Book Name:Jahannami Wadi Wail Ke Haqdar Kon
ان مُبارَک آیات میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہم اس دنیا میں مختصر وقت کے لئے آئے ہیں، ایک دِن یہاں سے رَختِ سفر باندھنا اور قبر میں اترنا ہے، ہم یہ بات جانتے ہیں مگر مال کی زیادہ طلبی، حرص اور لالچ نے ہمیں غافِل کر دیا، لاکھ ملے تو 2 لاکھ مانگتے ہیں، 2 لاکھ ملے تو 4 لاکھ کی خواہش ہے، کروڑ پتی بنے تو ارب پتی بننے کی ہوس ہے، بس اسی ایک دُھن میں مگن، نہ مرنا یاد، نہ قبر میں اترنا یاد، نہ نکیرین کے سوالات کی فکر، نہ قبر کا دبانا یاد، نہ قبر کی تنگی ، وہاں کا اندھیرا، وہاں کی تنہائی یاد، نہ قیامت کے دِن اُٹھنا یاد، نہ ہر ہر نعمت کا حساب دینا یاد ہے، ہاں بَس یاد ہے تو ھَلْ مِن مَّزِیْد (یعنی اَور ملے، اور ملے) کا نعرہ یاد ہے، بس اس میں مگن زندگی کے دِن رات گزارتے چلے جا رہے ہیں مگر ہم یاد رکھیں یا بھول جائیں، ایک دِن حضرت عزرائیل علیہ السّلام تشریف لائیں گے، سانس اٹکے گی، آخری ہچکی آئے گی اور رُوح بدن سے جُدا ہو جائے گی، پھر دیکھتے ہی دیکھتے ہمیں اندھیری قبر میں اُتار دیا جائے گا، مال ودولت کا ڈھیر، بینک بیلنس، کاریں، کوٹھیاں سب یہیں کا یہیں رِہ جائے گا۔
تو نے منصب بھی کوئی پایا تو کیا گنجِ سِیْم و زَرْ بھی ہاتھ آیا تو کیا
قصرِ عالیشان بھی بنوایا تو کیا دبدبہ بھی اپنا دکھلایا تو کیا
ایک دِن مرنا ہے، آخر موت ہے
کر لے جو کرنا ہے، آخر موت ہے
عیش کر غافل نہ تو آرام کر مال حاصِل کر نہ پیدا نام کر
یادِ حق دُنیا میں صبح و شام کر جس لئے آیا ہے تو وہ کام کر
ایک دِن مرنا ہے آخر موت ہے کر لے جو کرنا ہے آخر موت ہے
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد