Book Name:Qabro Se Uthnay Ka Holnaak Manzar

سننے سے پہلے کچھ اچھی اچھی نیتیں کر لیتے ہیں، نیت کیجئے!مثلاً *رضائے الٰہی کے لئے بیان سُنوں گا*بااَدَب بیٹھوں گا* خوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا*جو سُنوں گا، اسے یاد رکھنے، خُود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

اللہ پاک مُردوں کو اٹھانے پر قادِر ہے

اُبَیْ بِن خلف جو مکے کا بڑا اور مشہور کافِر تھا، ایک دِن اس نے کسی مرے ہوئے انسان کی بالکل گلی ہوئی پُرانی سی ہڈی کہیں سے اُٹھائی اور لے کر رسولِ اَکْرم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی خِدْمت میں حاضِر ہو گیا اور مَعَاذَ اللہ! قیامت کا اِنْکار کرتے ہوئے بولا: اے مُحَمَّد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! کیا آپ ہم سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جب ہماری ہڈیاں پُرانی ہو کر بالکل گل سڑ جائیں گی، پِھر روزِ قیامت اللہ پاک ہمیں اُٹھائے گا اور نئی زِندگی  دے گا؟ یہ کہہ کر اُبَیْ بن خلف نے ہاتھ میں پکڑی ہوئی اس پُرانی ہڈی کو ہاتھ سے مسل کر باریک کیا اور اس چورے کو ہوا میں اُچھال دیا، پِھر بولا: اے مُحَمَّد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! کون ہے جو اس کو دوبارہ زندہ کرے گا؟ اس پر پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: ہاں! وہ  (بڑی قدرتوں والا) اللہ پاک ہے  جو تمہیں موت دے گا، پِھر مرنے کے بعد زِندہ کرے گا اور تجھے جہنّم میں ڈال دے گا۔ اس وقت پارہ: 23، سورۂ یٰسں  شریف کی یہ آیات نازِل ہوئیں: ([1])

وَ ضَرَبَ لَنَا مَثَلًا وَّ نَسِیَ خَلْقَهٗؕ-قَالَ مَنْ یُّحْیِ الْعِظَامَ وَ هِیَ رَمِیْمٌ(۷۸)  قُلْ یُحْیِیْهَا الَّذِیْۤ اَنْشَاَهَاۤ اَوَّلَ مَرَّةٍؕ-وَ هُوَ بِكُلِّ خَلْقٍ عَلِیْمُۙﰳ(۷۹) (پارہ:23، یٰس:78 ،79)


 

 



[1]...تفسیر خازن، پارہ:23، یٰسں ، زیرِ آیت:78 ، 79 ، جلد:4، صفحہ:13 ،14 خلاصۃً۔