لُغَتَیْن کورس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی/ مفتی صاحب کو سفرِ حرمین طیبین کی مبارکباد/ مفتی نسیم مصباحی کا جوابی صوتی پیغام

لُغَتَیْن کورس کے طلبہ کی حوصلہ افزائی

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مَدَنی بیٹے ابو خَبّاب عطاری!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ۔

مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ نے لُغَتَیْن([1]) کے طَلَبۂ کرام کے تعلق سے بڑی پیاری خبر دی کہ انہوں نے دو2بار ایک ایک ماہ کے مَدَنی قافلے میں سفر فرمایا اور فی الحال طَلَبۂ کرام زَم زَم نگر (حیدر آباد) میں 12 دن کے’’اصلاحِ اعمال کورس‘‘میں مشغول ہیں۔ میرے سارے مدنی بیٹے جو ’’اصلاحِ اعمال کورس‘‘ میں پچیس25کی تعداد میں جمع ہیں، اللہ پاک ان سب کو دونوں جہاں کی بھلائیاں نصیب فرمائے۔ ابو خَبّاب نے آخر تک جو مجھے آپ حضرات کی کارکردگی بیان کی کہ غالباً تکبیرِ اولیٰ کے ساتھ سو فیصد ہی باجماعت نمازیں پڑھ رہے ہیں اور اکثر تہجد و اشراق چاشت بھی پڑھ رہے ہیں۔ مدینہ مدینہ، کاش! سارے طَلَبۂ کرام، جملہ اسلامی بھائی ان پر عامل ہو جائیں اور یہ عمل صرف 12 دن کے لئے ہی محدود نہ ہو، بلکہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے زندگی میں نافذ ہوجائے تو اِنْ شَآءَ اللہ مدنی اِنقلاب آجائے گا۔ اللہ پاک آپ سب کو اِستقامت نصیب فرمائے اور مجھے بھی یہ سعادت عنایت فرمائے، اللّٰہ تعالٰی ہم سب کو اپنا عبادت گزار بندہ بنا لے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

مفتی صاحب کو سفرِ حرمین طیبین کی مبارکباد

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے محسنِ دعوتِ اسلامی الحاج مفتی نسیم مصباحی اَطَالَ اللہُ عُمَرَکُم!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ۔

مَا شَآءَ اللّٰہ!حرمین طیبین کی حاضری مبارک ہو۔آصف خان مدنی کی معرفت پتا چلا کہ آپ بھی عمرہ کرنے پہنچے ہوئے ہیں، ہائے! میری کب باری آئے گی!

تھکا ماندہ ہے وہ جو پاؤں اپنے توڑ کر بیٹھا

وہی پہنچا ہوا ٹھہرا جو پہنچا کوئے جاناں میں

کاش! مجھے بھی حرمین طیبین میں آپ کی زیارت کا شرف حاصل ہوجائے، پہلے بھی مکۂ مکرمہ زاد ہَااللہ شرفاً وَّ تعظیماً میں ہماری ایک بار ملاقات ہوچکی ہے۔ میرے لئے بے حساب مغفرت کی دعا فرمائیے گا اور مدینے پاک میں حاضری ہو تو آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں میرا سلامِ شوق، شیخینِ کریمین، سیّدنا عثمانِ غنی، سیّدنا امیر حمزہ، شہدائے اُحُد، اہلِ بقیع و معلیٰ جہاں جہاں حاضریاں ہوں سب کی بارگاہ میں میرا سلام! بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔ آپ کو بہت بہت بہت مبارک ہو۔ اللّٰہ تعالٰی آپ کی حاضری قبول فرمائے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

مفتی نسیم مصباحی کا جوابی صوتی پیغام

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ۔

اللہ کا کرم ہے کہ اس وقت میں مکۂ مکرمہ میں حاضر ہوں،  دعا فرمائیں کہ اللّٰہ تعالٰی بار بار حرمین طیبین کی حاضری نصیب فرماتا رہے۔ حضرت امیرِ اہلِ سنّت مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے مجھے دعاؤں سے نوازا، میں حضرت کی بارگاہ میں ہدیَۂ تبریک نذر کرتا ہوں  اور حضور والا سے یہ درخواست کرتا ہوں، میرے لئے دعا فرمائیں کہ جب تک میں زندہ رہوں صحت و سلامتی کے ساتھ زندہ رہوں، خاتمہ بالخیر ہو، میرے اندر فتویٰ لکھنے کی صلاحیت رہے، تاحیات فتویٰ لکھتا رہوں اور میں یہ بھی وعدہ کرتا ہوں کہ جن مقاماتِ مقدسہ پر میں اپنے لئے دعائیں کروں گا، حضور والا کے لئے بھی دعائیں کروں گا۔ اللّٰہ تعالٰی حضور والا کی عمر میں خوب برکتیں عطا فرمائے، حضرت کا سایہ تادیر اہلِ سنّت پر قائم و دائم فرمائے، دعوتِ اسلامی کو مزید ترقیاں عطا فرمائے، حضور والا کی ہمشیرہ کی عمر دراز ہو اور اللّٰہ تعالٰی اُنہیں بھی صحت و سلامتی عطا فرمائے۔

طالبِ دعا :محمد نسیم مصباحی ،الجامعۃ الاشرفیہ، مبارک پور، ہند۔

 



...[1]دعوتِ اسلامی کی اصطلاح میں درسِ نظامی (عالِم کورس) مکمل کرنے کے بعد عربی و انگلش لغت سیکھنے والے طَلَبۂ کرام کے درجوں کو لُغَتَیْن کہا جاتا ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code