اسکول کا انتخاب

نئے تعلیمی سال کا آغاز بچّوں کے علاوہ والدین کے لئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، بعض والدین بچّوں کو پہلی بار اسکول میں داخلہ دلواتے ہیں، یونہی بعض والدین بچوں کی تعلیمی رپورٹ یا اسکول انتظامیہ سے ناخوش اور غیر مطمئن ہوتے ہیں تو ایسے میں انہیں نئے اسکول کےانتخاب میں کافی سوچ بچار اور بعض اوقات پریشانی  کا بھی سامنا  کرنا پڑتا ہے۔

دراصل سبھی والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچّہ مستقبل میں ایک کامیاب انسان ہونے کے ساتھ ساتھ،اپنے وطن، معاشرے اور خاندان کے لئے بھی اچھا فرد اور سہارا ثابت ہو، ان خواہشات کو پورا کرنے کا دار و مدار بچے کی موجودہ تعلیم و تربیت پر ہے لہٰذا اسکول کے انتخاب  میں بہت احتیاط سے کام لینا چاہئے یوں ہی ایسے اسکول کی تو گلی سے بھی نہیں گزرنا چاہئےجس کی وجہ سے دنیوی مستقبل تو خوب روشن دکھائی دیتا ہو لیکن حقیقی (اُخروی) مستقبل داؤ پر لگ جاتا ہو، کامیاب انسان بنانے پر خوب توجہ لیکن اچھا مسلمان اور عاشقِ رسول بنانے سے غفلت برتی جاتی ہو ، ذیل میں  9 ایسی باتیں بیان کی جائیں گی جو اچّھے اسکول کا انتخاب کرنے میں آپ کے لئےمعاون ثابت ہوں گی۔

(1)اسکول کے اساتذہ عِلم دوست، خوش اخلاق، تربیت یافتہ اور پیشہ ور (Professional) ہونے کے ساتھ ساتھ باعمل مسلمان اور خوش عقیدہ ہوں (2)مخلوط نظام نہ ہو یعنی بچّوں اور بچیوں کے لئے الگ (Separate) کلاس رُومز ہوں (3)صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش کا ضروری اہتمام ہونے کے ساتھ ساتھ صاف ستھرے ٹوائلٹس کا بھی انتظام ہو (4) کلاس رُومز مناسب ہوں نہ تو اتنے بڑے کہ بچّوں کو بورڈ ہی نظر نہ آئے اور نہ ہی اتنے چھوٹے کہ بچّوں کو تنگی ہو، یوں ہی سرد و گرم موسم کے اعتبار سے بھی کلاس رُومز ماحول دوست ہوں (5)اسکول اور کلاس رومز کا ماحول ہر لحاظ سے بہتر ہو مثلاً: بجلی کے کُھلے تار، ٹوٹے ہوئے شیشوں والی کھڑکیاں، غیر معیاری فرنیچر، ڈیسکوں سے نکلی ہوئی نوکیلی کیلیں اور ٹوٹی کرسیاں نہ ہوں (6)پری اسکول میں بچے کو داخل کروانے سے پہلے دیکھ لیجئے کہ وہاں کھیل کی سہولیات کیسی ہیں، بچوں کو چوٹ پہنچنے کا سبب بننے والے جھولے وغیرہ تو نہیں، یوں ہی بچوں اور بڑوں کا پلے ایریا مکس تو نہیں؟ (7)سیکنڈری اسکول میں داخلے سے قبل دیکھئے کہ کیا وہاں کوئی لائبریری ہے تاکہ بچّے نصابی کتابوں (Textbooks) کے علاوہ بھی کتابیں پڑھیں اور مطالعے کے شوقین بنیں (8)اسکول میں (شرعی پابندیوں کا خیال رکھتے ہوئے) آرٹ اینڈ کرافٹ (Art and craft) جیسی سرگرمیاں بھی  ہوں تاکہ بچّوں میں تعمیری صلاحیتیں  پیدا ہوں (9)حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے پینے والی اشیاء پر مشتمل اچھی کینٹین ہو۔

خیال رہے کہ یہ تمام باتیں جاننے کے لئے ممکن ہوسکے تو خود اسکول کاوزٹ کیجئے،محض کسی سےسُن کر کوئی فیصلہ مت کیجئے۔

