ہری مرچ غذا بھی ،دوابھی

سَبْز مرچیں (Green Chilies) مشرقی کھانوں کی شان ہیں جن کا استعمال صدیوں (Centuries) سے ہمارے پکوانوں میں ہوتا چلا آرہا ہے۔ عموماً اسے ہری مرچ بھی کہا جاتاہے۔

ہَری  مرچ کے فوائد

٭ہری مرچ آئرن کا قدرتی خزانہ ہے، ایسے افراد جن میں آئرن کی کمی ہو وہ اِسے باقاعدگی سے استعمال کرکے  آئرن کی  کمی پوری کرسکتے ہیں٭ہری مرچ میں وٹامنز کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتی ہے ٭اس میں فولاد، فاسفورس، پروٹین، حیاتین الف اور بے یعنی  Vitamin A,B  موجود ہیں ٭اس میں وٹامن ای بھی ہوتا ہے جو جِلد کے لئے فائدہ مند ہے، اس سے جِلد نرم و ملائم ہوجاتی ہے ٭یہ نظر کو بہتر بنانے کے لئے بھی مفید ہے ٭مرچیں، کھانا ہضم کرنے اور بھوک بڑھانے میں مددگار ہیں ٭اس کا مزاج، خشک اور گرم ہے ٭ہری مرچ میں اینٹی آکسیڈنٹ (Antioxidant) ہوتا ہے جو جسم کی دِفاعی صلاحیت کو بڑھاتا اور کینسر سے لڑنے میں مدد دیتا ہے ٭ٹشوز کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور نئے بلڈ سیل بنانے میں بھی مفید ہے ٭یہ معدے سے نکلنے والی رطوبتوں کے بہاؤ کو بہتر بناتی اور انہیں متحرک رکھتی ہے ٭کھانوں میں ہری مرچ کا استعمال معدے کے درد اور گیس کے لئے انتہائی مفید ہے ٭ فوڈ پوائزن میں مفید ہے ٭مرچ کا استعمال ہارٹ اٹیک سے بچاتا ہے کیونکہ ہری مرچیں خون میں کولیسٹرول کی مقدار کو کم کردیتی ہیں ٭اس میں پائے جانے والے قدرتی اجزا پھیپھڑوں کے سرطان (Cancer Lungs) سے تحفظ دیتے ہیں ٭اس کے استعمال سے ہیضہ کی شکایت نہیں ہوتی ٭اس میں قدرتی طور پر ایسی خصوصیات ہیں جو خون میں شوگر کی مقدار کو متوازِن رکھتی ہیں ٭یہ سردی میں ہونے والی کھانسی اور گلے کی خراش دور کرتی ہے  ٭موسمی بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مرچ بہترین غذا ہے ٭سبز مرچ کا استعمال ناک کی جانب دورانِ خون میں اضافہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں نزلہ و زکام کی کیفیت میں کافی اِفاقہ محسوس ہوتا ہے ٭جوڑوں اور گھٹنوں کے درد کیلئے انتہائی مفید ہے ٭ جن لوگوں کا مزاج بلغمی ہو ان کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔

احتیاط یادرکھئے!کسی بھی چیز کا زیادہ مقدار میں استعمال نقصان دہ ثابت ہوتا ہے لہٰذا سبز مِرچ کا حد سے زیادہ استعمال معدے میں اَلْسر اور سوزِش، خونی اور بادی بواسیر، پیشاب میں جلن، پیشاب کی نالی میں سوزش اور خون کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔ لہٰذا کھانوں میں اس کا استعمال حسبِ ضرورت کیجئے، نقصان سے بچے رہیں گے اور اس کے طِبّی فوائد (Medical Benefits) بھی حاصل ہوں گے۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ

نوٹ: ہر شخص کی طبیعت اور مزاج مختلف ہوتا ہے لہٰذا کسی بھی قسم کے نسخے کو استعمال کرنے سے پہلے کسی  ماہر طبیب سے مشورہ ضرور کیجئے۔یہ مضمون ایک ماہر

