کیا سوتیلی ماں کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں؟

اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری 2023

 کیا سوتیلی ماں کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں ؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس بارے میں کہ کیا سوتیلی ماں کو زکوٰۃ دینا جائز ہے جبکہ وہ شرعی فقیر ہو اور سیدہ یا ہاشمیہ بھی نہ ہو ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

سوتیلی ماں ، جو سیدہ یا ہاشمیہ نہ ہو اور شرعی فقیر بھی ہو تو اسے زکوٰۃ دینا جائز ہے۔

 یا د رہے  کہ شرعی فقیر وہ ہے جس کے پاس اتنا  مال نہ ہو کہ نصاب کو پہنچ جائے یا نصاب کے برابرتو ہو مگر اس کی ضروریاتِ زندگی میں گھِرا ہوا ہو یا اتنا مقروض ہو کہ قرضہ نکالنے کے بعد نصاب باقی نہ رہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ  وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــہ

مفتی فضیل رضا عطّاری

عدت میں سیاہی مائل خضاب استعمال کرنا کیسا ؟

سوال : کیا فرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا عورت عدتِ  وفات میں ڈارک براؤن کلر جو سیاہ محسوس ہو ، لگا سکتی ہے  یا نہیں  ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

سیاہ  خضاب ، جہاد کے علاوہ مطلقا ً ، ناجائز و حرام ہے اورسیاہ کے تمام افراد سیا ہی میں  برابر نہیں ہوتے ، کچھ میں  سیاہی کا وصف شدید ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان میں کسی دوسرے کلر کا شبہہ تک نہیں ہوتا ، جبکہ بعض سیاہ کلر دوسرے کلر کی طرف مائل ہوتے ہیں جیسا کہ مہندی میں نیل کے پتے زیادہ مقدار میں شامل کرکے خضاب کیا جائے تو بال سیاہ ہوجاتے ہیں مگر اس کی سیاہی ، نیلے کلر کی طرف مائل ہوتی ہے۔یہ بھی سیاہ کلر ہے اور اس کا لگانا بھی حرام ہے۔اس تفصیل کے مطابق ڈارک براؤن  کلر ، جس کو لگانے سے بال سیاہ معلوم ہوتے  ہوں وہ بھی سیاہ کے حکم  میں ہے اور اس کا لگانا بھی ناجائز وحرام ہے ، صرف نام براؤن ہونے سے وہ جائز نہیں ہو جائے گا ۔پھر یہاں تو عدت میں لگانے کا سوال کیا جا رہا ہے ، یہ اور زیادہ شنیع و قبیح ہے کہ عدت وفات اور طلاق بائن و مغلظہ کی عدت میں عورت کو  بناؤ سنگار ناجائز و ممنوع ہے ، اور خضاب بھی بناؤ سنگار کی قبیل سے ہے ، یہ چاہے کالے کے علاوہ  کسی اور کلر کا ہو ، عدت میں ممنوع و ناجائز ہے ، چہ جائیکہ کہ کالا کلر   وہ اورزیادہ  شنیع و ممنوع ہے ، لہٰذا عدت و غیر عدت میں سیاہ کلر لگانے سے بچنا ضروری ہے۔

یاد رہے یہاں عدت کی وجہ سے سیاہ کے علاوہ دیگر کلر بھی ممنوع قرار دیئے گئے ، ورنہ سیاہ کے علاوہ دوسرے کلر کا خضاب لگانے کی مردوں کو مطلقاً اور عورتوں کو  عدت کے علاوہ اجازت ہے ، اس میں حرج نہیں اور یہ  بھی دو طرح کے ہوتے ہیں ، بعض وہ کلر کہ جن میں سیاہی کا شبہہ تک نہیں ہوتا اور بعض وہ ہوتے ہیں کہ جو سیاہی کی طرف مائل ہوتے ہیں جیسا کہ علماء نے مہندی میں کتم  (یہ ایک مخصوص جڑی بوٹی کا نام ہے) کے پتے شامل کرنے کے متعلق فرمایا کہ اس سے سرخی میں پختگی آجاتی ہے اور سرخ کلر کا قاعدہ ہے کہ گہرا ہو تو سیاہی مائل ہوجاتا ہے۔ یہاں بھی اس میلان کا اعتبار نہیں اور اس  کا لگانا جائز ہے بلکہ مہندی میں کتم  کے پتے شامل کرکے لگانا کہ جس سے گہرا سرخ کلر حاصل ہو ، تنہا مہندی سے بہتر ہے اور سب سے بہتر خضاب ، زرد کلر کا ہے جیسا کہ احادیثِ طیبہ میں اس کی ترغیب ارشاد ہوئی ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ  وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

مجیب مصدق

ابو محمد محمدسرفراز اخترعطّاری مفتی فضیل رضا عطّاری


Share

Articles

Comments


Security Code