افیون کی تباہ کاریاں

باتوں سے خوشبو آئے

دنیا اور آخِرت کی کھیتی

مال و اَولاد دنیا کی کھیتی ہے اور نیک اعمال آخِرت کی، اللہ پاک اپنے بہت سے بندوں کو یہ سب عطا فرماتاہے۔

(ارشادِ امیرُالمؤمنین حضرت سیّدُنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم)(حسن التنبہ،ج 3،ص174)

گناہوں کی نَحوست

بے شک بندہ کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کی نحوست سے رات کی عبادت سے محروم ہوجاتا ہے۔

(ارشادِ حضرت سیّدُنا حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ)(حسن التنبہ،ج2،ص332)

خوش نصیب شخص

اس شخص کے لئے خوش خبری ہے جس نے قَبْر میں جانے سے پہلے اس کے لئے تیاری مکمل کرلی۔

(ارشادِ حضرت سیّدُنا یحییٰ بن معاذ رازی رحمۃ اللہ علیہ)(منبھات،ص15)

احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی

اللہ پاک کے نام

اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ناموں کا شمار (یعنی گنتی) نہیں کہ اس کی شانیں غیر مَحدود (Unlimited) ہیں۔(فتاویٰ رضویہ،ج28،ص365)

اے رضا خود صاحبِ قرآں ہے مَدَّاحِ حُضور

قرآن کی سُورَتیں مُحمَّدٌ رَّسولُ اللہ  صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم  کی نعت، اُن کے ذِکْر، ان کی یاد، ان کی تعظیم، ان کی تَکْرِیم سے گونج رہی ہیں۔(فتاویٰ رضویہ،ج15،ص210)

افیون کی تباہ کاریاں

اس خبیث چیز (یعنی افیون) کی بَدخُو (یعنی بُری عادت) ہے کہ چند روز میں گھر کرلیتی ہے اور پھر چُھڑائے نہیں چھوٹتی اور بَتدرِیج (Gradually) پاؤں پھیلاتی ہے یہاں تک کہ تھوڑی مُدّت میں آدمی کو خاصا افیونی کرلیتی ہے وَالْعِیَاذُبِاللہ تَعَالٰی۔ اَطِبّا (Doctors) لکھتے ہیں:اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے کھانے سے باطِن (معدہ) کی جھلّیوں میں سوراخ ہوجاتے ہیں (جو) اس کے سوا دوسری کسی بَلا سے نہیں بھرتے، ناچار (یعنی مجبوراً افیون کے استعمال کی) عادت ڈالنی پڑتی ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 25،ص78)

عطّار کا چمن

حقیقی مال دار شخص

جس کے پاس مال زیادہ ہوتا ہے لوگ اسے مال دار (Rich) سمجھتے ہیں مگر حقیقت میں مال دار وہ قَناعَت پسند شخص ہے کہ جتنا اللہ پاک نے اسے دیا وہ اس پر راضی ہے۔(مدنی مذاکرہ، 10ربیع الآخر1440ھ)

مزارات پر جانے کی نیّت

بُزرگانِ دین کے مزارات پر فیض حاصل کرنے کے لئے جانا چاہئے اور (دنیا و آخِرت کی بھلائی پانے کیلئے) ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہئے۔(مدنی مذاکرہ، 3محرم الحرام 1441ھ)

مختلف کہانیاں پڑھنے کی منّت

دس بیبیوں کی کہانی، جنابِ سیّدہ کی کہانی وغیرہ مَن گھڑت کہانیوں کا پڑھنا اور ان کی منّت ماننا جائز نہیں۔ اگر کسی نے ان کے پڑھنے کی منّت مانی ہے تو اس منّت کا پورا کرنا بھی جائز نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ،5محرم الحرام 1441ھ)


Share

Articles

Comments


Security Code