تکلیف نہ دیجئے

آؤ بچو! حدیثِ رسول سنتے ہیں

تکلیف نہ دیجئے

*   اویس یامین عطاری مدنی

ماہنامہ صفر المظفر1442ھ

اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمدِ عَرَبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے اِرشاد فرمایا : اَلْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِّسَانِهٖ وَيَدِہٖ ترجمہ : مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے۔     (بخاری ، 1 / 15 ، حدیث : 10)

پیارے بچّو! اللہ پاک کی نعمتوں میں سے ایک نعمت زبان بھی ہے ، ہمیں چاہئے کہ اس نعمت پر شکر ادا کرتے ہوئے اچّھے کام کریں اور بُرے کاموں سے بچیں۔

 بعض بچّے شرارت کرنے کے بعد ڈانٹ یا پٹائی سے بچنے کے لئے دوسرے بچّوں پر جُھوٹا اِلزام لگادیتے ہیں کہ یہ کام میں نے نہیں دوسرے نے کیا ہے ، بعض بچّے ایک دوسرے کے نام بگاڑتے ہیں مثلاً چھوٹے قد والے کو “ کوڈُو “ ، لمبے قد والے کو “ لمبو “ ، کالے رنگ والے کو “ کالُو “ بولتے ہیں۔ ایسا کرنا اچھی بات نہیں ہے۔

اچھے بچّو! دن میں کچھ وقت کوئی مناسب کھیل کھیلنا صحت کے لئے فائدہ مند ہے مگر کوئی ایسا کھیل نہیں کھیلنا چاہئے جس میں مار پیٹ ہو یا کسی کو تکلیف پہنچ سکتی ہو جیسے رَبڑ کی بال سے مار دھاڑ کھیلنا ، پلاسٹک کے چھرے والی پستول سے چور سپاہی وغیرہ کھیلنا۔  اسی طرح بعض بچّے ایک دوسرے کو بلاوجہ نوچتے ، بال کھینچتے ، دھکے دیتے یا مارتے ہیں جو کہ بہت بُری بات ہے ، ایسے بچّوں کو کوئی پسند بھی نہیں کرتا اور ناہی کوئی ایسے بچّوں کی تعریف کرتا ہے بلکہ مشہور ہوجاتا ہے کہ فلاں بہت شرارتی ہے ، جب دیکھو لڑتا جھگڑتا رہتا ہے وغیرہ وغیرہ۔

پیارے بچّو! ہمیں اس حدیثِ پاک پر عمل کرتے ہوئے بیان کی گئی تمام بُری باتوں سے بچنا ہے اور بہترین مسلمان بننے کے لئے اپنی زبان اور ہاتھ سے کسی کو تکلیف بھی نہیں دینی ہے۔ اللہ پاک عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔  اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*   ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code