Surah Fatiha

Book Name:Surah Fatiha

آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔ 

سورہ  فاتحہ سورہ  مناجات ہے

عُلَما فرماتے ہیں : سورۂ فاتحہ سورۂ مُنَاجات ہے۔ مُنَاجَات کا معنی ہے : آہستہ سے باتیں کرنا ، دُعا  اور التجا کرنا۔ جب بندہ اللہ پاک کی بارگاہ میں اس طرح دُعا کرے جیسے وہ اللہ پاک سے باتیں کر رہا ہے ، اسے مناجات کہا جاتا ہے۔

سورۂ فاتحہ سورۂ مُنَاجات ہے ، اس سورتِ پاک کی ابتدائی آیات میں اللہ پاک کی حمد و ثنا ہے ، اس کے بعد بندوں کی طرف سے دُعا مانگی گئی ہے۔

حضرت ابوہریرہ  رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسولِ اکرم ، نورِ مُجَسَّم صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اللہ پاک فرماتا ہے : اس نماز  ( یعنی سورۂ فاتحہ )  کو میرے اور بندے کے درمیان آدھا آدھا تقسیم کیا گیا ہے ، بندہ پڑھتا ہے :

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ(۱)   ( پارہ : 1 ، سورۂ فاتحہ : 1 )

ترجمہ کنزُ العرفان : سب تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو تمام جہان والوں کا پالنے والا ہے۔

اس کے جواب میں اللہ پاک فرماتا ہے : میرے بندے نے میری حمد بیان کی۔ بندہ پڑھتا ہے :

الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِۙ(۲)   ( پارہ : 1 ، سورۂ فاتحہ : 2 )

ترجمہ کنزُ العرفان : بہت مہربان رحمت والا۔

اللہ فرماتا ہے : میرے بندے نے میری ثنا بیان کی۔ بندہ پڑھتا ہے :

مٰلِكِ یَوْمِ الدِّیْنِؕ(۳)   ( پارہ : 1 ، سورۂ فاتحہ : 3 )

ترجمہ کنزُ العرفان : جزا کے دن کامالک۔