جانداروں کی شکل کے کھلونوں کی خرید و فروخت

سودے میں قیمت طے کرنے کی اہمیت

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ زیدنے بکرکو موبائل اس طرح فروخت کیاکہ میرے کاروبارمیں منافع ہواتویہ 60 عمانی ریال کاہے اورنہیں ہواتو100ریال کا، بکر60ریال دے چکاہے اب تک منافع نہیں ہوا۔اس بیع کا کیا حکم ہے؟

الجواب بعون الملک الوھاب  اللھم

ھدایۃ الحق والصواب

جواب: خریدوفروخت کے صحیح ہونے کے بنیادی اصولوں میں ثمن (Price)  کا معلوم ہونابھی ہے کہ عقد (Agreement/Deal) ہوتے وقت لازمی طور پر قیمت (Price)  کا تعین (Determine) ہو جائے۔ اگر سودا  ہوجائے لیکن قیمت (Price)میں جہالت (Confusion) باقی رہے تو شریعت مطہرہ اس عقدکوفاسد قراردیتی ہے۔ پوچھی گئی صورت  میں کی گئی خرید و فروخت جائز نہیں کہ یہاں قیمت (Price) میں جہالت (Confusion) پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے یہ عقد فاسد یعنی غیر شرعی ہےاور اس کا توڑنا واجب ہے۔فتاویٰ شامی میں بیع کے صحیح ہونے کی شرائط میں ہے: ’’وَمَعْلُومِيَّةُ الثَّمَنِ بِمَا يَرْفَعُ الْمُنَازَعَةَ‘‘ ترجمہ: اور ثمن کا اس طرح معلوم ہونا کہ جھگڑا نہ ہو سکے۔(فتاویٰ شامی،7/14)

صدرُ الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ بہارِ شریعت میں بیع(Selling Deal) کے صحیح ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بیان کرتے ہیں:’’مبیع (Merchandise) و ثمن (Price) دونوں اس طرح معلوم ہوں کہ نزاع (جھگڑا) پیدا نہ ہوسکے اگر مجہول ہوں کہ نزاع ہو سکتی ہو تو بیع (Selling Deal) صحیح نہیں مثلاً اس ریوڑ میں سے ایک بکری بیچی یا اس چیز کو واجبی دام پربیچا یا اس قیمت پر بیچا جو فلاں شخص بتائے۔(بہارِشریعت،2/617مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ تَعَالٰی اَعْلَمُ وَرَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

جانداروں کی شکل والے کھلونوں کی خرید و فروخت

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ آج کل مارکیٹ میں بچوں کے لئے مختلف جانوروں کی شکلوں کے کھلونے ملتے ہیں جو کہ پلاسٹک، لوہے اور پیتل سے بنے ہوتے ہیں کیا بچوں کے لئے یہ کھلونے خریدنا اور بچوں کا ان سے کھیلنا جائز ہے ؟

الجواب بعون الملک الوھاب  اللھم

ھدایۃ الحق والصواب

جواب:پوچھی گئی صورت میں یہ کھلونے خریدنابھی جائز ہے اور بچوں کا ان سے کھیلنا بھی جائز ہے ،لیکن ایک بات کا ضرور خیال رکھا جائے کہ وہ کھلونے نہ خریدے جائیں جن میں میوزک جیسی نحوست ہوتی ہے ۔ردالمحتار میں کھلونے کے متعلق خاتَمُ المُحَقِّقِیْن علامہ ابنِ عابدین شامی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ لکھتے ہیں:لَوْ كَانَتْ مِنْ خَشَبٍ أَوْ صُفْرٍ جَازَ ترجمہ: کھلونے اگر لکڑی یا پیتل کے ہوں تو ان کو خرید نا جائز ہے۔(ردالمحتار،ج7،ص505)

صدرُ الشریعہ بدْرُ الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فتاویٰ امجدیہ میں لکھتے ہیں:’’لوہے پیتل تانبے کے کھلونوں کی بیع (Sale Agreement)جائز ہے کہ یہ چیزیں مال متقوم (وہ مال جس سے نفع اٹھانا جائزہو) ہیں۔‘‘(فتاویٰ امجدیہ ج،4،ص232)

ایک اور مقام پر لکھتے ہیں:’’معلوم ہوا کہ ان کا تصویر ہونا وجہِ عدمِ جوازِ بیع (Reason Of Impermissibility of dealنہیں۔‘‘(فتاویٰ امجدیہ،ج4،ص233)

مزیدفرماتے ہیں:’’رہا یہ امر کہ ان کھلونوں کا بچوں کو کھیلنے کے لئے دینا اور بچوں کا ان سے کھیلنا یہ ناجائز نہیں کہ تصویر کا بروجہِ اعزاز (As Respect) مکان میں رکھنا منع ہے نہ کہ مطلقاً یا بروجہ اہانت بھی۔‘‘(فتاویٰ امجدیہ،ج4،ص233)

وَاللہُ تَعَالٰی اَعْلَمُ وَرَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

تصاویر والی اشیاء کی خرید و فروخت کا حکم

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ جن چیزوں پر تصویریں چَھپی ہوں مثلاً صابن وغیرہ ان کو خریدنا کیسا؟

الجواب بعون الملک الوھاب  اللھم

ھدایۃ الحق والصواب

جواب:سوال میں بیان کردہ چیزوں کا خریدنا بلاشبہہ جائز ہے کیونکہ خریدنے والے کا مقصود چیز خریدنا ہوتا ہے نہ کہ تصویر۔جیسا کہ مفتی وقار الدین رَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ تصویر والی کتب کی خرید و فروخت کا حکم بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ’’صورت مسئولہ میں ان کتابوں کو بیچنا جائز ہے کہ یہ کتابوں کی خرید و فروخت کرنا ہے نہ کہ تصاویر کی۔البتہ علیحدہ سے تصویر کا بیچنا حرام ہے ۔‘‘(وقار الفتاوی،ج1،ص218)

تنبیہ: دکاندار پر لازم ہے کہ جن اشیاء پر عورتوں کی تصاویر ہوتی ہیں ان کو نمایاں کرنے سے اجتناب کرے۔

وَاللہُ تَعَالٰی اَعْلَمُ وَرَسُوْلُہُ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم


Share

Articles

Gallery

Comments


Security Code