عدّت کے دوران عورت کا زیورات پہننا کیسا؟

عدّت کے دوران عورت کازیورات  پہننا کیسا ؟

سوال:کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ میں کہ تین طلاقوں کی عدّت میں عورت کا ناک میں لونگ اور کانوں میں بالیاں پہننا کیسا ؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

تین طلاقوں کی عدّت کے دوران عورت کے لیے ہر قسم کا زیور پہننا منع ہے کہ اس عدّت میں عورت پر سوگ منانا واجب  ہوتا ہے اور سوگ کا مطلب یہ ہے کہ عورت ہر قسم کے زیورات، لونگ، بالیاں، انگوٹھی، چھلّے، چوڑیاں، سرمہ، خوشبو، تیل اگرچہ بغیر خوشبو والا ہو، کنگھی الغرض ہر طرح کی زینت ترک کر دے، البتہ عذر کی وجہ سے ان میں سے بعض کام  کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ جیسے تیل نہ لگانے اورکنگھی نہ کرنے سے سر درد کرتا ہو، تو اس کی اجازت ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

مخصوص ایام  میں عورت کا قرآنی  وظائف  پڑھنا کیسا ؟

سوال:کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ کوئی خاتون کسی جائز مقصد کے حصول کے لیے40 دنوں کے لیے سورۂ فاتحہ یا آیت الکرسی کا وظیفہ کر رہی ہوکہ اسی دوران اس کے مخصوص ایام شروع ہو جائیں، تو اب وہ اِن دنوں میں اپنا وظیفے والا عمل جاری رکھ سکتی ہے؟

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں وہ خاتون مخصوص ایام میں صرف عمل اور مقصد کے حصول کے لیے سورۂ فاتحہ و آیت الکرسی نہیں پڑھ سکتی، کیونکہ حائضہ عورت کو قرآنِ پاک پڑھنا ناجائز ہے، البتہ دو صورتوں میں اس کی اجازت ہے : (1)تعلیم دینے کیلئے مخصوص انداز میں پڑھنا (2)ثناء و دعا پر مشتمل آیات صرف ذکر و  دعا کی نیت سے پڑھنا۔ ان کے علاوہ تیسری صورت عمل کی نیت سے پڑھنے کی اجازت نہیں ہے کہ یہ نیت،  نیتِ دعا و ثنا نہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

_______________________

٭…مفتی محمد قاسم عطاری    

٭…دارالافتاء اہل سنت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ ،کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code