Book Name:Qarz Ke Mutaliq Islami Taleemat
سبق یہ ملا کہ ہمیں فوت شُدْگان کے ساتھ بھی بھلائی کرنی چاہئے۔ دیکھیے! یہ لوگ راہِ خُدا میں سَفَر کر رہے تھے، راستے میں ایک فوت شُدَہ کی مشکل مَعْلُوم ہوئی تو اِنہوں نے اپنا اَہَم تَرِین دِینی کام چھوڑا اور اُس کی مشکل حل کرنے کے لیے اَنْطَاکیہ پہنچ گئے۔ اِن کی اِس کوشش کی بَرَکت سے وہ فوت شُدَہ شخص قید سے رہائی پا کر جنّت کا حقدار ہو گیا۔
ہمیں بھی چاہئے کہ ہم فوت شُدْگان کے ساتھ بھلائی کیا کریں۔ ہم بھلائی کیسے کریں گے؟ اِس کے بہت طریقے ہو سکتے ہیں، مثلاً *فوت ہونے والا شخص ہمارا جاننے والا ہے، عزیز ہے، دوست ہے، رشتے دار ہے، سب سے پہلے تو بھلائی یہ کریں کہ سچّے دِل سے اللہ پاک کے حُضُور عرض کردیں: یا اللہ پاک! میں اپنے تمام حقوق اِس شخص کو مُعَاف کرتا ہوں۔
ہم انسان ہیں، جن کے ساتھ اُٹھتے بیٹھتے ہیں، کچھ نہ کچھ اُونچ نیچ ہو ہی سکتی ہے، اگر کبھی جانے انجانے میں اِس فوت شُدَہ نے ہماری کوئی حق تلفی کی ہوئی تو اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! وہ معاف ہو جائے گی، اِس کا بھلا ہو گا۔ حدیثِ پاک کے مطابق ہم مُعَاف کریں گے تو اللہ پاک ہماری خطائیں معاف فرما دے گا۔
*اِسی طرح فوت شُدْگان کے لیے اِیْصالِ ثواب کیجیے! *درودِ پاک پڑھ کر *تلاوت کر کے *نمازیں پڑھ کر *غریبوں کو کھانا کھلا کر *خَتْم شریف کا اہتمام کر کے غرض جیسے ہو سکے اپنے عزیزوں، رشتے داروں، دوستوں بلکہ سارے ہی مسلمانوں کے لیے اِیْصالِ ثواب کرتے رہا کیجیے! اِس کی برکتیں فوت شُدگان کو بھی نصیب ہوں گی، ساتھ ہی ساتھ ہمارے ثواب میں بھی اِضَافہ ہو جائے گا۔ اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم! اللہ پاک ہمیں زندوں، مردَوں سب ہی مسلمانوں کا خیرخواہ بننے کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن