دعوت اسلامی کی مدنی خبریں

دعوت اسلامی کی خبریں

ماہنامہ ربیع الاول1442ھ


افتتاحِ بخاری شریف کی پُروقار تقریب کا انعقاد

امیرِ اہلِ سنّت  نے  پہلی حدیث شریف کا درس دیا

15 اگست 2020 (24ذُوالْحِجۃِ الحرام 1441ھ) بروز ہفتہ جامعاتُ المدینہ کے طلبہ و طالبات کے لئے  افتتاحِ بخاری شریف کی   پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 2700 سے زائد طلبہ و طالبات کو بخاری شریف کا افتتاحی درس دیتے ہوئے امیرِ اہلِ سنّت ، بانیِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد الیاس عطّارقادری  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کا کہنا تھا کہ علم کا سیکھنا سکھانا خوش نصیبوں کاوظیفہ ہے ، یہ ایساپاکیزہ عمل ہے جس سے بڑھ کر  سعادت نہیں ، یہی انبیا   علیہم السَّلام  کی میراث ہے۔ امیرِ اہلِ سنّت نے بخاری شریف کی پہلی روایت پر نفع بخش گفتگو بھی فرمائی۔ آپ نے پہلی روایت کے تحت طلبہ و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے اپنے قلب و قالب کی صفائی اور  نیک و جائز کاموں سے قبل اچھی نیتیں کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے کتاب کی اہمیت  بیان کرنے کے ساتھ امام بخاری  علیہ الرحمہ   کی سیرت کو اجاگر کیا اور  حصولِ علم کے لئے ان کی  مثالی جدوجہد اور اَسفار  کاذکر بھی کیا۔

افریقی ملک ملاوی میں  30 غیر مسلموں کا قبولِ اسلام

نو مسلمین کی  اسلامی تربیت کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا ، عثمان مدنی

افریقی ملک ملاوی کے شہر  مولانجی  میں اسلامی تعلیمات سے متاثّر  ہوکر مبلغِ دعوتِ اسلامی کے ہاتھوں30 غیر مسلم  دائرۂ اسلام میں داخل ہوگئے۔ ملاوی   میں  دعوتِ اسلامی  کے ذمہ دارمولانا محمد عثمان عطّاری مدنی کا کہنا تھا کہ  کچھ اسلامی بھائیوں نے نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے  مولانجی    شہر کا سفر کیا ، جہاں   8 سے 9  مقامی افراد جمع ہوگئے ، انہوں نے دینِ اسلام کے بارے میں چند سوالات کئے جن کے مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے بڑے احسن انداز سے جوابات دیئے۔ اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر انہوں نے فوراً کلمہ پڑھ لیا ،  چند منٹ بعد 20  سے 21 افراد مزید بھی آئے ، وہ بھی مسلمان ہوگئے ، یوں کُل 30 افراد دامنِ اسلام سے وابستہ ہوگئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  نو مسلم(New Muslim) افراد کو دینِ اسلام کی بنیادی معلومات فراہم کرنے  کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

واربرٹن ، ضلع ننکانہ میں غیرمسلم کا قبول اسلام

نَو مسلم کا نیا نام علی رضا رکھا گیا : نصراقبال عطاری

منڈی واربرٹن  (ضلع ننکانہ پنجاب ، پاکستان) کے نواحی گاؤں چاہ میراں کا رہائشی  غیرمسلم نوجوان اکرم  دینِ اسلام کے محاسِن سے متأثر ہو کر خاتم النبیین محمد مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   پر ایمان لے آیا۔  اکرم نے مرکزی مدینہ مسجد واربرٹن میں مبلغ دعوت اسلامی رانا نصر اقبال عطاری کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا اور ان کا نیا نام علی  رضا رکھا گیا۔

یوکے میں غیر مسلموں کی عبادت گاہ مسجد میں تبدیل

پہلی نماز نگران برمنگھم ریجن سید فضیل رضا عطاری نے پڑھائی

ٹیلی فورڈ یوکے(UK)میں دعوتِ اسلامی نے  غیر مسلموں کی عبادت گاہ کو خرید کر وہاں فیضانِ رمضان مسجد تعمیر کردی ہے۔ عاشقانِ رسول نے مسجد کا افتتاح یکم(1st) محرم الحرام 1442ھ(21 August 2020) کو نمازِ جمعہ ادا کرکے کیا ، پہلی نماز نگرانِ برمنگھم ریجن سید فضیل رضا عطّاری نے پڑھائی۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعدنگرانِ  برمنگھم ریجن نے اس مسجد کی تعمیرات کرنے والے اور اس میں حصہ لینے والے مسلمانوں کے لئے دعائیں کیں۔

بڑے پیمانے پر ٹیچرز اجتماع کا انعقاد ، نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان

