لہسن اور اسٹابری

لہسن(Garlic) اور اس کے فوائد

لہسن کئی کھانوں کا اہم ترین جز سمجھا جاتا ہے۔ یہ گرم ہوتا ہے اسی لئے طبّی ماہرین نے اسے سردی سے بچاؤ کے لئے بہترین ٹانک(Tonic) قرار دیا ہے۔لہسن کئی طبّی فوائد کا حامل ہے ،اس کے 4 فوائد ملاحظہ کیجئے:

٭سردیوں میں لہسن کے استعمال سے نزلہ، زکام اور کھانسی سے بچاؤ رہتا ہے۔٭لہسن ایک قدرتی اینٹی بائیوٹکس (Antibiotics)ہے،پیٹ میں موجود مُضر اور بیماری پیدا کرنے والے بیکٹریا(Bacteria)کو ختم کرتا ہے جس سے آپ رہیں صحت مند اور کئی بیماریوں سے محفوظ ٭دمہ اور سانس کی کئی بیماریوں،آنتوں کی بیماریوں، امراضِ جلد، ہائی بلڈ پریشر، فالج، لَقوہ،رعشہ، نِسیان،کینسر،ٹی بی، درد ِسر، دانتوں کے درد، گلے کی گلٹھی، جسمانی کمزوری، آواز بیٹھنا،تپ دق، اورمرگی جیسے بے شمار امراض ٹھیک کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کے مرض سے بھی حفاظت کرتااورکولیسٹرول کی سطح نیچی رکھتاہے٭خون کو پتلا کرتا ہے جس سے آپ کا نظام ِدورانِ خون تیز رہتا ہے نیز اگر خون کی شِریانیں بند ہونے لگیں تو روزانہ نہار منہ لہسن کا استعمال کریں بہت جلد طبیعت بحال ہوتی محسوس ہوگی۔(پھلوں سبزیوں کے فوائد،ص 112، وغیرہ)

نوٹ:کچا لہسن کھانے سے منہ میں بو پیدا ہوجاتی ہے لہٰذا جب تک بو باقی ہو مسجد میں جانا جائز نہیں کہ فرشتوں کو اس سے تکلیف ہوتی ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص648ملخصاً)

 اِسٹابری(Strawberry)اور اُس کے فوائد

سرخ رنگ کا یہ لذیذ پھل دیکھنے میں جتنا خوبصورت ہے انسانی صِحَت کے لئے بھی اُتنا ہی فائدہ مند ہے۔اس کا مزاج سرد ہوتا ہے۔ اِسٹابری کے 9 فوائد درج ذیل ہیں:

٭اِسٹابری کا استعمال امراضِ قلب اور شوگر (Diabetes) سے تَحَفُّظ دیتا ہے۔ اِسی وجہ سے طِبِّی ماہرین نےاِسے دِل کی صحت کے لئے بہترین پھلوں میں سے ایک پھل قرار دیا ہے۔ ٭ ہائی بلڈ پریشر، خراب کولیسٹرول میں بھی مفید ہے۔ ٭اِسٹابری میں موجود ایک جُزْ Ellagic Acid اِنسداد ِ کینسر کی خصوصیت رکھتا ہے اور کینسر کے خَلْیُوں کی نَشْوْونَما کو روکتا ہے۔٭اِسٹابری کھانا گلے کے کینسر میں مفید ہے۔ ٭ اِسٹابری آنکھوں کی بینائی کو تقویَّت بخشتی اور موتیا کے مرض سے نجات کا باعث ہے۔٭ جسم کے دِفاعی نِظام کو مضبوط اور طاقتور بناتی ہے جس کی بَدولت امراض سے دفاع بھی مضبوط ہوتا ہے۔ ٭اِسٹابری قَبْض اور آنتوں کے ورم سے بچاتی ہے۔ ٭ اِسٹابری جِلد نرم و ملائم اور چہرہ تر و تازہ رکھتی اور عُمر بَڑھنے کے ساتھ جُھرّیاں پڑنے کے عمل کو کم کرتی ہے۔ ٭اِسٹابری جوڑوں کی سوجن اور وَزْن کنٹرول (Control) رکھتی ہے۔(رسائلِ طب،ج2،ص212، وغیرہ)

نوٹ:تمام دوا ئیں اپنے طبیب (ڈاکٹر)کے مشورے سےہی استعمال کیجئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ ماہنامہ فیضان مدینہ، باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code