آزمائش میں پھنسے اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے “ مجلس اسپیشل افراد “ کے نگران ، مبلغِ دعوتِ اسلامی ، انیس رضا عطاری اور دیگر اسلامی بھائی جو کانپور (ہند) میں اِشاروں کی زبان (Sign Language) کا کورس کرتے ہوئے آزمائش میں آگئے ہیں ان سب کی خدمت میں :

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

28مارچ2020ء کو میں نے رُکنِ شوریٰ حاجی عماد مدنی کے ذریعےآپ کا آڈیو پیغام (Voice Message) سنا ، سُن کر پتا چلا کہ آپ لوگ آزمائش کا شکار ہیں۔ آپ حضرات راہِ خدا میں سفر کرتے ہوئے پہلے “ نیپال “ تشریف لے گئے اور پھر چند دن بعد “ کانپور “ تشریف لائے۔ 22 مارچ 2020ء کوہند میں “ لاک ڈاؤن “ ہوا ، 25مارچ کو آپ کا کورس پورا ہوا اور اب (28 مارچ 2020ء) تک آپ حضرات واپس اپنے گھروں کو نہیں جاسکے۔ اللہ! اللہ!اِمتحان ہے ، میرے مدنی بیٹو! صَبْر کرو اور اللہ پاک کی رضا پر راضی رہو۔ اللہ کریم آسانی کردے اور آپ حضرات کے لئے اپنے والدین اور بال بچوں کے پاس اپنے اپنے گھر واپسی کی کوئی صورت بنا دے۔ اللہ کی رَحمت بہت بڑی ہے ، دُعا کریں اور ہوسکےتو صَلوٰةُ الحَاجات پڑھیں ، اِنْ شَآءَ اللہ کرم ہوجائے گا۔ مصیبت بعض اوقات مؤمن کے حق میں رَحمت ہوتی ہے اور صبر کرکے عظیم اجر کمانے اور بے حساب جنّت میں جانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ چنانچہ فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : جس کے مال یا جان میں مصیبت آئی پھر اس نے اسے چھپائے رکھا اور لوگوں پر ظاہر نہ کیا تو اللہپاک پر حق ہے کہ وہ اس کی مغفِرت فرمادے۔ ([1]) ایک مرتبہ ایک شخص نے  بارگاہِ رسالت میں کئی سُوالات کئے جن میں سے ایک سُوال یہ تھا کہ کون سی نیکی اللہ پاک کے نزدیک سب سے افضل ہے؟نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : اچھے اخلاق اپنانا ، عاجزی کرنا ، مصیبتوں پر صبر کرنا اور تقدیر پر راضی رہنا۔  ([2])

میرے مدنی بیٹو! گھر واپسی کی صورت بننے تک آپ کو جو وقت مل رہا ہے اسے “ مدنی انعامات “ کے مطابق عمل کرکے خوب نیکیوں میں گزاریں ، روزانہ اپنے اعمال کا مُحاسَبہ کرتے ہوئے مدنی انعامات کا رِسالہ پُر کرتے رہیں ، خوب قراٰنِ کریم کی تلاوت ، نوافِل اور دُرود ِپاک کی کثرت کا اہتمام فرمائیں۔ دینی کتابیں میسر(Available) ہوں تو ان کا مطالعہ کریں نیز دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والا کوئی آن لائن کورس کرلیں۔ آئندہ کے لئے اچھی اچھی نیتیں کرلیں مثلاً ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں اوّل تا آخِر شرکت ، رمضانُ المبارک میں اعتکاف اور ہر مہینے تین دن مدنی قافلے میں سفر کی پکی نیت ہو جائے تو مدینہ مدینہ۔

میرے مدنی بیٹو! ہمت رکھیں اور وسوسوں کو قریب نہ آنے دیں ، اِنْ شَآءَ اللہ سب بہتر ہوجائے گا ، یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا اور پھر ہم دین کا کام آسانی سے کر سکیں گے۔ اللہ پاک آپ سب کی بے حساب مغفرت فرمائے اور آپ کی کوششیں قبول فرمائے ، اٰمین۔

مجھے بھی دعاؤں میں یاد رکھنے کی مدنی التجا ہے۔

زباں پر شکوۂ رنج و اَلَم لایا نہیں کرتے

نبی کے نام لیوا غم سے گھبرایا نہیں کرتے



([1])   معجم الاوسط ، 1 / 214 ، حدیث : 737

([2])   کنز العمال جز : 16 ، 8 / 54 ، ، حدیث : 44147


Share

Articles

Comments


Security Code