بھنڈی اور کیلا

بھنڈی کے فوائد

بھنڈی ایک مشہور سبزی ہے، بے حد لیس دار ہوتی ہے، سبز اور سفید دونوں رنگوں میں کاشت ہوتی ہے۔ لوگ اسے نہایت شوق سے کھاتے ہیں۔ بھنڈی اور اس کے بیج بطورِ دوا استعمال ہوتے ہیں، اس کا ذائقہ پھیکا اور لعاب دار ہوتا ہے۔

(1) بھنڈی کی تاثیر کے باعث اہل بنگال زمانۂ قدیم سے اسے گلے کی خراش کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

(2) نزلہ، زکام اور پیشاب کے امراض مثلاً سوزاک وغیرہ کے لیے بھی اس کا جو شاندہ استعمال کیا جاتا ہے۔

(3)  بھنڈی کھانے سے پیشاب کی جلن دور ہوتی ہے۔

(4) بھنڈی کھانے سے پیٹ میں ہوا پیدا ہوتی ہے، بھنڈی قابض بھی ہے اور صحت مند افراد کو بھی دیر سے ہضم ہوتی ہے۔ لہٰذا وہ افراد جن کی قوتِ ہاضمہ دُرُست نہیں انہیں اس سبزی کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔(پھولوں، پھلوں اور سبزیوں سے علاج، ص 292) اس کے علاوہ بھنڈی ہڈیوں کی مضبوطی، جلد کی بہتری، آنتوں کے سرطان (Cancer) سے حفاظت، دل کی بیماریوں سے حفاظت، لُو لگنے سے حفاظت، وزن کم کرنے اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مفید ہے۔

(5) شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے خصوصاً بزرگ افراد کے لیے بھنڈی کا ایک نہایت ہی زبردست نسخہ بیان فرمایا ہے جو جوڑوں کے درد دور کرنے میں بہت مفید ہے: روزانہ ایک بھنڈی سر سمیت لمبائی میں چیرکر پانی کے گلاس یا مٹی کے پیالے میں 10 سے 12 گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر بھنڈی کو پکڑ کر اچھی طرح سے پانی میں نچوڑ لیں اور سارا پانی پی لیں۔( مدنی مذاکرہ، 21 رمضان المبارک 1437ھ)

کیلے کے فوائد

کیلے کا شمار خوش ذائقہ اور لذیذ ترین پھلوں میں ہوتا ہے، شاید آم کے بعد سب سے لذیذ، قوت بخش اور زیادہ کھایا جانے والا پھل یہی ہے، کیلے کا شمار ان پھلوں میں ہوتا ہے جن میں تقریباً تمام وٹامنز پائے جاتے ہیں، کیلا ایک مکمل غذا ہے، کہا جاتا ہے کہ دو کیلے کھانے سے ایک مکمل کھانے جتنی قوت حاصل ہوتی ہے۔

کیلے کے چند فوائد ملاحظہ کیجئے:

(1) کیلاخصوصاً ان بچوں کے لیے مفید ہے جنہیں کسی سبب سے ماں کا دودھ نہ ملا ہو، ایسے بچوں کو بقدرِ ضرورت پکے ہوئے کیلے کا نصف گودا دودھ میں ملا کر دینا چاہیے۔

(2) پیچش اور دست کے مریضوں کے لیے کیلے کا استعمال بہت مفید ہے۔

(3) کیلا خشک کھانسی اور گلے کی خشکی دور کرتا ہے۔

(4) کیلا دل کو فرحت دیتا اور خون کی کمی دور کرتا ہے۔

(5) جلے ہوئے مقام پر کیلے کا لیپ لگانا جلن، سوزش اور درد دور کرنے میں نہایت مفید ہے۔

کیلے کے چھلکے نہ پھینکئے:

جی ہاں! کیلے کا چھلکا بھی نہایت مفید ہے، چند فوائد یہ ہیں:

(1) کیلے کے چھلکے کی اندرونی سطح کو دانتوں پر ملنے سے ایک ہفتے کے اندر دانت سفید اور چمکدار ہوجاتے ہیں۔

(2) کیلے کے چھلکے کا مساج (Massage)  دانوں اور جھریوں کو دور کرنے کے لیے بہت مفید ہے۔

(3) کسی زہریلے جانور یا کیڑے کے کاٹنے سے خارش ہو رہی ہو تو متأثرہ جگہ پر کیلے کا چھلکا رکھیں خارش میں کمی ہوگی اور سکون ملے گا، افاقہ ہونے تک عمل جاری رکھیں۔

(4) فرنیچر، جوتے اور چاندی کی چیزوں کی صفائی کے لیے بھی کیلے کا چھلکا استعمال کیا جاتا ہے۔(انٹرنیٹ کی مختلف ویب سائٹس سے ماخوذ) نوٹ: ہر دوا اپنے طبیب (ڈاکٹر)  کے مشورے سے ہی استعمال کیجئے۔


Share

Articles

Comments


Security Code