خربوزہ اور شملہ مرچ

خربوزہ (Melon)اور اُس کے فوائد

خربوزہ مَوسِمِ گرما کا ایک لذیذ اور مُفید پھل ہے۔ کدّو شریف کی طرح اس کی اَفزائش بھی زمین پر بَیل کی صورت میں ہوتی ہے۔ سرکار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو تازہ پھلوں میں خربوزہ اور انگور زیادہ پسند تھے۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ خربوزہ روٹی،شَکر اور بسا اوقات کھجورکے ساتھ تناوُل فرماتے تھے۔ (فیضانِ سنت،ص305،ملخصاً) خربوزے پر دو مَثَل (مثالیں) بڑی مشہور ہیں:

”خربوزہ چُھری پر گرے یا چُھری خربوزے پر، نقصان خربوزے ہی کا ہے۔(یعنی کمزور کی ہر طرح شامت ہے)“اور ”خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے۔(یعنی صُحبت کا اَثَر ہوتا ہے)‘‘(فیروزاللغات، ص622)خربوزے کے چند فوائد یہ ہیں:

٭خربوزہ پیاس کی شدّت کوکم کرتا٭قبض اور معدہ کی خشکی کو دُور کرتا٭اور دِل ودماغ کوتَقْوِیَت دیتا ہے ٭گُردوں اور مثانے کے اَمراض میں مُفید ہے ٭خربوزہ سر کی خُشکی (Dandruff)اور خارش کو بھی دُور بھگاتا ہے ٭جِسْم کی گانٹھیں گَلاتا ہے٭خُوب پیشاب لاتا ہے٭ مثانے کی پتھری سے نجات دِلاتا ہے۔ (گھریلو علاج،ص96) ٭حامِلہ عورت اگر بکثرت خربوزہ کھائے تو اولادحسین اور صحّت مند پیدا ہو گی۔(اسلامی بہنوں کی نماز، ص235) ٭خربوزے کے چِھلکوں  کا سُفوف (Powder)سبزیوں کو جَلدگَلانے اور آٹے میں خَمِیْر لانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ (جنتی زیور، ص566،ملخصاً) ٭خربوزےکے تھوڑے سے بیج چھیل کر روزانہ کھالینےاور اوپر سے پانی پی لینے سے گُردے کے دَرْد میں راحت ملتی ہے۔(گھریلو علاج، ص55)بعض حُکَمَا کے نزدیک خربوزہ نَہار منہ (خالی پیٹ) کھانا نقصان دہ ہے۔

شملہ مِرْچ(Bell pepper)اور اُس کے فوائد

شملہ مِرْچ ایک مُفید سبزی ہے، ابتدا میں سبزپھر پیلی اور خُوب پکنے کی صورت میں سُرخ ہوجاتی ہے، اسی وجہ سے  اِس کی قیمتوں اور دستیابی میں بھی خاصا فَرْق ہے۔شملہ مِرْچ کا آبائی وطن میکسیکو (Mexico) اورچلی (Chile) ہے جہاں اسے تین ہزار سال سے کاشْت کیا جارہا ہے۔ شملہ مِرْچ کو آلو، قیمہ، گوشت، دیگر سبزیوں کے ساتھ اور قیمے سے بھر کر بھی پکایا جاتا ہے۔اسے بطورِ سَلاد بھی استعمال کیا جاتا ہے۔یہ تیکھی نہیں ہوتی۔شملہ مِرْچ کے چند فوائد یہ ہیں:

٭شملہ مِرْچ وِٹامن اے اور سی( Vitamin A & C) کے حُصُول کا بہترین ذریعہ ہے٭شملہ مِرْچ آنکھوں میں موتیا اُترنے سے بچاتی ہے ٭سُرخ رنگ کی شملہ مِرْچ ہر قِسْم کے کینسر (Cancer)سے بچانے میں مدد دیتی ہے ٭شملہ مِرْچ فائبر(Fibre)سے بھرپور ہوتی ہے ٭شملہ مِرْچ وَزْن کم کرتی ہے ٭کولیسٹرول (Cholesterol) کی مِقدار بھی کنٹرول کرتی ہے ٭جوڑوں کے دَرْد والے اَفراد خُصوصاً کمردرد والوں کیلئے نہایت مُفید ہے٭شملہ مِرْچ میں ایسے اَجزا پائے جاتے ہیں جو دماغ کے لئے نہایت مفید ہیں، اسی وجہ سے شملہ مِرْچ ذِہنی تَناؤ(Depression) دُور کرتی اور ٹینشن(Tension)  سے نجات دِلاتی ہے۔ ٭سُرخ شملہ مِرْچ بلڈپریشر(B.P.)کے مریضوں کیلئے بھی مُفید ہے ٭شملہ مِرْچ جِلدکی جَلَن اور سُوجَن کے علاج کے لئے بیرونی طور پر  بھی استعمال کی جاتی ہے۔(انٹرنیٹ کی مختلف ویب سائٹس سے ماخوذ)

نوٹ: تمام دوائیں اپنے طبیب(ڈاکٹر)کے مشورے سے ہی استعمال کیجئے۔


Share

Articles

Comments


Security Code