Book Name:Jahannami Wadi Wail Ke Haqdar Kon
گہرے کنویں کے کنارے کھڑے ہو کر اُس کی گہرائی میں ذرا نظر ڈالئے اور سوچئے کہ اگر دُنیا کے اِس کنویں ہی میں قید کر دیا جائے تو کیا ہم اِس سزا کو بَرداشت کر سکیں گے؟ اگر نہیں اور یقیناً نہیں تو پھر جہنم کے خوفناک کنویں کا عذاب کیونکر برداشت ہو سکے گا!
بے نمازی کی نحوست ہے بڑی مر کے پائے گا سَزا بے حد کڑی
بے نَمازی کی 3 شامتیں
منقول ہے:بروزِ قیامت نَمازوں میں سُستی کرنے والا اِس حال میں آئے گا کہ اُس کے چہرے پر 3 سطریں(Lines) لکھی ہوں گی:(1):اے اللہ کا حق برباد کرنے والے! (2):اے اللہ کے غضب کے ساتھ مخصوص!(3): جس طرح دُنیا میں تُو نے حقُّ الله یعنی اللہ پاک کا حق ضائع کیا اِسی طرح آج تُو بھی اللہ پاک کی رَحمت سے مایوس ہو جا۔([1])
پڑھتے رہو نَماز تو جنت کو پاؤ گے چھوڑو گے گر نَماز جہنم میں جاؤ گے
اللہ پاک ہمیں سچّا، پکّا نَمازی بننے کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔
(4-5-6): وَیْل کا حق دار بنانے والے 3 اَعْمَال
پیارے اسلامی بھائیو! مزید کون کون سے بُرے اَعْمَال ہیں، جو وَیْل کا حقدار بنانے والے ہیں، سنیئے! اللہ پاک فرماتا ہے:
وَیْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةِ ﹰۙ (۱) الَّذِیْ جَمَعَ مَالًا وَّ عَدَّدَهٗۙ(۲) (پارہ:30 ، اَلْہُمُزَہ:1- 2)
ترجمہ کنز العرفان:اس کے لئے خرابی ہے جو لوگوں کے منہ پر عیب نکالے، پیٹھ پیچھے برائی کرے جس نے مال جوڑا اور اسے گن گن کر رکھا۔