انسان ہو یا جن؟

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: میرے ایک استادِ محترم (Teacher) تھے جن سے میں ابتدائی  کتاب پڑھتا تھا۔

سبق یاد کرنے کا میرا طریقہ یہ تھا کہ استاد صاحب جب مجھے سبق پڑھا دیا کرتے تو میں ایک دو مرتبہ کتاب دیکھ کر بند کردیا کرتا اور جب سبق سنانے کا وقت آتا تو سبق کا ہر ایک لفظ صحیح صحیح سُنادیتا۔

روزانہ یہ معمول (Routine) دیکھ کر استاد صاحب کو بہت حیرت ہوتی۔ایک دن مجھ سے فرمانے لگے:احمد میاں! یہ تو بتاؤ کہ تم آدمی ہو یا جنّ؟مجھ کو سبق پڑھاتے دیر لگتی ہے مگر تمہیں یاد کرتے دیر نہیں لگتی۔(حیات اعلیٰ حضرت،ج1،ص68)

پیارے بچّو!دیکھا آپ نے ہمارے امامِ اہلِ سنت رحمۃ اللہ علیہ بچپن سے ہی کس قدر ذہین (Intelligent) تھے کہ آپ کے استاد بھی آپ کی ذہانت اور سبق یاد کرنے کی صلاحیت پر حیران ہوتے تھے۔آج کل بچّوں کی ایک بڑی پریشانی  یہ بھی ہے کہ انہیں سبق یاد نہیں ہوتا اور اگر یاد ہوجائے تو جلد ذہن سے نکل جاتا ہے۔

پیارے بچّو! اگر آپ چاہتے ہیں کہ مدرسہ یا اسکول سے ملنے والا سبق آپ کو یاد ہوجائے اور پھر یاد رہے تو آگے بیان ہونے والی چند ہدایات(Instructions)پرعمل کریں،اِنْ شَآءَ اللہ اس کا فائدہ خود دیکھیں گے۔

(1)اپنے والدین(Parents) اور خاص کر والدۂ محترمہ  سےاپنے لئے دعا کروائیں۔

(2)پاپڑ،ٹافیاں،ببل گم،جیلی،آئسکریم،ٹھنڈی بوتلیں (Cold Drinks)،فنگرچپس اور دیگر بازاری چیزیں کھانے سے بچیں۔

(3)گھر میں موجود موسمی پھل (Seasonal Fruit)کھایا کریں کہ یہ ذہانت اور یادداشت کے لئے مفید ہوتے ہیں۔

(4)اگرآپ کے والد یا سرپرست (Guardian)کی مالی حیثیت اجازت دیتی ہو تو خشک میوہ جات (Dry Fruits) مثلاً پستہ،بادام،کشمش، مونگ پھلی وغیرہ کھایا کریں۔ مختلف ذہنی اور جسمانی فوائد کے علاوہ ان کا استعمال قوتِ یادداشت (Memory)کے لئے بھی بہت مفید ہے۔

(5) کارٹون دیکھنا، ویڈیو گیم کھیلنا اور موبائل،آئی پیڈ، اسمارٹ فون وغیرہ کا استعمال وقت کو برباد کرنے (Waste of Time) کے علاوہ دماغی صحت اور آنکھوں کے لئے بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔ان چیزوں سے خود کو بچائیں تاکہ آپ کی نظر (Eye Sight)اوردماغی صلاحیت پر غلط اثر (Bad Impact) نہ پڑے۔

اللہ کریم امامِ اہلِ سنّت کے صدقے ہمیں ذہانت کی دولت عطا فرمائے اور اسے نیک مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

_______________________

٭…ابو الحسان عطاری مدنی      

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی    


Share

Articles

Comments


Security Code