عورت کے پاس کتنی رقم ہوتوحج فرض ہوتاہے؟

عورت کے پاس کتنی رقم ہوتوحج فرض ہوتاہے؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ مسلمان عاقلہ بالغہ تندرست عورت کے پاس کتنی مالیت  ہوتواس پرحج کرنافرض ہوتاہے؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جو عاقلہ بالغہ تندرست مسلمان خاتون اپنی حاجت سے زائد اتنی مالیت رکھتی  ہوکہ حج کےزادِسفراورآنے جانے کے خرچ پرقادرہو اور کسی قابلِ اعتماد محرم کے اخراجات کی استطاعت ہو تو اُس پر حج کرنا لازم ہے اوراس محرم کے اخراجات بھی عورت کے ذمے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

عدت میں عورت  کا بِلاعذر گھر سے نکلنا کیسا؟

سوال : کیافرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ ہندہ کا شوہرفوت ہوا ، ہندہ دورانِ عدت کپڑے وغیرہ کی شاپنگ کے لئے گھرسے نکل جاتی ہےحالانکہ ہندہ  کو کپڑے خریدنے کی حاجت نہیں ہے ، اور زینت بھی اختیار کرتی ہے ، ہندہ کا ایسا کرنا درست ہے یا نہیں؟ ہندہ ابھی عدت میں ہے اور اس کے پا س عدت گزارنے کےلئے کافی مال موجود ہے۔

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

مذکورہ صورت میں ہندہ کادورانِ عدت گھر سے نکلنا شرعاً ناجائزوگناہ ہےکیونکہ شریعتِ مطہرہ نے گھر سے نکلنے کی بعض صورتوں میں اجازت دی  ہے اور ہندہ کا نکلنا بِلااجازتِ شرعی ہےاوراسی طرح دورانِ عدت اس کازینت اختیار کرنا بھی جائز نہیں ہے کیونکہ دورانِ عدت سوگ کاحکم ہےاور زینت سوگ کے منافی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

خواتین کا اپنے پاس مُوئے مبارک رکھنا کیسا؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا خواتین اپنے پاس  تبرکات ، خصوصاً نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کے مُوئے مبارک رکھ سکتی ہیں؟ سائل : محمد بلال عطاری (موہنی روڈ ، لاہور)

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جس طرح مَردوں کو تبرکات رکھنے کی اجازت ہے ، اسی طرح خواتین کو تبرکات رکھنے کی اجازت ہے ، دیگر تبرکات  کے ساتھ ساتھ نبیِّ  کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کے موئے مبارک  بھی رکھنا شرعاً جائز ہے۔ کئی صحابیات رضی اللہ عنہن سے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کے موئے مبارک اوردیگرتبرکات اپنےپاس رکھناثابت ہے  جیسے کہ حضرت عائشہ  صدیقہ رضی اللہ عنہا کے پاس نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کاکمبل شریف اور تہبندمبارک تھا ، حضرت اسماء بنتِ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہما کے پاس جبہ مبارک تھااورحضرت اُمِّ سُلَیم رضی اللہ عنہا کےپاس نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کا پسینہ مبارک اوربال مبارک تھے۔ اس کے علاوہ بھی کئی صالحات کے پاس نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم کے بال مبارک  تھے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*دارالافتاء اہلِ سنّت ، لاہور


Share

Articles

Comments


Security Code