Book Name:Ronay Wali Ankhain Mango
پیارے اسلامی بھائیو! یقیناً یہ دُعا ہمارے سکھانے کے لیے ہے۔ ہمیں بھی چاہیے کہ ہم رونے والی آنکھیں مانگا کریں۔ اللہ پاک سے دُعا کیا کریں: اے اللہ پاک! ہمیں رونے والی آنکھیں عطا فرما دے۔
پیارے اسلامی بھائیو! آج کل جب رونے رُلانے کی بات کی جاتی ہے!عاشقانِ رسول اللہ پاک کے خوف سے، عشقِ رسول میں روتے ہیں، رُلاتے ہیں تو بعض لوگ اسے بُرا بھی سمجھتے ہیں، بعض ان پر اعتراضات بھی کیا کرتے ہیں۔ یہ بات یاد رکھ لیجیے! خوفِ خُدا سے رونا سُنّت ہے۔ حضرت ابوہُریرہ رَضِیَ اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب یہ آیتِ مبارَکہ نازِل ہوئی:
اَفَمِنْ هٰذَا الْحَدِیْثِ تَعْجَبُوْنَۙ(۵۹) وَ تَضْحَكُوْنَ وَ لَا تَبْكُوْنَۙ(۶۰)(پارہ:27،سورۂ نجم:59-60)
تَرْجمۂ کَنْزُالعِرْفان:تو کیا اس بات پر تم تعجب کرتے ہو؟ اور ہنستے ہو اور روتے نہیں ہو۔
تو اَصحابِ صُفَّہ رَضِیَ اللہ عنہ م اِس قَدَر رَوئے کہ اُن کے مبارَک رُخسار(یعنی پاکیزہ گال)آنسوؤں سے تَر ہو گئے۔اُنہیں روتا دیکھ کر رَحمتِ عالم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم بھی رونے لگے۔آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے بہتے ہوئے آنسو دیکھ کر وہ صاحِبان اور بھی زیادہ رونے لگے۔پھر آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے ارشاد فرمایا:وہ شخص جہنّم میں داخِل نہیں ہوگا جو اللہ پاک کے ڈر سے رَویا ہو۔([1])
اللہ! کیا جہنَّم اب بھی نہ سرد ہو گا؟ رو رو کے مصطَفٰے نے دریا بہا دیئے ہیں([2])