حضور کو دنیا میں معَلِّم بناکر بھیجا گیا ، نگرانِ شوریٰ

23اگست 2020ء بروز اِتوار شعبٔہ تعلیم(دعوتِ اسلامی) کے زیر ِ اہتمام  ملک و بیرونِ ملک کے اساتذہ کے لئے ٹیچرز اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ نگرانِ شوریٰ مولانا محمدعمران عطّاری  مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی  نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے بذریعہ مدنی چینل سُنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ نگرانِ شوریٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ حضور  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   کو دنیا میں معلم بناکر بھیجا گیاہے ، ہرٹیچر کا یہ ذہن ہونا چاہئے کہ ہمارے پاس جو بھی اسٹوڈنٹ (Student)آئے اس کو معاشرے میں ایک اچھا مسلمان اور اچھا فرد بناکر پیش کرنا ہے۔ انہوں نے پروفیسرز (Professors) ، ٹیچرز (Teachers) اور لیکچرارز کو اپنے شعبے میں دینِ متین کی خدمت کرنے کا ذہن بھی دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ اجتماع کراچی ریجن میں تقریباً 100 ، اسلام آباد ریجن میں 100 ،  ملتان ریجن میں 550 ، فیصل آباد ریجن میں 2044 اور لاہور  شمالی و جنوبی زون میں 400 مقامات سمیت ملک و بیرونِ ملک تقریباً 6 ہزار سے زائد مقامات پر دیکھا گیا جس میں پروفیسرز ، اسکول ٹیچرز اور لیکچرارز نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا عالمی مدنی مرکز کراچی کا دورہ

فلاحی خدمات پر دعوتِ اسلامی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں ، گورنر پنجاب

یکم ستمبر(st Sep 20201) کی صبح گورنر پنجاب چودھری  محمد سرور نے  بزنس کمیونٹی کے ہمراہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ کراچی کا وزٹ کیا۔ نگرانِ شوریٰ حاجی محمد عمران عطّاری نے ان کا استقبال کیا اورمدنی مرکزفیضانِ مدینہ میں قائم مختلف شعبہ جات (Departments) کا دورہ کروایا۔ نگرانِ شوریٰ نے  گورنر پنجاب  کو شدید بارشوں  کے سبب بِالخُصوص کراچی میں ہونے والی تباہی پر دعوت ِاسلامی ویلفیئر  ٹرسٹ کے تحت ہونے والے کاموں پر پریزنٹیشن (Presentation) دی جس پر ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش ، کرونا وائرس اور تھیلیسیمیا(Thalassamia ) متاثرین کے لئے دعوتِ اسلامی نے مثالی خدمات انجام دی ہیں۔ اس موقع پر ترجمانِ دعوتِ اسلامی مولانا عبدُالحبیب عطّاری ، رکنِ شوریٰ حاجی اطہر عطّاری اور مجلسِ رابطہ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے وفد نے صوبائی دارُالحکومت لاہور میں قائم گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے   ملاقات کی۔  محمد ثوبان عطّاری  نے گورنر پنجاب کو  دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی وباء COVID-19میں ہونے والی کاوشوں ، تھیلیسیمیا اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں اور بچوں کو خون کی فراہمی کے سلسلے میں ملک بھر میں چلائی جانے والی بلڈ کیمپنگ ، فلاحی سرگرمیوں (Welfare Activities) اور دیگر مدنی کاموں   کے بارے میں بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے  دعوتِ اسلامی اور امیرِ اہلِ سنت  کی کاوشوں کو سراہا اور دعوتِ  اسلامی کے وفد کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد نے  چودھری محمد سرور  کو 10 جلدوں پر مشتمل تفسیرِ قرآن صِراطُ الْجِنَان کا سیٹ بھی تحفے میں دیا۔  

بنگلہ دیش ، ماریشس اور کینیا میں درجہ دورۂ حدیث شریف کا آغاز

پاکستان میں 9 اور پاکستان سے باہر  7 مقامات پر  دورہ ٔحدیث کی کلاسز جاری ہیں

مجلس جامعۃالمدینہ بیرونِ ملک(Overseas) کی جانب سے  دِینی طلبہ ٔ کرام کی سہولت و آسانی کے لئے بنگلہ دیش ، ماریشس اور کینیا  میں پہلی مرتبہ دورہ ٔحدیث شریف کی کلاسز کاآغاز کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپال میں جاری دورۂ حدیث کی کلاس میں بنگلہ دیش کینیا اور ماریشس کے طلبہ  بذریعہ ویڈیو کانفرسنگ شامل ہوا کریں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مجلس جامعۃالمدینہ کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں کراچی ، حیدرآباد ، ملتان ، اوکاڑہ ، فیصل آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ ، گجرات اور اسلام آباد میں جبکہ پاکستان سے باہر یوکے ، ساؤتھ افریقہ ، ہند  اور نیپال میں پہلے ہی دورۂ حدیث کی کلاسز کا سلسلہ جاری ہےجہاں سے مجموعی طور پر ہزاروں طلبہ درسِ نظامی کی تکمیل کرچکے ہیں اور سینکڑوں طلبہ اس وقت بھی دورہ ٔحدیث کی کلاس میں احادیثِ نَبَوی پڑھنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

 


Share

Articles

Comments


Security Code