ہرن کی کھال استعمال کرنا کیسا؟

ہِرَن (Deer)کی کھال گھر میں رکھنا کیسا؟

سوال:کیا ہِرَن کی کھال سُکھا کر گھر میں رکھنا جائز ہے؟

جواب:جی ہاں! ہِرَن کی کھال سُکھا کر اسے گھر میں رکھنا جائز ہے۔ اسی طرح خنزیر (جسے سُوَر بھی کہا جاتا ہے اس) کے علاوہ دیگر جانوروں کی کھال بھی سُکھانے کے بعد گھر میں استعمال کی جاسکتی ہے۔ یہ تصویر کے حکم میں نہیں آئیں گی۔ ہاں! البتہ ہِرَن یا کسی اور جانور کی بنائی ہوئی تصویر گھر میں لگانا جائز نہیں ہے۔(مزید تفصیل کے لئےبہارِشریعت،جلداول،صفحہ402 مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کا مطالعہ کیجئے)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ!                 صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

کسی کے سَر اور چہرے پر مارنا کیسا؟

سوال:بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ ”سَر پر مارنا گناہ ہے کیونکہ سَر پر قرآن ہوتا ہے“ کیا یہ سچ ہے؟

جواب:بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ ”سَر پر مارنا گناہ ہے کیونکہ سَر پر قرآن ہوتا ہے“ اور بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ ”حافظ کے سینے میں قرآن ہوتا ہے“ حقیقت میں قرآنِ پاک نہ سَر میں ہوتا ہے اور نہ ہی سینے میں ایسا محاورۃً کہا جاتا ہے۔ ہاں! البتہ سَر اور چہرے پر مارناناجائز ہے لہٰذا کسی کے بھی سَر اور چہرے پر نہیں مارنا چاہیے۔ یہاں تک کہ جانوروں کے چہرے پر بھی نہیں مارنا چاہیے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ!                 صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

دُھند (Fog)میں سفر کی احتیاطیں

سوال: دُھند(Fog) میں سفر کرتے وقت ہمیں کیا کیا احتیاطیں کرنی چاہئیں؟ اس بارے میں کچھ مدنی پھول اِرشاد  فرما دیجیے۔

جواب:دُھند(Fog) میں سفر کرتے وقت ڈرائیور کی ذمہ داری کچھ زیادہ بڑھ جاتی ہے تو جو بھی ایسے موسم میں ڈرائیونگ کریں تو اُنہیں چاہیے کہ وہ گاڑی کی تمام لائٹس کھلی رکھیں تاکہ نہ آپ کی گاڑی آگے چلنے والی کسی دوسری گاڑی سے ٹکرائے اور نہ ہی پیچھے سے آنے والی کوئی گاڑی آپ کی گاڑی سے ٹکرائے، دورانِ ڈرائیونگ اپنی گاڑی کی اسپیڈ سِلو(Slow) رکھیں اور بہت محتاط طریقے سے اپنے ٹریک (Track) پر ہی گاڑی چلائیں تاکہ کوئی حادثہ وغیرہ نہ ہو، ورنہ بعض اوقا ت بندہ تھوڑا سا بھی ٹریک سے ہٹا تو سائیڈ میں جو کھائی ہوتی ہے اس میں جا گرتا ہے یا پھر پیچھے سے آنے والی کسی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا جاتا ہے۔ جب اس طرح کی احتیاطیں آپ کے پیشِ نظر ہوں گی تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ حادثات وغیرہ سے بھی بچت ہوجائے گی۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ ہم سب کی حادثوں اور دیگر آفتوں سے حفاظت فرمائے،اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّم۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ!                 صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

