Book Name:Jahannami Wadi Wail Ke Haqdar Kon
روایات میں ہے: وَیْل ایک کنواں ہے، جہاں اَہْلِ جہنّم کا خُون اور پِیپ جمع ہو گا([1]) * پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جب کافِروں کو جہنّم میں ڈالا جائے گا تو وہ جہنّم کی گہرائی (Depth)میں گرنے سے پہلے 40 سال تک وَیْل نامی وادِی میں رہیں گے۔([2]) * حضرت عطا بن یَسَار رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: وَیْل نامی یہ جہنّم کی وادِی اتنی ہولناک ہے کہ اگر اس میں پہاڑ ڈال دئیے جائیں تو وہ بھی اس کی گرمی سے پگھل جائیں۔([3])
اللہ پاک کی پناہ! اللہ پاک کی پناہ! اللہ پاک ہمیں جہنّم سے اور جہنّم کی اس ہولناک وادِی سے محفوظ فرمائے۔
گنہگار ہوں میں لائِق جہنّم ہوں کرم سے بخش دے مجھ کو نہ دے سزا یارَبّ!
برائیوں پہ پشیماں ہوں رحم فرما دے ہے تیرے قہر پہ حاوِی تری عطا یارَبّ! ([4])
وَیْل کا حقدار بنانے والے اَعْمَال
پیارے اسلامی بھائیو! جہنّم کی اس ہولناک وادِی کا حقدار کون ہے؟ وہ کون سے بُرے اَعْمَال ہیں، جو اس وادِی میں جانے کا سبب بن سکتے ہیں؟ آئیے! سُنتے ہیں اور اس نِیّت سے سُنتے ہیں کہ ہم ان بُرے کاموں سے بچ کر خُود کو جہنّم سے بچانے اور جنّت کا حقدار بنانے کی کوشش کریں گے۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!