بیرونِ ملک کے مسافروں کو نصیحت آموز مدنی پھول/ رجَبُ المرجب کا روزہ رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی

بیرونِ ملک کے مسافروں کو نصیحت آموز مدنی پھول

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے مبلغِ دعوتِ اسلامی حسین عطاری! مبلغِ دعوتِ اسلامی عزیزالحق عطاری!               

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مَا شَآءَ اللّٰہ! وقاری کابینہ سے سری لنکا کے لئے مدنی قافلہ تیار ہے، مرحبا! اس کے شُرَکا میں محمد علی عطّاری، آصف عطّاری، عدنان عطّاری، یعقوب عطّاری، فرحان عطّاری، معین عطّاری، اقبال عطّاری، شہزاد عطّاری ہیں۔ اللہ پاک آپ سب کا سفر بالخیر فرمائے، قدم قدم پر آپ کی حفاظت، حمایت اور مدد کرے، آپ کے لئے مددگار پیدا کرے، زبانوں میں اَثَر اور وقت میں بَرَکت دے۔اٰمین! وہاں خوب دل لگا کر مدنی کام کیجئے گا، وہاں ہَریالی (Greenery) کافی ہے اور اسے دیکھنے کے لئے سَیّاح (Tourist) آتے ہیں، اب دیکھئے آپ کیا دیکھتے ہیں۔ یہ شعر ذہن میں بٹھا کر جائیے            ؎

دیکھنا ہے تو مدینہ دیکھئے

قصر ِشاہی کا نظارہ کچھ نہیں

ایک پُرانی یاد پیش کرتا ہوں: ہم 1999ءمیں وہاں (یعنی سری لنکا میں) کسی مَزار پر گئے تھے جو پہاڑ پر تھا اور اس پہاڑ کے پیچھے بڑے حسین مناظر تھے، اسلامی بھائیوں نے کہا ہوگا: دیکھو کتنا حسین منظر ہے! میں نے دو ایک نظر دیکھا، پھر نِگاہ پھیر لی اور دیکھنے سے بچا۔ حاجی عبید رضا بھی ساتھ تھے، انہوں نے پوچھنے پر بتایا: باپا! میں نے بھی نہیں دیکھا۔

 اے عاشقانِ رسول! آہ! مباح نَظاروں کا بھی قِیامت کے دن حساب ہے۔ ان کے متعلق اچھی نیت ہو تو ثواب کی صورت بنے گی لیکن عام طور پر ہم لوگ حظِّ نفس (یعنی مزہ لینے) کے لئے ایسے مناظر دیکھتے ہیں۔ وہاں (سری لنکا میں) چشمے، آبشاریں اور پورے پورے سبز (Green) پہاڑ ہوتے ہیں، وہاں کے بارے میں کہتے ہیں:ایسی زَرخَیز زمین ہے کہ اگر لکڑی کی بھی بُوائی کر دی جائے تو اُگ جاتی ہے۔ وہاں بارشیں بھی بہت ہوتی ہیں، بہرحال وہاں خوبصورت مناظر خوب ہیں! اب آپ کیا کرتے ہیں، یہ آپ کی کَسوٹی (امتحان) ہے۔

اللہ پاک کرے کہ ہم صرف اس کی رِضا والے کاموں میں لگے رہیں، ہمارا دیکھنا ،سُننا، آنا جانا اور اُٹھنا بیٹھنا اَلْغَرَض ہر کام اللہ پاک کی رضا کے لئے ہو۔ سری لنکا کے اسلامی بھائیوں کو میرا سلام کہئے گا۔ وہاں میرے خاندان والے بہت ہیں، ان سے ملیں تو ان کو خصوصیت کے ساتھ میرا سلام کہئے گا اور ان پر زیادہ توجّہ دیجئے گا۔ آدمی کو خاندان کی بھی ایک کَشِش ہوتی ہے لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ میرا سارا خاندان دعوتِ اسلامی میں ہو اور سب مدنی کام کرنے والے بَن جائیں اور یوں مدینہ مدینہ ہوجائے۔ بے حساب مغفِرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

رجَبُ المرجب کا روزہ رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی

ہند کے جامعاتُ المدینہ کے 3000طلبۂ کرام میں سے تقریباً 1507 طلبۂ کرام نے(غالباً) پہلی رجب المرجب 1439ھ کا روزہ رکھنے کی سعادت حاصل کی، جس پر  شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےصَوتی پیغام کے ذریعے ان کی حوصلہ افزائی فرمائی اور دعاؤں سے نوازا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code