بچے کی نمازِ جنازہ پڑھے بغیر دفنا دیا

سوال:آج سے پندرہ سال پہلے ہمارے گھر بیٹا پیدا ہوا تھا جو پندرہ بیس منٹ زندہ رہا اور اس کے بعد فوت ہوگیا تھا تو ہمیں کچھ لوگوں نے کہا کہ اس کے کان میں اذان نہیں دی تو اس کی نمازِ جنازہ پڑھنا جائز نہیں ہے، اس کو گھر کے کسی کونے میں یا پھر قبرستان کے باہر دفن کریں۔ ہم نے لوگوں کے کہنے پر اپنے گھر کی ایک خالی جگہ کے کونے میں بغیر نمازِ جنازہ پڑھے اُسے دفن کر دیا اور اب وہاں پر ہم نے اپنے رہنے کے لیے ایک کمرہ (Room)بنایا ہوا ہے، میری بیوی جب بھی اس کمرے میں سوتی ہے تو وہ بہت ڈرتی ہے اور اس کو ایسا لگتا ہے کہ جیسے کسی نے اس کا سانس بند کر دیا ہو۔ ہمیں اب پتا چلا ہے کہ بچہ ایک سانس بھی لے لے تو اس کی نمازِ جنازہ پڑھنا ضروری ہے اور ہم نے اس کی نمازِ جنازہ نہیں پڑھی تو اس کا ہم کیا کفارہ ادا کریں؟ ہمیں اس کا کفارہ بتا دیجیے۔

جواب:بڑا نازک دور آگیا ہے، ہر دوسرا شخص مفتی بنا پھر رہا ہے، ایسے میں ہمیں چاہیے کہ جب بھی کوئی مسئلہ در پیش ہو تو عوام یا بڑے بوڑھوں سے پوچھنے کے بجائے کسی صحیح العقیدہ سُنی عالمِ دین سے پوچھیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو جن لوگوں نے یہ سب بتایا ہو وہ زندہ بھی نہ ہوں اور اگر وہ زندہ ہیں تو ان پر فرض ہے کہ وہ فوراً توبہ کریں، اس لیے کہ وہ بچہ زندہ پیدا ہوا تھا اور اس کی نمازِ جنازہ بھی پڑھنی تھی اور اسے غسل و کفن بھی دینا تھا۔ اب چونکہ یہ کام جو فرائض پر مشتمل تھے نہیں کیے گئے اور یہ ایسے فرائض چھوڑے ہیں کہ جن کا کفارہ ادا نہیں کیا جاتا بلکہ توبہ کرنی ہوتی ہے لہٰذا اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں گِڑگڑا کر توبہ کریں اور جہاں اس بچے کو دفن کر کے قبر بنائی ہے اس پر نہ پاؤں رکھنا ہے نہ اس پر سونا ہے نہ بیٹھنا ہے بلکہ کمرے میں اس حصّے کو جس جگہ آپ نے قبر بنائی تھی دوبارہ ایک بالشت اونچا کر دیں کیونکہ ایک بالشت اونچی اونٹ کے کوہان کی طرح قبر بنانا سنت ہے۔

اگر اس کمرے میں آپ کو ڈر لگتا ہے تو آپ قبر کے آگے کوئی دیوار کھینچ کر اس کو بالکل پَیک(Pack) کر دیں تاکہ وہ نظر ہی نہ  آئے اور نہ ہی آپ کو ڈر لگے۔ اسی طرح بچے کی والدہ اور جن جن لوگوں کو اس کی خبر پہنچی وہ سب فرضِ کفایہ ادا نہ کرنے کے گناہ سے سچی توبہ کریں کیونکہ مسلمان کی نمازِ جنازہ پڑھنا فرضِ کفایہ ہے۔ جن جن کو پتہ چلا ان میں سے کسی ایک نے بھی پڑھ لی اگرچہ عورت نے ہی پڑھ لی ہو، تو سب کی طرف سے یہ فرض ساقط ہوجائے گا۔ ہاں! البتہ اگر بچے کی والدہ اس وقت نفاس والی تھی تو اس پر توبہ نہیں کہ اس پر نمازِ جنازہ فرض نہیں تھی۔ عورت کو حیض و نفاس کی حالت میں نمازِ جنازہ یا کوئی اور نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ حیض ونفاس کی حالت میں عورت پر کوئی بھی نماز فرض نہیں ہوتی۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبْ!                 صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code