حکیم صاحب سے بھی  چیک کروایا گیا ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ماہنامہ فیضان  مدینہ باب المدینہ کراچی

 


Share

ہری مرچ غذا بھی ،دوابھی

سبزیوں کا رنگ خراب ہونے سے بچائیں سَبزیوں کو فریج میں اسٹور یعنی Frozen   کرنے کے لئے انہیں ہلکاسا اُبال کر فوراً ٹھنڈے پانی سے گزار لینا چاہئے مکمل طور پر اِنہیں گلا کر فریز کرنے اور پھر نارمل یعنی ڈی فروسٹ (Defrost) کرنے سے ان کا رنگ اور ذائقہ خراب ہوجاتا ہے نیز پَھلوں اور سَبزیوں کو چھوٹے سائز کے ڈبوں   میں فریز کرنا چاہئے کیونکہ ڈبے کا سائز جس قدر بڑا ہوگا اسی قدر اشیاء کے مُنْجَمِدہونے یعنی جمَنے کا عمل سُست ہوگا۔سبزی کو تروتازہ رکھئےسبزی کو تَر و تازہ رکھنے کیلئے پانی میں سِرکہ (Vinegar) ملاکر اس پر چِھڑک دیں۔ اس سے سبزی جَلْد مُرجھانے سے مَحفوظ رہے گی۔

سبزیاں نرم پڑجائیں تو! مُولی، گاجر یا چُقَندر(Beetroot) وغیرہ اگر نرم پڑ جائیں تو انہیں کچّے آلو (Potato) کے ساتھ برف کے پانی میں ڈال دیں، دیکھتے ہی دیکھتے وہ ٹھیک ہوجائیں گی۔

زرعی ادویات کا اثر کیسے ختم کریں؟سَبزیوں کو جراثیم اور زَرعی ادویات کے اثرات سے پاک کرنے کیلئے پانی کا ایک بڑاسا برتن لے کر اس میں چُٹکی بھر پوٹاشیم پرمیگنیٹ  شامل کر دیں اور جب پانی کا رنگ جامنی (Purple) ہو جائے تو کٹی ہوئی سبزیاں اس میں پندرہ منٹ کے لئے ڈُبو دیں۔ بعد میں چَھلنی میں رکھ کر سادہ پانی سے دھو لیں۔

لیموں کو تازہ کیسے رکھیں؟ اگر لیموں کو تازہ اور رَسیلا رکھنا ہو تو اسے کسی برتن میں رکھ کر اوپر خُشک نمک ڈال دیں، لیموں دیر تک رسیلے رہیں گے۔

پالک کے ذائقہ کی حفاظت پالک اُبالتے وقت اس میں چُٹکی بھر کھانے کا سوڈا شامل کردیا جائے تو اس کی رنگت اور ذائقے میں فرق نہیں آتا۔

کریلوں کی کڑواہٹ دور کرنے کا طریقہ                ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کریلوں کی کڑواہٹ دور کرنے کے لئے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کریلوں کو چھیل کر بیج نکال دیں اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کاٹ لیں اب اِن پر نمک لگاکر آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑدیں اور پھر اِن کو ہاتھ سے مَسلیں کہ سارا پانی نکل جائے۔ اب کریلوں کو دھوکر اچّھی طرح نِچوڑ لیں اور پندرہ سے بیس منٹ کے لئے دھوپ میں رکھ دیں۔ کریلوں کی کڑواہٹ دور ہو جائے گی۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ

ٹماٹر خراب ہونے سے بچائیں  ٹماٹر کو اس کی جَڑ کی طرف اُلٹا  کر کے رکھیں تو جلد خراب نہیں ہوں گے اور دیر تک تازہ رہیں گے۔

اللہ کریم ہمیں ان نعمتوں کی حِفاظت کرنے، ان کا شکر ادا کرنے اور بِالخصوص عظیم ترین نعمت ایمان کی حفاظت کی فکر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share

Articles

Comments


Security Code