں سے بڑھ جائے گا۔ بیشک خوفِ خُدا کے سبب نکلنے والا آنسو آگ کے کئی سمندروں کو بجھا دیتا ہے، جب بندہ اِخْلاص کے ساتھ کسی محفل یا اجتماع میں روتا ہے تو اس کے رونے کی برکت سے تمام اجتماع والوں کی بخشش کر دی جاتی ہے۔([2])
حضرت حسن بصری رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: اگر آدمی خوفِ خُدا کے سبب روئے تو اِس کی برکت سے اِس کے آس پاس والوں پر بھی رحم کیا جاتا ہے، چاہے 20 ہزار ہی کیوں نہ ہوں۔([3])
حضرت عمر بن ذَرْ رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ جب بندہ خوفِ خُدا سے روتا ہے تو ہر آنسو کے بدلے اللہ پاک اُس کے دِل میں نُور کے پہاڑ رکھ دیتا ہے