کھیر پوری اور ایصال ثواب

(1)حضرت علی کے نام کے ساتھ  کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم کی وجہ

سوال:حضرت سیِّدُنا علی رضی اللہ عنہ کے نام کے ساتھ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم کیوں لکھا جاتا ہے؟

جواب:حضرت سیِّدُنا علی کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم بچپن ہی سے اللہ کریم کو ایک مانتے تھے اور کبھی بھی یہاں تک کہ بچپن میں بھی آپ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم نے بُت کو سجدہ نہیں کیا، اسی وجہ سے آپ کو یہ لقب کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم ملا، اس کے معنی یہ ہیں: اللہ کریم نے ان کے چہرے کو عظمت و بزرگی عطا فرمائی۔

(ماخوذ از فتاویٰ رضویہ،ج 28،ص436)(مدنی مذاکرہ،13رجب المرجب1440ھ)

(2)تہجد کی نماز کا آخری وقت

سوال:تہجد کی نماز کب تک پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:صبح صادق یعنی سحری کا وقت ختم ہونے سے پہلے پہلے پڑھ لیں کیونکہ سحری کا وقت ختم ہوتے ہی فجر کی نماز کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔([1])(مدنی مذاکرہ،7ربیعُ الآخِر1440ھ)

(3)حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو کاتبِ وحی کہنے کی وجہ

سوال:حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کو کاتبِ وحی کیوں کہا جاتا ہے؟

جواب:کاتب کےمعنی ہیں: لکھنے والااورنبی علیہ السَّلام پر اللہ پاک کی طرف سے نازل ہونے والے کلام کو ”وحی“ کہتے ہیں۔ ( عمدۃ القاری،ج 1،ص37) جب نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر وحی نازل ہوتی (یعنی اترتی) تو آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اسے صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان کو لکھوا دیتے۔ کئی صحابَۂ کرام علیہمُ الرِّضوان وحی لکھنے پر مامور تھے، جن میں حضرت سیّدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ بھی شامل ہیں، اسی وجہ سے آپ رضی اللہ عنہ کو کاتبِ وحی کہا جاتا ہے۔(سیرۃ الحلبیہ،ج 3،ص458،امتاع الاسماع،ج9،ص329،334)(مدنی مذاکرہ،22رجب المرجب 1440ھ )

(4)کھیر پوری اور ایصالِ ثواب

سوال:کیا امام جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لئے کھیر پوری پر ہی فاتحہ ضَروری ہے یا کسی اور چیز پر بھی فاتحہ دے سکتے ہیں؟

جواب:ایصالِ ثواب کے لئے کھیر پوری پر ہی فاتحہ دِلانا ضَروری نہیں ہے، کسی اور چیز مثلاً روٹی سالن پر بھی فاتحہ دے کر ایصالِ ثواب کرسکتے ہیں۔ اگر کوئی ایصالِ ثواب نہ کرے اور اس کو ناجائز بھی نہ سمجھے تو وہ گناہ گار نہیں ہے، البتہ اگر کوئی اس کو ناجائز سمجھے گا تو وہ گناہ گار ہوگا کیونکہ شریعت نے جس چیز کو ناجائز نہیں کہا اس کو کوئی ناجائز کہے تو وہ شریعت پر اِفْتِرا یعنی تہمت لگانے کی وجہ سے گناہ گار ہوگا۔(مدنی مذاکرہ،15رجب المرجب1440ھ)

(5)حضرتِ نوح علیہ السَّلام کی عمر مبارک

سوال:کیا حضرت نوح علیہ السَّلام نے دنیا میں ایک ہزار برس قیام فرمایا تھا؟

جواب:حضرت سیّدُنا نوح علیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام نے ساڑھے نو سو  (950) سال تک دنیا میں تبلیغ فرمائی تھی، جبکہ آپ علیہ السَّلام کی عمر  مبارک تقریباً سولہ سو  (1600)  سال تھی۔ (تفسیرِ قرطبی،  پ20،  العنکبوت،  تحت الآیۃ:14،ج 7،ص250)(مدنی مذاکرہ، 3محرم الحرام 1441ھ)

(6)کسی امام کے پیچھے بِلاوجہ نَماز نہ پڑھنا کیسا؟

سوال:اگر کسی امام صاحب کے پیچھے بغیر کسی وجہ کے نَماز پڑھنے کا دل نہ چاہے تو کیا اس کے پیچھے نماز ہوجائے گی؟

جواب:اگر امام صاحب امامت کی تمام شرائط پر پورے اُترتے ہیں لیکن ان کے پیچھے نماز پڑھنے کا دل نہیں چاہتا، پھر بھی ان کے پیچھے نماز پڑھ لی تو ہوجائے گی،البتہ جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا واجب ہے اور بغیر کسی شرعی مجبوری کے جماعت چھوڑنا گناہ ہے۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص568،582ماخوذاً)(مدنی مذاکرہ،3ربیعُ الآخِر1440ھ)

(7)SMSکے سلام کا جواب

سوال:اگر کوئیSMSمیں اَلسَّلَامُ عَلَیْکُم لکھ کر بھیجے تو کیا اس کا جواب زبان سے دینا لازم ہوگا یاSMSمیں ہی لکھ کر دینا ہوگا؟

جواب:خط میں لکھے ہوئے سلام کا جواب زبان سے دینے سے واجب ادا ہوجائے گااور بہتر بھی یہی ہے کہ زبان سے دے، کیوں کہ سَلام کا جواب فوراً دینا واجب ہے، ممکن ہے لکھنے میں تاخیر ہوجائے یا تحریر دیر سے پہنچے،اس لئے فوراً زبان سے جواب دے دیں یا پھر بِلاتاخیر فوراً لکھ کر جواب دے دیں۔(ماخوذاز بہارِ شریعت،ج 3،ص463)(مدنی مذاکرہ، 12ربیعُ الآخِر1439ھ)

(8)عورت کا عدت میں نکاح کرنا کیسا؟

سوال:کیا عورت عدت کے اندر نکاح کرسکتی ہے؟

جواب:نہیں کرسکتی، بلکہ عدت کے اندر نکاح کا پیغام دینا بھی حرام ہے۔(فتاویٰ ہندیہ،ج1،ص534، فتاویٰ رضویہ،ج 11،ص440)(مدنی مذاکرہ،  3محرم الحرام1441ھ)

(9)مرد و عورت کی نَمازِ جنازہ ایک ساتھ پڑھنا

سوال:کیا مرد اور عورت کی نمازِ جنازہ ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:پڑھ سکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ،3ربیعُ الآخِر1440ھ)



([1])مراٰۃُ المناجیح میں ہے:تہجد کا وقت رات میں سو کر جاگنے سے شروع اور صبح صادق پر ختم ہوتا ہے مگر آخری تہائی رات میں پڑھنا بہتر ہے، تہجد سے پہلے عشا پڑھ کر سونا شرط ہے اور تہجد کے بعد کچھ سونا یا لیٹ جانا سنّت ہے۔(مراٰۃ المناجیح،ج 2،ص233ملخصاً)


Share

Articles

Comments


Security Code