محترم والدین!آپ کے بچّوں کواخلاقی اور تعلیمی اعتبار سے بہتر ماحول فراہم کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کا شعبہ ”دارُ المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکولنگ سسٹم“ آپ کی خدمت کے لئے کوشاں ہے جوکہ پاکستان سمیت ہند، برطانیہ(U.K)، اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ (U.S.A) میں  بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ دارُ المدینہ کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لئے اس ویب سائٹ کا وزٹ کیجئے:       www.darulmadinah.net

_______________________

٭…بلال حسین عطاری مدنی      

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی    


Share

اسکول کا انتخاب

مدرسۃُ المدینہ

پیارے بچّو! آج ہم آپ کو جس مدرسۃ ُالمدینہ کا تعارف(Introduction) کروانے جارہے ہیں اس کا نام مدرسۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ جڑانوالہ“ ہے۔ جڑانوالہ کی  سرزمین پر واقع اس مدرسۃُ المدینہ کی تعمیر سِن1991ء میں شروع ہوئی اور اسی سال اس مدرسہ کا آغاز بھی ہوگیا تھا۔  2کَنال پر مشتمل اس مدرسہ کا سنگِ بنیاد امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے رکھا۔ اس میں حِفْظ کی 4 جبکہ ناظرہ کی 2 کلاسز ہیں۔ رواں سال(Current Year    2020ء) اس مدرسۃ ُالمدینہ میں 147 طَلَبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ اس مدرسۃُ المدینہ کے آغاز سے لے کر اب تک یہاں سےکم وبیش 970 طَلَبہ حِفظِ قراٰن کی سعادت پاچکےہیں جبکہ 1700بچّے ناظِرہ قراٰنِ کریم مکمّل کرچکے ہیں۔ یہاں سے  فارغ ہونے والے110سے زائد طلبہ نے درسِ نظامی (عالِم کورس) میں داخلہ لیا جبکہ25سے زائد طَلَبہ عالم کورس مکمل بھی کرچکے ہیں۔ اللہ پاک ”مدرسۃُ المدینہ“ سمیت دعوت ِ اسلامی کے تمام شعبہ جات کو ترقّی و عُروج عطا فرمائے۔اٰمین


Share

اسکول کا انتخاب

مدَنی ستارے

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ دعوتِ اسلامی کےمدارسُ المدینہ میں بچّوں کی تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پربھی خاصی توجُّہ دی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ مدارسُ المدینہ کے ہونہار بچے اچّھے اخلاق سے مُزَیّن ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی غیر معمولی کارنامے سرانجام دیتے رہتے ہیں، مدرسۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ جڑانوالہ میں بھی کئی ہونہار اور مَدَنی ستارے جگمگا رہے  ہیں جن میں 16سال کے ایک  مدنی ستارے عبدُالرّحمٰن عطّاری بن محمد انوربھی ہیں، ان کے تعلیمی اور اَخْلاقی کارنامے ذیل میں دئیے گئے ہیں، ملاحظہ فرمائیں:

انہوں نے15دن میں قاعدہ مکمل کیا، 30دن میں ناظرہ قراٰنِ کریم پورا پڑھ لیا جبکہ15 ماہ میں قراٰنِ کریم مکمّل حفظ کرلیا۔ہر روز تلاوت ِقراٰن کی سعادت حاصل کرنے کے ساتھ قراٰن کے پیغام  کو سمجھنے کے لئےایک سال سے مدنی مذاکروں اور ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں لگاتار شرکت کر رہے ہیں،مزید یہ کہ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی 80سے زائد  کُتب و رسائل کا مطالعہ کرچکے ہیں۔ مستقبل میں درسِ نظامی(یعنی عالِم کورس)اور تخَصُّص فِی الفِقْہ(یعنی مفتی کورس) کرکے دین کی خدمت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ حصولِ علم کے ساتھ  عمل کرنے پر بھی توجُّہ دیتے ہیں،نمازِ پنج گانہ کے ساتھ گزشتہ 2سال سےتہجّد، اِشراق اور چاشت کے پابند ہیں اور 2سال سے گھر درس بھی دے رہے ہیں۔ان کے استادِمحترم  کا کہنا ہے کہ یہ مدنی ستارے مَا شَآءَ اللّٰہ!باصلاحیّت اور فرماں بردارہیں، ہر اچّھی بات پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔


Share

Articles

Comments


Security Code