Farishton Ki Duain Lijiye

Book Name:Farishton Ki Duain Lijiye

 

سحری کرنے والوں کے لیے دُعائیں

پیارے اسلامی بھائیو!  فرشتوں کی دُعائیں پانے کا ایک آسان طریقہ سحری کھانابھی ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے: سحری برکت والا کھانا ہے، اسے مت چھوڑا کرو!  بیشک   اللہ   پاک اور اس کے فرشتے سحری کرنے والوں پر درود بھیجتے ہیں۔ ([1])

پتا چلا؛ جو سحری کا کھانا کھاتا ہے، فرشتے اُس کے لیے رحمت کی دُعائیں کرتے ہیں۔ آپ فرمائیں گے  کہ یہ فضیلت تو ہم رمضان شریف میں حاصِل کریں گے۔ جی ہاں! رمضان شریف میں بھی ضرور حاصِل کرنی ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ رجب شریف کی آمد بھی ہو رہی ہے۔  سُبْحٰنَ   اللہ   ! عاشِقِ رمضان امیر اہلسنت   دَامَت بَرَکاتہمُ الْعَالِیہ   رجب شریف کو رمضان شریف کا پھاٹک فرماتے ہیں،یعنی رجب شریف جب آ گیا تو اب رمضان شریف کی آمد قریب ہو گئی۔

خیر! ماہِ رمضان کے روزے تو فرض ہیں، وہ تو ہم نے رکھنے ہی رکھنے ہیں، ساتھ ہی ساتھ رجب اور شعبان کے نفل روزے بھی رکھنے ہیں۔

    آقا   صَلَّی   اللہ   عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم    رجب کے روزے رکھتے

حضرت عُرْوَہ بن زبیر  رَحمۃُ   اللہ   عَلَیْہ نے حضرت عبد   اللہ   بن عمر   رَضِیَ   اللہ   عنہما  سے پوچھا:  کیا   اللہ   پاک کے نبی، رسولِ ہاشمی   صَلَّی   اللہ   عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  رجب شریف میں روزہ رکھتے تھے؟ فرمایا: ہاں! (روزے بھی رکھتے تھے) اور اسے اہمیت بھی دیتے تھے۔ ([2])


 

 



[1]...مسند احمد، جلد؛5، صفحہ:119، حدیث:11706 ملتقطاً۔

[2]...کنزالعمال، جزء:8، جلد:4، صفحہ:301، حدیث:24596۔