Book Name:Jahannami Wadi Wail Ke Haqdar Kon
(1):کافِر وَیْل کے حقدار ہیں
اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
فَوَیْلٌ لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنَ النَّارِؕ(۲۷) (پارہ:23،الصاد:27)
ترجمہ کنز العرفان:تو کافروں کیلئے آگ سے خرابی ہے۔
معلوم ہوا؛ کفر جہنّم کی وَیْل نامی وادِی کا حق دار بننے کا سبب ہے۔
پیارے اسلامی بھائیو! اَلحمد للہ! ہم مسلمان ہیں، یقیناً یہ اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمارا کلمہ پڑھنا، مسلمان ہونا اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! جہنّم سے بچ کر جنّت میں جانے کا ذریعہ بن جائے گا مگر یاد رکھئے! جہنّم سے بچنے اور جنّت کا حقدار بننے کے لئے صِرْف مسلمان ہونا کافِی نہیں ہے بلکہ اِیْمان سلامت لے کر دُنیا سے جانا بھی ضروری ہے۔
اس لئے چاہئے کہ ہم اپنے اِیْمان کی فِکْر کریں، اللہ پاک نے ہمیں اِیْمان کی دولت سے نوازا ہے، اس کی قدر بھی کریں، اس کا شکر بھی ادا کریں اور ساتھ ہی ساتھ کفر سے نفرت بھی کرتے رہیں۔ حدیثِ پاک میں ہے: جس میں 3باتیں ہوں، وہ اِیمان کی حلاوت (یعنی مٹھاس) پا لیتا ہے (ان 3 میں سے ایک بات یہ ارشاد فرمائی:) وہ اِیْمان کے بعد کفر کی طرف لوٹ جانے کو اسی طرح ناپسند کرے، جیسے آگ میں گرنے کو ناپسند کرتا ہے۔([1])
معلوم ہوا؛ اِیْمان والا رہنے، اِیْمان کی سلامتی کے ساتھ قبر میں اُترنے اور اس ذریعے سے جنّت کا حقدار بننے کے لئے ضروری ہے کہ ہم کفر سے ہر دَم نفرت کرتے رہیں۔