کاروبار کیسے شروع کریں؟

تاجروں کے لئے

کاروبار کیسے شروع کریں ؟

*مولانا عبدالرحمٰن عطاری مدنی

 ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ فروری 2023

کاروبار  ( Business )  کا فائدہ صرف تاجِر  تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے ملازمین وغیرہ کے ذریعے دوسروں کو بھی پہنچتا ہے۔ کاروبار کرنے والا کئی گھرانوں کے چولہے جلنے کا سبب بن سکتا ہے ، کاروبار سے نہ صرف آدمی اپنے مَعاشِی حالات بہتر بناسکتا ہے بلکہ ملک و قوم کی مَعاشی ترقّی  (Economic Development )  میں بھی اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

جب کوئی شخص کسی کاروبار کی ابتداکرنے لگتا ہے تو اسے اس طرح کےخیالات آتے ہیں کہ ” کاروبار کا کوئی تجربہ نہیں ہے “  ، ” رقم ڈوب گئی تو کیا ہو گا ؟ ساری جمع پونجی ضائع ہوجائے گی “  ، ” اگر قرضہ لے کر شروع کرتا ہوں تو نقصان ہونے کی صورت میں ساری عمرقرض اُتارنے میں نکل جائے گی “ وغیرہ۔

یہ خیالات ایسے شخص کے خیال کی طرح ہیں جو کسی مقابلے میں شامل ہونے سے پہلے ہی یہ سوچنے لگے کہ میں ہار جاؤں گا۔ ان خیالات و خدشات کا حَل ذیل میں دیئے گئے6نِکات کی روشنی میں ممکن بنایا جاسکتاہے :

 ( 1 ) سب سے پہلے یہ طے کیجئے کہ کون سا کاروبار کرنا چاہتے ہیں ؟ اگر بالکل تجربہ ( Experience )  نہیں تو اپنے اندر اس کاروبار کے لئے درکارقابلیت میں اضافے کی کوشش کریں تاکہ نقصان کا اِمکان کم سے کم ہو سکے۔ یہ قابلیت اس طرح پیدا ہوسکتی ہے کہ  ( ۱ ) پہلے کسی ایسے شخص سے مشورہ کیجئے جو اس کام کی معلومات یا تجربہ رکھتاہو ( ۲ ) کام کو باقاعدہ کچھ دن یا کچھ ماہ ضرور سیکھئے ، آپ کو اس کے دو بڑے فائدے حاصل ہوں گے : ( الف ) کام سیکھ کر کاروبار کرنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آدمی کافی حد تک دھوکا کھانے سےمحفوظ رہتا ہے۔ ( ب ) کام سیکھ کر کاروبار کرنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ مارکیٹ میں جان پہچان ہوجاتی ہے ، بالکل انجان چہرے  ( Unknown Person )  سے لوگ کام کرنے میں ہچکچاتے ہیں۔ بہرحال تجربے کی بَھٹّی سے گزرکر جب کاروبار شروع کریں گےتو بات ہی اور ہوگی اور شروع ہی سے کچھ نہ کچھ آسانیاں پیدا ہو جائیں گی۔

 ( 2 ) جتنی رقم موجود ہے اُس کے تین حصے کردیں پھر اس کے ایک حصے سے کاروبار شروع کریں ، ایک مُحاوَرے کے مطابق اپنے سارے انڈے ایک ہی ٹوکری میں کبھی نہ ڈالیں۔

 ( 3 ) اگر اکیلے کاروبار کرنا مشکل معلوم ہوتا ہو تو کسی قابلِ اعتماد دوست یا عزیز رشتے دار کے ساتھ اس کے کام میں شامل ہوجائیں اور اس کے ساتھ شرعی طریقۂ کار کے مطابق شِرکت  ( Partnership )  کر لیں۔

 ( 4 ) اکثرایسا ہوتا ہے کہ کام کا آغاز توبڑے جوش و خَروش سے کیا جاتا ہے لیکن ذرا سی ناکامی پر ہمت ہار بیٹھتے ہیں۔ یاد رکھئے! کامیابی  ( Success )  کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا ، کامیاب ہونے کےلئے قابلیت ( Ability )  ، صبروتحمل اورمُسْتَقِل مِزاجی چاہئے ، یہی چیزیں کامیابی کی طرف لے جاتی ہیں۔

 ( 5 ) اپنی پَراڈکٹس اورسَروس دوسروں کے مقابلے میں اَعلیٰ مِعْیار کی اور اچھی رکھیں ، اگرپراڈکٹس عُمْدَہ نہیں رکھیں گے ، صرف اِشتہار بازِی  ( Advertisement )  سے کام لیں گے تو لوگ ایک ہی بار دھوکا کھائیں گے دوبارہ نہیں آئیں گے۔ جبکہ اس کے بَرعکس اگر چیز معیاری اور سروس اچھی ہوگی تو آپ کے کسٹمر خود ہی آپ کی تشہیر کرتے رہیں گے۔

 ( 6 ) اپنی مَصْنُوعات ( Products )  کی قیمت مناسب رکھیں۔

اللہ پاک سے دُعا ہے کہ وہ ہمیں اچّھی اچّھی نیّتوں کے ساتھ شرعی طریقۂ کار کے مطابق کاروبار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔   اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ عربی ٹرانسلیشن ڈیپارٹمنٹ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code