Book Name:Qurbani ki Ahmiyat

        یادرکھئے !جس شخص  پر شرعی اُصُولوں کی بنا پرقُربانی واجب ہے  اس پر قُربانی سے مُتعلِّق مسائل سیکھنا بھی لازم  ہیں ۔فی زمانہ علمِ دین سے دوری کے باعث مسلمان  اس  اَہَم فریضہ کو  بھی کَمَاحَقُّہُ  ادا نہیں کرپاتے ،اچھے خاصے پڑھے لکھے دُنیادار لوگوں کی دینی معلومات کاحال یہ ہے کہ ایک ہی گھر میں رہنے والے  مختلف  مالکِ نصاب افراد  پورے گھر کی طرف سے ایک ہی بکرا  قربان کر دیتے ہیں اور قربانی کےلیے کیسا جانور ہونا چاہیے یا کس عیب کی وجہ سے قربانی ہوگی یا نہیں ہوگی ؟انہیں معلوم ہی نہیں ہوتا اوروہ قربانی کرنے کے بعد  اس خُوش فہمی میں مبُتلا رہتے  ہیں کہ ہم نے بھی سُنَّتِ ابراہیمی پرعمل  کرلیا اور ہمارا واجب اداہوگیا ۔حالانکہ  ان کے ذِمّہ  واجب کی ادائیگی باقی رہتی ہے۔آئیے قربانی سے مُتعلِّق چند ضروری مسائل سماعت کیجئے ۔

قربانی کے ضروری مسائل

(1): بعض لوگ پورے گھر کی طرف سے صِرْف ایک بکرا قُربان کرتے ہیں حالانکہ بعض اَوقات گھر کے کئی اَفراد صاحِبِ نصاب ہوتے ہیں اور اِس بِنا پر ان ساروں پر قربانی واجِب ہوتی ہے ان سب کی طرف سے الگ الگ قربانی کی جائے۔ایک بکرا جو سب کی طرف سے کیا گیا کسی کا بھی واجِب ادا نہ ہوا کہ بکرے میں ایک سے زیادہ حصّے نہیں ہوسکتے کسی ایک طے شدہ فردہی کی طرف سے بکرا قربان ہوسکتا ہے۔