Jannat Ki Zamaanat

Book Name:Jannat Ki Zamaanat

مسجد کو اپنا گھر بنا لیجئے!

حضرت ابودَرْدا رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے، رسولِ اکرم، نورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  نے فرمایا: مسجد ہر خدا سے ڈرنے والے کا گھر ہے اور جو بندہ مسجد کو اپنا گھر بنا لے، اللہ پاک اس کے لئے رحمت کی، اپنی رضا کی،پُل صراط سے باحفاظت گزرنے کی اور جنّت کی ضمانت دیتا ہے۔([1])

کیسی خوبصُورت بات ہے،مسجد کے ساتھ گہرا تعلق بنائیں تو رحمت بھی ملے گی، اللہ پاک کی رضا بھی ملی گے اور جنّت میں جانا بھی نصیب ہو جائے گا۔ افسوس! آج کل لوگ مسجد کے ساتھ ایسا تعلق(Relation) رکھتے ہیں جیسے مسجد کوئی مُسَافِر خانہ ہو، اذان ہوئی، مسجد میں آئے، نماز پڑھی اور واپس چلے گئے، یہ بھی اَقَلِّ قَلِیْل یعنی بہت تھوڑے لوگ کرتے ہیں، کتنے تو ایسے ہیں جو نمازوں کی پرواہ (Care) ہی نہیں کرتے۔ اللہ پاک انہیں توفیق بخشے اور ہمارے حال پر رحم فرمائے، خیر! جو نمازیں پڑھتے ہیں، ان کا بھی یہ حال ہے کہ آئے، نماز پڑھی اور چلتے بنے جبکہ ہماری دُکان (Shop)، ہمارے گھر کے ساتھ ہمارا تعلق کیسا ہوتا ہے؟ اس کے بالکل اُلٹ...!! جس طرح ہمارا گھر میں دِل لگتا ہے، اس طرح مسجد میں نہیں لگتا۔ یہ ہمارا حال ہے لیکن پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کیا فرما رہے ہیں؟ مسجد کو اپنا گھر بنا لو...!!

گویا ہمیں یہ تعلیم دی جا رہی ہے کہ جو تعلق ہم آج اپنے گھر کے ساتھ رکھتے ہیں، جیسی دِل کی وابستگی (Affiliation) گھر کے ساتھ ہے، ایسی وابستگی مسجد کے ساتھ اپناؤ!


 

 



[1]...مجمع الزوائد، کتاب الصلاۃ، باب لزوم المساجد، جلد:2، صفحہ:101، حدیث:2026۔