روزے کی حالت میں منجن یا برش پیسٹ کرنا کیسا؟/ گھر میں اونٹ کی ہڈی رکھنے کا ٹوٹکا

روزے کی حالت میں منجن یا برش پیسٹ کرنا کیسا؟

سوال:روزہ رکھنے کے بعد منجن یا برش پیسٹ کے ذریعے دانت صاف کرسکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:روزہ رکھنے کے بعد منجن یا برش پیسٹ کے ذریعے دانت صاف کرنے سے بچنا چاہئے، اگر ان کا ایک ذرّہ بھی حلق میں اُترتا ہوا محسوس ہوا تو روزہ ٹوٹ جائے گا، کیونکہ پیسٹ بہت تیز ہوتا ہے اور منجن بھی کافی نمکین و باریک ہوتا ہے ان کا حلق میں اُترنے کا قوی اِمکان ہے لہٰذا روزہ میں یہ نہ کئے جائیں بلکہ روزہ میں مسواک کی جائے کہ حدیثِ پاک میں مسواک کرنے کا ذکر ہے، جیساکہ عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے بے شمار بار نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو روزہ میں مسواک کرتے دیکھا۔(ترمذی، ج 2،ص 176، حدیث:725)وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

کیا ناخن کاٹنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

سوال:کیا ناخن توڑنے یا ٹوٹنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب:ناخن کاٹنے، توڑنے یا ٹوٹنے سے اگر بہنے کی مقدار میں خون نکلا تو وضو ٹوٹے گا، ورنہ صرف ناخن کاٹنے، توڑنے یا ٹوٹنے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔(درمختارمع ردالمحتار، ج 1،ص 228،227 ماخوذاً-مدنی مذاکرہ،2ربیع الآخر 1439ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

روزے کی حالت میں آنکھوں میں سُرمہ ڈالنا کیسا؟

سوال:کیا روزے کی حالت میں آنکھوں میں سُرمہ لگا سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں لگا سکتے ہیں البتہ روزے کی حالت میں آنکھوں میں دوا نہیں ڈال سکتے، عُلَما روزے کی حالت میں آنکھوں میں دوا ڈالنے سے منع فرماتے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

نکاح میں ایک بار قبول کرنا کیسا؟

سوال:اگر کسی نے نکاح میں ایک بار ”قبول کیا“ کہا تو کیا اس کا نکاح ہوجائے گا؟

جواب:جی ہاں! ہوجائے گا، البتہ تین بار قبول کرنا بہتر و اَولیٰ ہے۔(فتاویٰ شرعیہ، ج1،ص 421ماخوذاً -مدنی مذاکرہ،یکم ربیع الآخر1439ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

روزہ کی حالت میں بلڈ ٹیسٹ وغیرہ کروانا کیسا؟

سوال:روزہ کی حالت میں بلڈ شوگر یا پھر کوئی اور بلڈ ٹیسٹ کروا سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:کروا سکتے ہیں کہ روزہ کی حالت میں بلڈ ٹیسٹ وغیرہ کے لئے خون نکالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

جَماہی کی وجہ سے نکلنے والے آنسو کا حکم

سوال:بعض اوقات جب جَماہی آتی ہے تو آنکھوں سے آنسو نکل آتا ہے، کیا یہ پاک ہے یا ناپاک ہے؟

جواب:آنکھوں کی بیماری کے سبب سے نکلنے والے آنسو ناپاک ہوتے ہیں اور ان سے وضو بھی ٹوٹ جاتا ہے۔

(در مختار مع رد المحتار،ج1،ص 554 ملخصاً) البتہ جَماہی کی وجہ سے آنکھوں سے ن کلنے والا پانی نا پا ک نہیں ہوتا اور نہ ہی اس سے وُضو ٹوٹتا ہے۔(مدنی مذاکرہ، 28 ذوالقعدۃ الحرام1436ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

گھر میں اونٹ کی ہڈی رکھنے کا ٹوٹکا

سوال:بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ گھر میں اونٹ کی ہڈّی رکھنا چاہئے کیونکہ اس سے جادو وغیرہ اثر نہیں کرتا تو کیا گھر میں اونٹ کی ہڈی رکھ سکتے ہیں؟

جواب:رکھ سکتے ہیں اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں ہے۔ یہ جادو وغیرہ سے حفاظت کا ایک ٹوٹکا ہے اور جس ٹوٹکے سے اللہ و رسول عَزَّوَجَلَّ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے منع نہ فرمایا ہو اور وہ شریعت سے بھی نہ ٹکراتا ہو تو اس پر عمل کرنا جائز ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9رمضان المبارک1436ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

شیطان خواب میں کن کن شکلوں میں نہیں آسکتا؟

سوال:شیطان خواب میں کس کس کی شکل میں نہیں آسکتا؟

جواب:نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، انبیائے کرام، حضرت سیّدُنا ابوبکر صدّیق رضی اللہ عنہ اور کعبے کی صورت میں نہیں آسکتا، چنانچہ اس ضمن میں دو فرامینِ مصطفےٰصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ملاحظہ فرمائیے: (1)جس نے مجھے خواب میں دیکھا یقیناً اس نے مجھے ہی دیکھا کیونکہ شیطان میری اور کعبے کی صورت اختیار نہیں کرسکتا۔(فردوس الاخبار،ج 3،ص 635،حدیث:5989) (2)جس نے ابوبکر صدیق (رضی اللہ عنہ)کو خواب میں دیکھا اس نے واقعی انہی کو دیکھا کیونکہ شیطان ان کی شکل اختیار نہیں کرسکتا۔(فردوس الاخبار، ج 3،ص 635، حدیث:5990) یاد رکھئے! شیطان خواب میں جس طرح نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی صورت اختیار نہیں کرسکتا اسی طرح دیگر انبیائے کرام علیہمُ السَّلام کی صورت بھی اختیار نہیں کرسکتا۔(فیض القدیر،ج6،ص 170،تحت الحدیث:8688 - مدنی مذاکرہ،6ربیع الآخِر 1439ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

میّت کی پیشانی پر بِسْمِاللہ یا پہلا کلمہ لکھنا کیسا؟

سوال:کیا میّت کی پیشانی پر بِسْمِاللہ یا پہلا کلمہ لکھ سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں لکھ سکتے ہیں اور اس سے میّت کو فائدہ پہنچنے کی بھی امّید ہے جیسا کہ دُرِّمُختار میں ہے:ایک شخص نے مرنے سے پہلے یہ وصیّت کی کہ انتقال کے بعد میرے سینے اور پیشانی پر بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم لکھ دینا۔ چُنانچِہ ایسا ہی کیا گیا۔ پھر کسی نے خواب میں اُس شخص کو دیکھ کر حال پُوچھا، اُس نے بتایا کہ جب مجھے قَبْر میں رکھا گیا، عذاب کے فِرِشتے آئے، جب پیشانی پر بِسْمِ اللہ دیکھی تو کہا: تُو عذاب سے بچ گیا!(درمختار،ج 3،ص 186) علّامہ شامِی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: یُوں بھی ہوسکتا ہے کہ نہلانے کے بعد اور کفن پہنانے سے پہلے کلمہ کی انگلی سے میّت کی پیشانی پر بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم اور سینے پر لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اﷲ لکھئے۔ روشنائی (Ink) سے نہ لکھئے۔ (ردالمحتار، ج 3،ص 186) اِعْرَاب لگانے کی حاجت نہیں۔ پیارے اسلامی بھائیو! جب بھی کوئی مسلمان فوت ہوجائے تو شہادت کی انگلی سے اس کی پیشانی و سینے پر بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم وغیرہ ضَرور لکھئے کہ آپ کی تھوڑی سی توجُّہ مرنے والے کی بخشش کاذریعہ اور میّت کے ساتھ ہمدردی کی نیکی آپ کی بھی نَجات کا باعِث بَن سکتی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد

Share

Articles

Comments

Security Code