بجلی جیسی رفتار

ایک واقعہ ایک معجزہ

بجلی جیسی رفتار

مولانا حیدر علی مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ فروری2023

مونگ پھلی کے بِنا تو سردیاں پھیکی پھیکی سی لگتی ہیں دادا جان !  خبیب نے مونگ پھلی کا دانہ منہ میں ڈالتے ہوئے کہا تو صُہیب نے بھی ہاں میں سر ہِلا دیا۔

اس پر دادا جان کہنے لگے : بچو ! مونگ پھلی صحت کے لئے بھی بہت فائدہ مند ہے ، یہ ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ خون میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ رات کے کھانے اور ہوم ورک وغیرہ سے فارغ ہو کر دونوں بھائی دادا جان کے کمرے میں رضائی میں بیٹھے گرم گرم مونگ پھلی اور دادا جان کی میٹھی باتوں سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اچانک صہیب کو کچھ یاد آیا اور وہ بولا : دادا جان ! بھائی سےکہیں ناں صبح جلدی تیار ہو جایا کرے آج بھی ہم اسکول سے لیٹ ہوتے ہوتے بچے تھے۔

لیٹ ہو جاتے تو کون سی  قیامت آ جاتی ، خبیب نے منہ چڑاتے ہوئے جواب دیا۔

نہیں بیٹا ! ایسی بات نہیں کرتے ، ویسے بھی وقت کی پابندی تو کامیاب لوگوں کی نشانی ہوتی ہے ، دادا جان نے خبیب کو سمجھاتے ہوئے کہا۔

صہیب بولا : اور دادا جان لیٹ ہونے پر جو  سارا پیریڈ کھڑا رہنا پڑتا ہے وہ الگ۔ اس پر دادا جان اور خبیب دونوں مسکرا پڑے۔

کاش میرے پاس اڑنے والا گھوڑا ہوتا تو روز آپ کی باتیں نہ سننا پڑتیں ، خبیب نے آہ بھرتے ہوئے کہا تو صہیب نے حیرت سے پوچھا : اب یہ کیا چیز ہے ؟ عربی گھوڑا تو سنا تھااڑنے والا گھوڑا کہاں سے آ گیا ؟

میرے دوست نے ایک کتاب میں پڑھا تھا کہ پچھلے زمانے میں ایک شخص کے پاس اڑنے والا گھوڑا تھا جس پر وہ سفر کرتے ہوئے کہیں بھی پہنچ جاتا تھا۔

دادا جان ایسا کوئی گھوڑا تھا کیا دنیا میں ؟ بھائی کی بات پر صہیب نے دادا جان سے پوچھنا مناسب سمجھا۔

ایسے گھوڑے کے بارے میں تو میں نہیں جانتا ، اتنا کہہ کر دادا جان کچھ دیر رکے اور پھر مسکراتے ہوئے اپنی بات مکمل کی : مگر کہانیوں میں ضرورایسی باتیں لکھی ہوتی ہیں  اور کہانیوں کی باتیں تو صرف کہانی ہی ہوتی ہیں لیکن میں آج آپ کو بجلی کی رفتار جیسے تیز رفتار جانور کا سچا واقعہ سناتا ہوں ، پہلے مجھے بتائیں یہ کون سا ہجری مہینا ہے ؟

خبیب نے جلدی سے جواب دیا : رجب المرجب کا مہینا ، میں نے کل ہی دیکھا تھا کہ مدنی چینل پر رجب المرجب کے چاند کی مبارک باد دے رہے تھے۔

شاباش ! اور آپ کو پتا ہے رجبُ المُرجَّب میں کون سا اہم اسلامی واقعہ پیش آیا تھا ؟ دادا جان نے پھر پوچھا تو صہیب کہنے لگے : جی دادا جان اس ماہ کی ستائیسویں تاریخ کو ہمارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو رات میں زمین و آسمان کی سیر کروائی گئی تھی۔

جی جی لیکن خیال رہے کہ زمین و آسمان کی یہ سیر پوری رات میں نہیں بلکہ رات کے بھی کچھ حصے میں کروائی گئی تھی۔ یعنی یہ بھی ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا معجزہ تھا کہ رات کے کچھ حصے میں آپ زمین کے علاوہ ساتوں آسمانوں بلکہ اس سے بھی آگے کی سیر کر کے واپس بھی تشریف لے آئے۔

دادا جان مدنی چینل پر بتا رہے تھے کہ اس رات پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے جنت و دوزخ کو بھی دیکھا تھا۔صہیب کی اس بات پر دادا جان بولے : جی بیٹا اسی لئے تو علما فرماتے ہیں کہ یہ رات نبی پاک کے معجزات سے بھری ہوئی ہے انہی میں سے ایک معجزہ ” سفرِ معراج “ بھی ہے۔ معراج کی رات مسجد الحرام سے مسجدِ اقصیٰ تک ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بُراق پر سواری فرمائی تھی ، یہ دراصل جانور تھا جو خچر ( Mule ) سے تھوڑا چھوٹا اور گدھے سے تھوڑا بڑا تھا۔ اتنا کہہ کر دادا جان نے مونگ پھلی کے دانے منہ میں ڈالے تو خبیب نے کہا : لیکن دادا جان میرا ایک سوال ہے کہ جانور تو اتنے تیز رفتار نہیں ہوتے ۔

لیکن آپ کو شاید معلوم نہیں کہ وہ براق جنت سے آیا تھا ، اس کی رفتار یہاں کے جانوروں جیسی کیسے ہو سکتی ہے ، براق کی رفتار ( Speed ) تو اتنی تیز تھی کہ حدیثِ پاک میں فرمایا گیا ہے ” جہاں تک نظر پہنچتی تھی وہاں تک براق اپنا ایک قدم رکھتا تھا۔ “   بیٹا آپ اس کو یوں سمجھ لیں کہ براق کی رفتار بجلی جیسی تیز تھی تبھی تو اسے براق کہا جاتا ہے کیونکہ عربی زبان میں براق بنا ہے برق سے جس کے معنی ہیں بجلی۔ دادا جان یہاں تک پہنچے تھے کہ کمرے میں یکدم اندھیرا چھا گیا ، لگتا ہے بجلی چلی گئی ہے  بچو ! اب آپ لوگ آرام کریں ، صبح ملیں گے ، خدا حافظ۔


Share

Articles

Comments


Security Code